اِستِثنا 1:8-9

اِستِثنا 1:8-9 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

وہ سبھی اَحکام، جو آج مَیں تُمہیں دے رہا ہُوں، تُم اُن پر نہایت احتیاط کے ساتھ عَمل کرنا تاکہ تُم زندہ رہ سکو اَور شُمار میں بڑھتے جاؤ، اَور جا کر اُس مُلک پر قبضہ کر لو، جسے دینے کا وعدہ یَاہوِہ نے تمہارے آباؤاَجداد سے قَسم کھا کر کیا تھا۔ اَور یاد رکھو کہ اُن چالیس سالوں مَیں یَاہوِہ تمہارے خُدا نے بیابان کی راہوں میں کِس طرح تمہاری رہنمائی کی تاکہ وہ تُمہیں حلیم بنا سکے، وہ تُمہیں آزماتے رہے تاکہ تمہارے دِل کی بات دریافت کر سکیں کہ تُم اُن کے اَحکام پر عَمل کروگے یا نہیں۔ یَاہوِہ نے تُمہیں حلیم کیا اَور بھُوکا بھی رہنے دیا اَور پھر تُمہیں منّا کھِلایا جِس سے نہ تُم اَور نہ تمہارے آباؤاَجداد واقف تھے تاکہ تُمہیں یہ سِکھائے کہ اِنسان صِرف روٹی ہی سے نہیں لیکن یَاہوِہ کے مُنہ سے نکلنے والے ہر کلام سے زندہ رہتاہے۔ اُن چالیس سالوں میں نہ تو تمہارے جِسم کے کپڑے پھٹے اَور نہ تمہارے پاؤں میں کبھی سُوجن آئی۔ لہٰذا اَپنے دِل میں یہ حقیقت اَچھّی طرح سے بیٹھا لو کہ جِس طرح ایک باپ اَپنے بیٹے کو تنبیہ کرتا ہے اُسی طرح یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں تنبیہ کرتے ہیں۔ اِس لیٔے تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے اَحکام پر عَمل کرتے ہویٔے اُن کی راہوں پر چلتے ہویٔے اُن کا خوف ماننا۔ کیونکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں ایک بہترین مُلک میں لے جا رہے ہیں جو قُدرتی نالوں اَور پانی کے دریاؤں اَور گہرے چشموں کا مُلک ہے جو وادیوں اَور پہاڑوں میں سے پھوٹ کر نکلتے ہیں۔ اِس مُلک میں گندُم، جَو، انگور، اَنجیر، انار، زَیتُون کا تیل اَور شہد بھی ہیں؛ ایک اَیسا مُلک جہاں روٹی کی قِلّت نہ ہوگی اَور تُم کسی چیز کے مُحتاج نہ ہوگے۔ وہ ایک اَیسا مُلک ہے جِس کی چٹّانوں میں لوح کے ذخیرے ہیں اَور وہاں کے پہاڑوں میں سے تُم تانبا کھود کر نکال سکوگے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِستِثنا 8

