اِستِثنا 1:7-5
اِستِثنا 1:7-5 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
جَب یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں اُس مُلک میں لے آئے جسے حاصل کرنے کے لیٔے تُم اُس میں داخل ہو رہے ہو، اَور تمہارے سامنے سے امُوری، کنعانی، حِتّی، پَرزّی، حِوّی یبُوسی اَور گِرگاشی اِن سات قوموں کو جو تُم سے، گِنتی میں زِیادہ اَور زورآور ہیں، وہاں سے نکال دیں گے۔ اَور جَب یَاہوِہ تمہارے خُدا اُنہیں تمہارے حوالہ کر دیں اَور تُم اُنہیں شِکست دو تو اُنہیں بالکُل نابود کردینا۔ اُن کے ساتھ کویٔی عہد نہ باندھنا اَور نہ اُن پر رحم کرنا۔ اَور نہ اُن کے ساتھ شادی کرنا، نہ اَپنی بیٹیاں اُن کے بیٹوں کو دینا اَور نہ ہی اُن کی بیٹیاں اَپنے بیٹوں کے لیٔے لینا۔ کیونکہ وہ تمہارے بیٹوں کو میری پیروی کرنے سے برگشتہ کر دیں گی تاکہ وہ غَیر معبُودوں کی عبادت کریں۔ یُوں تُم پر یَاہوِہ کا قہر نازل ہوگا اَور وہ تُمہیں جلد ہی مٹا ڈالیں گے۔ بَلکہ تُم اُن کے ساتھ اَیسا سلُوک کرنا کہ اُن کے مذبحوں کو ڈھا دینا، اُن کے مُقدّس سُتونوں کو چُورچُور کر ڈالنا، اُن کے اشیراہؔ کے سُتونوں کو کاٹ ڈالنا اَور اُن کے بُتوں کو آگ میں جَلا دینا۔
اِستِثنا 1:7-5 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
رب تیرا خدا تجھے اُس ملک میں لے جائے گا جس پر تُو جا کر قبضہ کرے گا۔ وہ تیرے سامنے سے بہت سی قومیں بھگا دے گا۔ گو یہ سات قومیں یعنی حِتّی، جرجاسی، اموری، کنعانی، فرِزّی، حِوّی اور یبوسی تعداد اور طاقت کے لحاظ سے تجھ سے بڑی ہوں گی توبھی رب تیرا خدا اُنہیں تیرے حوالے کرے گا۔ جب تُو اُنہیں شکست دے گا تو اُن سب کو اُس کے لئے مخصوص کر کے ہلاک کر دینا ہے۔ نہ اُن کے ساتھ عہد باندھنا اور نہ اُن پر رحم کرنا۔ اُن میں سے کسی سے شادی نہ کرنا۔ نہ اپنی بیٹیوں کا رشتہ اُن کے بیٹوں کو دینا، نہ اپنے بیٹوں کا رشتہ اُن کی بیٹیوں سے کرنا۔ ورنہ وہ تمہارے بچوں کو میری پیروی سے دُور کریں گے اور وہ میری نہیں بلکہ اُن کے دیوتاؤں کی خدمت کریں گے۔ تب رب کا غضب تم پر نازل ہو کر جلدی سے تمہیں ہلاک کر دے گا۔ اِس لئے اُن کی قربان گاہیں ڈھا دینا۔ جن پتھروں کی وہ پوجا کرتے ہیں اُنہیں چِکنا چُور کر دینا، اُن کے یسیرت دیوی کے کھمبے کاٹ ڈالنا اور اُن کے بُت جلا دینا۔
اِستِثنا 1:7-5 کِتابِ مُقادّس (URD)
جب خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو اُس مُلک میں جِس پر قبضہ کرنے کے لِئے تُو جا رہا ہے پُہنچا دے اور تیرے آگے سے اُن بُہت سی قَوموں کو یعنی حِتِّیوں اور جرجاسِیوں اور امورِیوں اور کنعانیوں اور فرِزِّیوں اور حوِّیوں اور یِبوسِیوں کو جو ساتوں قَومیں تُجھ سے بڑی اور زورآور ہیں نِکال دے۔ اور جب خُداوند تیرا خُدا اُن کو تیرے آگے شِکست دِلائے اور تُو اُن کو مار لے تو تُو اُن کو بِالکُل نابُود کر ڈالنا۔ تُو اُن سے کوئی عہد نہ باندھنا اور نہ اُن پر رحم کرنا۔ تُو اُن سے بیاہ شادی بھی نہ کرنا۔ نہ اُن کے بیٹوں کو اپنی بیٹِیاں دینا اور نہ اپنے بیٹوں کے لِئے اُن کی بیٹِیاں لینا۔ کیونکہ وہ تیرے بیٹوں کو میری پَیروی سے برگشتہ کر دیں گے تاکہ وہ اَور معبُودوں کی عِبادت کریں۔ یُوں خُداوند کا غضب تُم پر بھڑکے گا اور وہ تُجھ کو جلد ہلاک کر دے گا۔ بلکہ تُم اُن سے یہ سلُوک کرنا کہ اُن کے مذبحوں کو ڈھا دینا۔ اُن کے سُتُونوں کو ٹُکڑے ٹُکڑے کر دینا اور اُن کی یسِیرتوں کو کاٹ ڈالنا اور اُن کی تراشی ہُوئی مُورتیں آگ میں جلا دینا۔