خروج 1:13-16
خروج 1:13-16 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَور یَاہوِہ نے مَوشہ کو فرمایا: ”ہر ایک نر پہلوٹھے کو یعنی اِسرائیل کے ہر پہلے بچّہ کو خواہ وہ اِنسان کا ہو، خواہ حَیوان کا، میرے لیٔے مخصُوص کرنا کیونکہ وہ میرا ہے۔“ تَب مَوشہ نے لوگوں سے کہا، ”تُم اِس دِن کو جِس میں تُم غُلامی کی سرزمین مِصر سے نکل کر آئے بطور یادگار منایا کرنا کیونکہ یَاہوِہ تُمہیں اَپنے قوی ہاتھ سے وہاں سے نکال لائے۔ اُس دِن خمیر والی کویٔی چیز نہ کھانا۔ آج ابیبؔ کے مہینے میں تُم مِصر سے نکل کر جا رہے ہو۔ اَور جَب یَاہوِہ تُمہیں کنعانیوں، حِتّیوں، امُوریوں، حِوّیوں اَور یبُوسیوں کے مُلک میں پہُنچا دیں جسے تُمہیں دینے کی قَسم اُنہُوں نے تمہارے آباؤاَجداد سے کھائی تھی، اَور جِس میں دُودھ اَور شہد بہتا ہے تو تُم اِس مہینے میں یہ رسم اَدا کیا کرنا۔ سات دِن تک تُم بے خمیری روٹی کھانا اَور ساتویں دِن یَاہوِہ کے لیٔے عید منانا۔ اِن سات دِنوں میں بے خمیری روٹی کھانا اَور کویٔی خمیری چیز نہ تمہارے درمیان دِکھائی دے اَور نہ ہی تمہاری حُدوُد کے اَندر کہیں دِکھائی دے۔ اَور اُس روز تُم اَپنے بیٹے کو بتانا، ’جَب مَیں مِصر سے نکل آیا تو جو کچھ یَاہوِہ نے میرے لیٔے کیا اُس کی وجہ سے میں یہ دِن مناتا ہُوں۔‘ یہ عید منانا تمہارے لیٔے اَور تمہارے ہاتھ پر نِشان اَور پیشانی پر یاد دہانی کی علامت کی مانند ہوگا۔ تاکہ یَاہوِہ کے آئین تمہارے ہونٹوں پر رہے۔ کیونکہ یَاہوِہ نے اَپنے قوی ہاتھ سے تُمہیں مِصر سے نکالا۔ تُم اِس رسم کو مُقرّرہ وقت پر سال بسال منایا کرنا۔ ”اَور جَب یَاہوِہ تُمہیں کنعانیوں کے مُلک میں لے آئیں گے اَور اُسے تمہارے قبضہ میں دے دیں گے، جَیسا کہ اُنہُوں نے قَسم کھا کر تُم سے اَور تمہارے آباؤاَجداد سے وعدہ کیا، تو تُم ہر پہلوٹھے بچّہ کو یَاہوِہ کے لیٔے مخصُوص کرنا اَور تمہارے چَوپایوں کے سَب نر پہلوٹھے بچّے یَاہوِہ کے ہیں۔ اَور گدھے کے ہر پہلے بچّے کے فدیہ میں ایک برّہ دینا اَور اگر تُم اُس کا فدیہ نہ دو تو اُس کی گردن توڑ ڈالنا اَور تمہارے بیٹوں میں جتنے پہلوٹھے ہوں اُن سَب کا فدیہ دینا۔ ”اَور آئندہ زمانہ میں جَب تمہارا بیٹا تُم سے پُوچھے، ’اِس کا مطلب کیا ہے؟‘ تو ’تُم اُسے بتانا کہ یَاہوِہ ہمیں غُلامی کے مُلک مِصر سے اَپنے قوی ہاتھ سے نکال کر لائے۔ اَور جَب فَرعوہؔ نے ہٹ دھرمی سے ہمیں جانے کی اِجازت دینے سے اِنکار کیا، تو یَاہوِہ نے مِصر میں اِنسان اَور حَیوان دونوں کے ہر ایک پہلوٹھے کو مار دیا۔ یہی وجہ ہے کہ میں ماں کے رِحم کو کھولنے والے ہر نر پہلوٹھے کو یَاہوِہ کے حُضُور قُربان کرتا ہُوں اَور اَپنے سَب فرزندوں کے پہلوٹھے بیٹوں کا فدیہ دیتا ہُوں۔‘ اَور یہ تمہارے ہاتھ پر ایک نِشان کی طرح اَور تمہاری پیشانی پر ایک علامت کی مانند ہوگا کہ یَاہوِہ اَپنے قوی ہاتھ سے ہمیں مِصر سے نکال لائے۔“
