اِستِثنا 14:18-18
اِستِثنا 14:18-18 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
جِن قوموں کو تُم بے دخل کرکے اُن کے مُلک پر قبضہ کروگے وہ جادُوگروں اَور فالگیروں کی باتیں سُنتی رہی ہیں۔ لیکن تُمہیں یَاہوِہ تمہارے خُدا نے اَیسی حرکت کرنے سے منع کیا ہے۔ یَاہوِہ تمہارے خُدا تمہارے لیٔے تمہارے درمیان سے، تمہارے اِسرائیلی بھائیوں میں سے میری مانِند ایک نبی بھیجیں گے۔ اَور تُم اُس کی ہر بات ضروُر ماننا۔ کیونکہ یہی درخواست تُم نے یَاہوِہ اَپنے خُدا سے کوہِ حورِبؔ پر مُقدّس اِجتماع کے دِن کی تھی۔ تُم نے کہاتھا، ”ہمیں نہ تو یَاہوِہ ہمارے خُدا کی آواز دوبارہ سننی پڑے اَور نہ پھر کبھی اَیسی خوفناک آگ دیکھنی پڑے، ورنہ ہم ہلاک ہو جایٔیں گے۔“ اَور یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا: ”وہ جو کچھ کہتے ہیں ٹھیک ہی کہتے ہیں۔ میں اُن کے لیٔے اُن ہی کے اِسرائیلی بھائیوں میں سے تمہاری مانند ایک نبی بھیجوں گا اَور مَیں اَپنا کلام اُس کے مُنہ میں ڈالوں گا۔ اَورجو کُچھ میں اُسے حُکم دُوں گا وُہی سَب کچھ اُن سے بَیان کرےگا۔
اِستِثنا 14:18-18 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
جن قوموں کو تُو نکالنے والا ہے وہ اُن کی سنتی ہیں جو فال نکالتے اور غیب دانی کرتے ہیں۔ لیکن رب تیرے خدا نے تجھے ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی۔ رب تیرا خدا تیرے واسطے تیرے بھائیوں میں سے مجھ جیسے نبی کو برپا کرے گا۔ اُس کی سننا۔ کیونکہ حورب یعنی سینا پہاڑ پر جمع ہوتے وقت تُو نے خود رب اپنے خدا سے درخواست کی، ”نہ مَیں مزید رب اپنے خدا کی آواز سننا چاہتا، نہ یہ بھڑکتی ہوئی آگ دیکھنا چاہتا ہوں، ورنہ مر جاؤں گا۔“ تب رب نے مجھ سے کہا، ”جو کچھ وہ کہتے ہیں وہ ٹھیک ہے۔ آئندہ مَیں اُن میں سے تجھ جیسا نبی کھڑا کروں گا۔ مَیں اپنے الفاظ اُس کے منہ میں ڈال دوں گا، اور وہ میری ہر بات اُن تک پہنچائے گا۔
اِستِثنا 14:18-18 کِتابِ مُقادّس (URD)
کیونکہ وہ قَومیں جِن کا تُو وارِث ہو گا شگُون نِکالنے والوں اور فال گِیروں کی سُنتی ہیں پر تُجھ کو خُداوند تیرے خُدا نے اَیسا کرنے نہ دِیا۔ خُداوند تیرا خُدا تیرے لِئے تیرے ہی درمیان سے یعنی تیرے ہی بھائِیوں میں سے میری مانِند ایک نبی برپا کرے گا۔ تُم اُس کی سُننا۔ یہ تیری اُس درخواست کے مُطابِق ہو گا جو تُو نے خُداوند اپنے خُدا سے مجمع کے دِن حورِب میں کی تھی کہ مُجھ کو نہ تو خُداوند اپنے خُدا کی آواز پِھر سُننی پڑے اور نہ اَیسی بڑی آگ ہی کا نظّارہ ہو تاکہ مَیں مَر نہ جاؤُں۔ اور خُداوند نے مُجھ سے کہا کہ وہ جو کُچھ کہتے ہیں سو ٹِھیک کہتے ہیں۔ مَیں اُن کے لِئے اُن ہی کے بھائِیوں میں سے تیری مانِند ایک نبی برپا کرُوں گا اور اپنا کلام اُس کے مُنہ میں ڈالُوں گا اور جو کُچھ مَیں اُسے حُکم دُوں گا وُہی وہ اُن سے کہے گا۔