واعظ 13:7-18 - Compare All Versions
واعظ 13:7-18 URDGVU (ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن)
اللہ کے کام کا ملاحظہ کر۔ جو کچھ اُس نے پیچ دار بنایا کون اُسے سلجھا سکتا ہے؟ خوشی کے دن خوش ہو، لیکن مصیبت کے دن خیال رکھ کہ اللہ نے یہ دن بھی بنایا اور وہ بھی اِس لئے کہ انسان اپنے مستقبل کے بارے میں کچھ معلوم نہ کر سکے۔ اپنی عبث زندگی کے دوران مَیں نے دو باتیں دیکھی ہیں۔ ایک طرف راست باز اپنی راست بازی کے باوجود تباہ ہو جاتا جبکہ دوسری طرف بےدین اپنی بےدینی کے باوجود عمر رسیدہ ہو جاتا ہے۔ نہ حد سے زیادہ راست بازی دکھا، نہ حد سے زیادہ دانش مندی۔ اپنے آپ کو تباہ کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ نہ حد سے زیادہ بےدینی، نہ حد سے زیادہ حماقت دکھا۔ مقررہ وقت سے پہلے مرنے کی کیا ضرورت ہے؟ اچھا ہے کہ تُو یہ بات تھامے رکھے اور دوسری بھی نہ چھوڑے۔ جو اللہ کا خوف مانے وہ دونوں خطروں سے بچ نکلے گا۔
واعظ 13:7-18 URD (کِتابِ مُقادّس)
خُدا کے کام پر غَور کر کیونکہ کَون اُس چِیز کو سِیدھا کر سکتا ہے جِسے اُس نے ٹیڑھا کِیا ہے؟ اِقبال مندی کے دِن خُوشی میں مشغُول ہو پر مُصِیبت کے دِن میں سوچ بلکہ خُدا نے اِس کو اُس کے مُقابِل بنار کھّا ہے تاکہ اِنسان اپنے بعد کی کِسی بات کو دریافت نہ کر سکے۔ مَیں نے اپنی بطالت کے دِنوں میں یہ سب کُچھ دیکھا کوئی راست باز اپنی راست بازی میں مَرتا ہے اور کوئی بدکردار اپنی بدکرداری میں عُمر درازی پاتا ہے۔ حد سے زِیادہ نیکوکار نہ ہو اور حِکمت میں اِعتدال سے باہر نہ جا اِس کی کیا ضرُورت ہے کہ تُو اپنے آپ کو برباد کرے؟ حد سے زِیادہ بدکردار نہ ہو اور احمق نہ بن۔ تُو اپنے وقت سے پہلے کاہیکو مَرے گا؟ اچھّا ہے کہ تُو اِس کو بھی پکڑے رہے اور اُس پر سے بھی ہاتھ نہ اُٹھائے کیونکہ جو خُدا ترس ہے اِن سب سے بچ نِکلے گا۔
واعظ 13:7-18 UCV (اُردو ہم عصر ترجُمہ)
جو کچھ خُدا نے کیا ہے اُس پر غور کرو: جسے اُنہُوں نے ٹیڑھا بنایا ہے اُسے کون سیدھا کر سَکتا ہے؟ جَب وقت اَچھّا ہو، خُوش رہو؛ لیکن جَب بُرا وقت آ جائے تو غور کرو: جَیسے خُدا نے ایک کو بنایا ہے وَیسے ہی دُوسرے کو بھی۔ لہٰذا آدمی اَپنے مُستقبِل کے متعلّق کچھ بھی مَعلُوم نہیں کر سَکتا۔ مَیں نے اَپنی اِس باطِل زندگی میں اِن دونوں کو دیکھاہے: کویٔی راستباز آدمی تو اَپنی راستبازی میں مَر رہاہے، اَور کویٔی بدکار آدمی اَپنی بداعمالی کے باوُجُود طویل عرصہ تک زندگی کے مزے لُوٹ رہاہے۔ حَد سے زِیادہ راستباز نہ بنو، اَور نہ ہی حَد سے زِیادہ دانشمند۔ اَپنے آپ کو برباد کرنے کی ضروُرت کیا ہے؟ حَد سے زِیادہ بدکردار نہ ہو، اَور نہ ہی احمق بنو۔ کیا تُم وقت سے پہلے مَرنا چاہتے ہو؟ اَچھّا ہوتا کہ تُم ایک کو پکڑے رہو اَور دُوسرے کو بھی ہاتھ سے جانے نہ دو۔ وہ آدمی جو خُدا سے ڈرتا ہے کبھی حَد سے تجاوُز نہیں کرتا۔