خروج 1:13-16 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
رب نے موسیٰ سے کہا، ”اسرائیلیوں کے ہر پہلوٹھے کو میرے لئے مخصوص و مُقدّس کرنا ہے۔ ہر پہلا نر بچہ میرا ہی ہے، خواہ انسان کا ہو یا حیوان کا۔“ پھر موسیٰ نے لوگوں سے کہا، ”اِس دن کو یاد رکھو جب تم رب کی عظیم قدرت کے باعث مصر کی غلامی سے نکلے۔ اِس دن کوئی چیز نہ کھانا جس میں خمیر ہو۔ آج ہی ابیب کے مہینے میں تم مصر سے روانہ ہو رہے ہو۔ رب نے تمہارے باپ دادا سے قَسم کھا کر وعدہ کیا ہے کہ وہ تم کو کنعانی، حِتّی، اموری، حِوّی اور یبوسی قوموں کا ملک دے گا، ایک ایسا ملک جس میں دودھ اور شہد کی کثرت ہے۔ جب رب تمہیں اُس ملک میں پہنچا دے گا تو لازم ہے کہ تم اِسی مہینے میں یہ رسم مناؤ۔ سات دن بےخمیری روٹی کھاؤ۔ ساتویں دن رب کی تعظیم میں عید مناؤ۔ سات دن خمیری روٹی نہ کھانا۔ کہیں بھی خمیر نہ پایا جائے۔ پورے ملک میں خمیر کا نام و نشان تک نہ ہو۔ اُس دن اپنے بیٹے سے یہ کہو، ’مَیں یہ عید اُس کام کی خوشی میں مناتا ہوں جو رب نے میرے لئے کیا جب مَیں مصر سے نکلا۔‘ یہ عید تمہارے ہاتھ یا پیشانی پر نشان کی مانند ہو جو تمہیں یاد دلائے کہ رب کی شریعت کو تمہارے ہونٹوں پر رہنا ہے۔ کیونکہ رب تمہیں اپنی عظیم قدرت سے مصر سے نکال لایا۔ اِس دن کی یاد ہر سال ٹھیک وقت پر منانا۔ رب تمہیں کنعانیوں کے اُس ملک میں لے جائے گا جس کا وعدہ اُس نے قَسم کھا کر تم اور تمہارے باپ دادا سے کیا ہے۔ لازم ہے کہ وہاں پہنچ کر تم اپنے تمام پہلوٹھوں کو رب کے لئے مخصوص کرو۔ تمہارے مویشیوں کے تمام پہلوٹھے بھی رب کی ملکیت ہیں۔ اگر تم اپنا پہلوٹھا گدھا خود رکھنا چاہو تو رب کو اُس کے بدلے بھیڑ یا بکری کا بچہ پیش کرو۔ لیکن اگر تم اُسے رکھنا نہیں چاہتے تو اُس کی گردن توڑ ڈالو۔ لیکن انسان کے پہلوٹھوں کے لئے ہر صورت میں عوضی دینا ہے۔ آنے والے دنوں میں جب تمہارا بیٹا پوچھے کہ اِس کا کیا مطلب ہے تو اُسے جواب دینا، ’رب اپنی عظیم قدرت سے ہمیں مصر کی غلامی سے نکال لایا۔ جب فرعون نے اکڑ کر ہمیں جانے نہ دیا تو رب نے مصر کے تمام انسانوں اور حیوانوں کے پہلوٹھوں کو مار ڈالا۔ اِس وجہ سے مَیں اپنے جانوروں کا ہر پہلا بچہ رب کو قربان کرتا اور اپنے ہر پہلوٹھے کے لئے عوضی دیتا ہوں۔‘ یہ دستور تمہارے ہاتھ اور پیشانی پر نشان کی مانند ہو جو تمہیں یاد دلائے کہ رب ہمیں اپنی قدرت سے مصر سے نکال لایا۔“
