خروج 1:9-9

خروج 1:9-9 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

تَب یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”فَرعوہؔ کے پاس جا کر اُس سے کہو، ’یَاہوِہ عِبرانیوں کے خُدا یُوں فرماتے ہیں‏: ”میرے لوگوں کو جانے دے تاکہ وہ میری عبادت کریں۔“ لیکن اگر تُم اِنکار کرو اَور اُنہیں جانے نہ دوگے، تو یَاہوِہ کا ہاتھ تمہارے چَوپایوں پرجو کھیتوں میں ہیں یعنی گھوڑوں، گدھوں، اُونٹوں اَور گائے بَیلوں اَور بھیڑ بکریوں پر بڑی خوفناک وَبا لایٔے گا۔ لیکن یَاہوِہ بنی اِسرائیل کے چَوپایوں اَور مِصریوں کے چَوپایوں میں اِمتیاز کریں گے تاکہ اِسرائیلیوں کا ایک چَوپایہ بھی ہلاک نہ ہو۔‘ “ اَور یَاہوِہ نے ایک وقت مُقرّر کر دیا اَور بتا دیا، ”کل یَاہوِہ اِس مُلک میں یہی کریں گے۔“ اَور اگلے دِن یَاہوِہ نے اَیسا ہی کیا اَور مِصریوں کے تمام چَوپائے مَر گیٔے لیکن اِسرائیلیوں کا ایک چَوپایہ بھی نہ مَرا۔ چنانچہ فَرعوہؔ نے تحقیقات کرنے کے لیٔے اِنسان بھیجے اَور اُسے مَعلُوم ہُوا کہ اِسرائیلیوں کے چَوپایوں میں سے ایک بھی نہیں مَرا تھا۔ پھر بھی فَرعوہؔ کا دِل پگھلنے والا نہ تھا اَور اُس نے لوگوں کو جانے نہ دیا۔ تَب یَاہوِہ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ سے کہا، ”کسی بھٹّی سے راکھ لے کر اَپنی مُٹھّیوں میں بھر لو اَور مَوشہ اُسے فَرعوہؔ کے سامنے ہَوا میں اُڑا دے۔ اَور یہ تمام مُلک مِصر میں مہین گَرد بَن کر سارے مُلک میں اِنسانوں اَور جانوروں کے جِسم پر پھوڑے اَور پھپھولے پیدا کر دے گی۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں خروج 9

خروج 1:9-9 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

پھر رب نے موسیٰ سے کہا، ”فرعون کے پاس جا کر اُسے بتا کہ رب عبرانیوں کا خدا فرماتا ہے، ’میری قوم کو جانے دے تاکہ وہ میری عبادت کر سکیں۔‘ اگر آپ انکار کریں اور اُنہیں روکتے رہیں تو رب اپنی قدرت کا اظہار کر کے آپ کے مویشیوں میں بھیانک وبا پھیلا دے گا جو آپ کے گھوڑوں، گدھوں، اونٹوں، گائےبَیلوں، بھیڑبکریوں اور مینڈھوں میں پھیل جائے گی۔ لیکن رب اسرائیل اور مصر کے مویشیوں میں امتیاز کرے گا۔ اسرائیلیوں کا ایک بھی جانور نہیں مرے گا۔ رب نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ کل ہی ایسا کرے گا۔“ اگلے دن رب نے ایسا ہی کیا۔ مصر کے تمام مویشی مر گئے، لیکن اسرائیلیوں کا ایک بھی جانور نہ مرا۔ فرعون نے کچھ لوگوں کو اُن کے پاس بھیج دیا تو پتا چلا کہ ایک بھی جانور نہیں مرا۔ تاہم فرعون اَڑا رہا۔ اُس نے اسرائیلیوں کو جانے نہ دیا۔ پھر رب نے موسیٰ اور ہارون سے کہا، ”اپنی مٹھیاں کسی بھٹی کی راکھ سے بھر کر فرعون کے پاس جاؤ۔ پھر موسیٰ فرعون کے سامنے یہ راکھ ہَوا میں اُڑا دے۔ یہ راکھ باریک دُھول کا بادل بن جائے گی جو پورے ملک پر چھا جائے گا۔ اُس کے اثر سے لوگوں اور جانوروں کے جسموں پر پھوڑے پھنسیاں پھوٹ نکلیں گے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں خروج 9

خروج 1:9-9 کِتابِ مُقادّس (URD)

تب خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا فرِعونؔ کے پاس جا کر اُس سے کہہ کہ خُداوند عِبرانیوں کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ میرے لوگوں کو جانے دے تاکہ وہ میری عِبادت کریں۔ کیونکہ اگر تُو اِنکار کرے اور اُن کو جانے نہ دے اور اب بھی اُن کو روکے رکھّے۔ تو دیکھ خُداوند کا ہاتھ تیرے چَوپایوں پر جو کھیتوں میں ہیں یعنی گھوڑوں گدھوں اُونٹوں گائے بَیلوں اور بھیڑ بکرِیوں پر اَیسا پڑے گا کہ اُن میں بڑی بھاری مَری پَھیل جائے گی۔ اور خُداوند اِسرائیلؔ کے چَوپایوں کو مِصریوں کے چَوپایوں سے جُدا کرے گا اور جو بنی اِسرائیل کے ہیں اُن میں سے ایک بھی نہیں مَرے گا۔ اور خُداوند نے ایک وقت مُقرّر کر دِیا اور بتا دِیا کہ کل خُداوند اِس مُلک میں یِہی کام کرے گا۔ اور خُداوند نے دُوسرے دِن اَیسا ہی کِیا اور مِصریوں کے سب چَوپائے مَر گئے لیکن بنی اِسرائیل کے چَوپایوں میں سے ایک بھی نہ مَرا۔ چُنانچہ فرِعونؔ نے آدمی بھیجے تو معلُوم ہُؤا کہ اِسرائیلیوں کے چَوپایوں میں سے ایک بھی نہیں مَرا ہے لیکن فرِعونؔ کا دِل مُتعصّب تھا اور اُس نے لوگوں کو جانے نہ دِیا۔ اور خُداوند نے مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ سے کہا کہ تُم دونوں بھٹّی کی راکھ اپنی مُٹّھیوں میں لے لو اور مُوسیٰؔ اُسے فرِعونؔ کے سامنے آسمان کی طرف اُڑا دے۔ اور وہ سارے مُلکِ مِصرؔ میں بارِیک گرد ہو کر مِصرؔ کے آدمِیوں اور جانوروں کے جِسم پر پھوڑے اور پھپھولے بن جائے گی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں خروج 9