اِستِثنا 1:8-9 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

احتیاط سے اُن تمام احکام پر عمل کرو جو مَیں آج تجھے دے رہا ہوں۔ کیونکہ ایسا کرنے سے تم جیتے رہو گے، تعداد میں بڑھو گے اور جا کر اُس ملک پر قبضہ کرو گے جس کا وعدہ رب نے تمہارے باپ دادا سے قَسم کھا کر کیا تھا۔ وہ پورا وقت یاد رکھ جب رب تیرا خدا ریگستان میں 40 سال تک تیری راہنمائی کرتا رہا تاکہ تجھے عاجز کر کے آزمائے اور معلوم کرے کہ کیا تُو اُس کے احکام پر چلے گا کہ نہیں۔ اُس نے تجھے عاجز کر کے بھوکے ہونے دیا، پھر تجھے مَن کھلایا جس سے نہ تُو اور نہ تیرے باپ دادا واقف تھے۔ کیونکہ وہ تجھے سکھانا چاہتا تھا کہ انسان کی زندگی صرف روٹی پر منحصر نہیں ہوتی بلکہ ہر اُس بات پر جو رب کے منہ سے نکلتی ہے۔ اِن 40 سالوں کے دوران تیرے کپڑے نہ گھسے نہ پھٹے، نہ تیرے پاؤں سوجے۔ چنانچہ دل میں جان لے کہ جس طرح باپ اپنے بیٹے کی تربیت کرتا ہے اُسی طرح رب ہمارا خدا ہماری تربیت کرتا ہے۔ رب اپنے خدا کے احکام پر عمل کر کے اُس کی راہوں پر چل اور اُس کا خوف مان۔ کیونکہ وہ تجھے ایک بہترین ملک میں لے جا رہا ہے جس میں نہریں اور ایسے چشمے ہیں جو پہاڑیوں اور وادیوں کی زمین سے پھوٹ نکلتے ہیں۔ اُس کی پیداوار اناج، جَو، انگور، انجیر، انار، زیتون اور شہد ہے۔ اُس میں روٹی کی کمی نہیں ہو گی، اور تُو کسی چیز سے محروم نہیں رہے گا۔ اُس کے پتھروں میں لوہا پایا جاتا ہے، اور کھدائی سے تُو اُس کی پہاڑیوں سے تانبا حاصل کر سکے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِستِثنا 8

اِستِثنا 1:8-9 کِتابِ مُقادّس (URD)

سب حُکموں پر جو آج کے دِن مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں تُم اِحتیاط کر کے عمل کرنا تاکہ تُم جِیتے اور بڑھتے رہو اور جِس مُلک کی بابت خُداوند نے تُمہارے باپ دادا سے قَسم کھائی ہے تُم اُس میں جا کر اُس پر قبضہ کرو۔ اور تُو اُس سارے طرِیق کو یاد رکھنا جِس پر اِن چالِیس برسوں میں خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو اِس بیابان میں چلایا تاکہ وہ تُجھ کو عاجِز کر کے آزمائے اور تیرے دِل کی بات دریافت کرے کہ تُو اُس کے حُکموں کو مانے گا یا نہیں۔ اور اُس نے تُجھ کو عاجِز کِیا بھی اور تُجھ کو بُھوکا ہونے دِیا اور وہ مَنّ جِسے نہ تُو نہ تیرے باپ دادا جانتے تھے تُجھ کو کِھلایا تاکہ تُجھ کو سِکھائے کہ اِنسان صِرف روٹی ہی سے جِیتا نہیں رہتا بلکہ ہر بات سے جو خُداوند کے مُنہ سے نِکلتی ہے وہ جِیتا رہتا ہے۔ اِن چالِیس برسوں میں نہ تو تیرے تن پر تیرے کپڑے پُرانے ہُوئے اور نہ تیرے پاؤں سُوجے۔ اور تُو اپنے دِل میں خیال رکھنا کہ جِس طرح آدمی اپنے بیٹے کو تنبِیہ کرتا ہے وَیسے ہی خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو تنبِیہ کرتا ہے۔ سو تُو خُداوند اپنے خُدا کی راہوں پر چلنے اور اُس کا خَوف ماننے کے لِئے اُس کے حُکموں پر عمل کرنا۔ کیونکہ خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو ایک اچھّے مُلک میں لِئے جاتا ہے۔ وہ پانی کی ندیوں اور اَیسے چشموں اور سوتوں کا مُلک ہے جو وادِیوں اور پہاڑوں سے پُھوٹ کر نِکلتے ہیں۔ وہ اَیسا مُلک ہے جہاں گیہُوں اور جَو اور انگُور اور انجِیر کے درخت اور انار ہوتے ہیں۔ وہ اَیسا مُلک ہے جہاں رَوغن دار زَیتُون اور شہد بھی ہے۔ اُس مُلک میں تُجھ کو روٹی بافِراط مِلے گی اور تُجھ کو کِسی چِیز کی کمی نہ ہو گی کیونکہ اُس مُلک کے پتّھر بھی لوہا ہیں اور وہاں کے پہاڑوں سے تُو تانبا کھود کر نِکال سکے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِستِثنا 8