خروج 1:13-16 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور خُداوند نے مُوسیٰؔ کو فرمایا کہ سب پہلَوٹھوں کو یعنی جو بنی اِسرائیل میں خواہ اِنسان ہو خواہ حَیوان پہلَوٹھی کے بچّے ہوں اُن کو میرے لِئے مُقدّس ٹھہرا کیونکہ وہ میرے ہیں۔ اور مُوسیٰؔ نے لوگوں سے کہا کہ تُم اِس دِن کو یاد رکھنا جِس میں تُم مِصرؔ سے جو غُلامی کا گھر ہے نِکلے کیونکہ خُداوند اپنے زورِ بازُو سے تُم کو وہاں سے نِکال لایا۔ اِس میں خمِیری روٹی کھائی نہ جائے۔ تُم ابیبؔ کے مہِینے میں آج کے دِن نِکلے ہو۔ سو جب خُداوند تُجھ کو کنعانیوں اور حِتیّوں اور امورِیوں اور حویوں اور یبوسیوں کے مُلک میں پُہنچا دے جِسے تُجھ کو دینے کی قَسم اُس نے تیرے باپ دادا سے کھائی تھی اور جِس میں دُودھ اور شہد بہتا ہے تو تُو اِسی مہِینے میں یہ عِبادت کِیا کرنا۔ سات دِن تک تو تُو بے خمِیری روٹی کھانا اور ساتویں دِن خُداوند کی عِید منانا۔ بے خمِیری روٹی ساتوں دِن کھائی جائے اور خمِیری روٹی تیرے پاس دِکھائی بھی نہ دے اور نہ تیرے مُلک کی حدُود میں کہِیں کُچھ خمِیر نظر آئے۔ اور تُو اُس روز اپنے بیٹے کو یہ بتانا کہ اِس دِن کو مَیں اُس کام کے سبب سے مانتا ہُوں جو خُداوند نے میرے لِئے اُس وقت کِیا جب مَیں مُلکِ مِصرؔ سے نِکلا۔ اور یِہی تیرے پاس گویا تیرے ہاتھ میں ایک نِشان اور تیری دونوں آنکھوں کے سامنے ایک یادگار ٹھہرے تاکہ خُداوند کی شرِیعت تیری زُبان پر ہو کیونکہ خُداوند نے تُجھ کو اپنے زورِ بازُو سے مُلکِ مِصرؔ سے نِکالا۔ پس تُو اِس رسم کو اِسی وقتِ مُعیّن میں سال بسال مانا کرنا۔ اور جب خُداوند اُس قَسم کے مُطابِق جو اُس نے تُجھ سے اور تیرے باپ دادا سے کھائی تُجھ کو کنعانیوں کے مُلک میں پُہنچا کر وہ مُلک تُجھ کو دے دے۔ تو تُو پہلَوٹھی کے بچّوں کو اور جانوروں کے پہلَوٹھوں کو خُداوند کے لِئے الگ کر دینا۔ سب نر بچّے خُداوند کے ہوں گے۔ اور گدھے کے پہلے بچّے کے فِدیہ میں برّہ دینا اور اگر تُو اُس کا فِدیہ نہ دے تو اُس کی گردن توڑ ڈالنا اور تیرے بیٹوں میں جِتنے پہلَوٹھے ہوں اُن سب کا فِدیہ تُجھ کو دینا ہو گا۔ اور جب آیندہ زمانہ میں تیرا بیٹا تُجھ سے سوال کرے کہ یہ کیا ہے؟ تو تُو اُسے یہ جواب دینا کہ خُداوند ہم کو مِصرؔ سے جو غُلامی کا گھر ہے بزورِ بازُو نِکال لایا۔ اور جب فرِعونؔ نے ہم کو جانے دینا نہ چاہا تو خُداوند نے مُلکِ مِصرؔ میں اِنسان اور حَیوان دونوں کے پہلَوٹھے مار دِئے اِس لِئے مَیں جانوروں کے سب نر بچّوں کو جو اپنی اپنی ماں کے رَحِم کو کھولتے ہیں خُداوند کے آگے قُربانی کرتا ہُوں لیکن اپنے بیٹوں کے سب پہلَوٹھوں کا فِدیہ دیتا ہُوں۔ اور یہ تیرے ہاتھ پر ایک نِشان اور تیری پیشانی پر ٹیکوں کی مانِند ہوں کیونکہ خُداوند اپنے زورِ بازُو سے ہم کو مِصرؔ سے نِکال لایا۔