خروج 3:19-8
خروج 3:19-8 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَور مَوشہ اُس پہاڑ پر چڑھے، اَور خُدا کی حُضُوری مَیں حاضِر ہویٔے، اَور یَاہوِہ نے اُسے پہاڑ پر سے پُکار کر کہا، ”تُمہیں یعقوب کی نَسل کو اَور بنی اِسرائیل کے لوگوں کو یہ بتانا: ’تُم نے خُود دیکھ لیا کہ مَیں نے مِصر والوں کے ساتھ کیا کچھ کیا اَور کِس طرح میں تُمہیں گویا عُقاب کے پروں پر بِٹھا کر اَپنے پاس لے آیا۔ اَب اگر تُم پُوری طرح میری فرمانبرداری کرو اَور میرے عہد پر چلو تو تمام قوموں میں سے تُم ہی میری خاص مِلکیّت ٹھہروگے حالانکہ ساری زمین میری ہے۔ تُم میرے لیٔے کاہِنوں کی ایک مملکت اَور ایک مُقدّس قوم ہوگے۔‘ یہ ساری باتیں تُم بنی اِسرائیل سے کہہ دینا!“ پس مَوشہ نے واپس جا کر اَپنی قوم کے بُزرگوں کو بُلوایا اَور وہ باتیں جو یَاہوِہ نے اُن کو فرمائیں بَیان کیں۔ اَور سارے لوگوں نے مِل کر جَواب دیا، ”جو کچھ یَاہوِہ نے فرمایاہے ہم اُس پر عَمل کریں گے!“ اَور مَوشہ اُن کا یہ جَواب یَاہوِہ کے پاس لے گئے۔
خروج 3:19-8 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
تب موسیٰ پہاڑ پر چڑھ کر اللہ کے پاس گیا۔ اللہ نے پہاڑ پر سے موسیٰ کو پکار کر کہا، ”یعقوب کے گھرانے بنی اسرائیل کو بتا، ’تم نے دیکھا ہے کہ مَیں نے مصریوں کے ساتھ کیا کچھ کیا، اور کہ مَیں تم کو عقاب کے پَروں پر اُٹھا کر یہاں اپنے پاس لایا ہوں۔ چنانچہ اگر تم میری سنو اور میرے عہد کے مطابق چلو تو پھر تمام قوموں میں سے میری خاص ملکیت ہو گے۔ گو پوری دنیا میری ہی ہے، لیکن تم میرے لئے مخصوص اماموں کی بادشاہی اور مُقدّس قوم ہو گے۔‘ اب جا کر یہ ساری باتیں اسرائیلیوں کو بتا۔“ موسیٰ نے پہاڑ سے اُتر کر اور قوم کے بزرگوں کو بُلا کر اُنہیں وہ تمام باتیں بتائیں جو کہنے کے لئے رب نے اُسے حکم دیا تھا۔ جواب میں پوری قوم نے مل کر کہا، ”ہم رب کی ہر بات پوری کریں گے جو اُس نے فرمائی ہے۔“ موسیٰ نے پہاڑ پر لوٹ کر رب کو قوم کا جواب بتایا۔
خروج 3:19-8 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور مُوسیٰؔ اُس پر چڑھ کر خُدا کے پاس گیا اور خُداوند نے اُسے پہاڑ پر سے پُکار کر کہا کہ تُو یعقُوبؔ کے خاندان سے یُوں کہہ اور بنی اِسرائیل کو یہ سُنا دے۔ کہ تُم نے دیکھا کہ مَیں نے مِصریوں سے کیا کیا کِیا اور تُم کو گویا عُقاب کے پروں پر بَیٹھا کر اپنے پاس لے آیا۔ سو اب اگر تُم میری بات مانو اور میرے عہد پر چلو تو سب قَوموں میں سے تُم ہی میری خاص مِلکیت ٹھہرو گے کیونکہ ساری زمِین میری ہے۔ اور تُم میرے لِئے کاہِنوں کی ایک مُملکت اور ایک مُقدّس قَوم ہو گے۔ اِن ہی باتوں کو تُو بنی اِسرائیل کو سُنا دینا۔ تب مُوسیٰ ؔنے آ کر اور اُن لوگوں کے بزُرگوں کو بُلا کر اُن کے رُوبرُو وہ سب باتیں جو خُداوند نے اُسے فرمائی تِھیں بیان کِیں۔ اور سب لوگوں نے مِل کر جواب دِیا کہ جو کُچھ خُداوند نے فرمایا ہے وہ سب ہم کریں گے اور مُوسیٰؔ نے لوگوں کا جواب خُداوند کو جا کر سُنایا۔