دانیال 19:7-28 - Compare All Versions

دانیال 19:7-28 URDGVU (ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن)

مَیں چوتھے جانور کے بارے میں مزید جاننا چاہتا تھا، اُس جانور کے بارے میں جو دیگر جانوروں سے اِتنا مختلف اور اِتنا ہول ناک تھا۔ کیونکہ اُس کے دانت لوہے اور پنجے پیتل کے تھے، اور وہ سب کچھ کھاتا اور چُور چُور کرتا تھا۔ جو بچ جاتا اُسے وہ پاؤں تلے روند دیتا تھا۔ مَیں اُس کے سر کے دس سینگوں اور اُن میں سے نکلے ہوئے چھوٹے سینگ کے بارے میں بھی مزید جاننا چاہتا تھا۔ کیونکہ چھوٹے سینگ کے نکلنے پر دس سینگوں میں سے تین نکل کر گر گئے، اور یہ سینگ بڑھ کر ساتھ والے سینگوں سے کہیں بڑا نظر آیا۔ اُس کی آنکھیں تھیں، اور اُس کا منہ بڑی بڑی باتیں کرتا تھا۔ رویا میں مَیں نے دیکھا کہ چھوٹے سینگ نے مُقدّسین سے جنگ کر کے اُنہیں شکست دی۔ لیکن پھر قدیم الایام آ پہنچا اور اللہ تعالیٰ کے مُقدّسین کے لئے انصاف قائم کیا۔ پھر وہ وقت آیا جب مُقدّسین کو بادشاہی حاصل ہوئی۔ جس سے مَیں نے رویا کا مطلب پوچھا تھا اُس نے کہا، ”چوتھے جانور سے مراد زمین پر ایک چوتھی بادشاہی ہے جو دیگر تمام بادشاہیوں سے مختلف ہو گی۔ وہ تمام دنیا کو کھا جائے گی، اُسے روند کر چُور چُور کر دے گی۔ دس سینگوں سے مراد دس بادشاہ ہیں جو اِس بادشاہی سے نکل آئیں گے۔ اُن کے بعد ایک اَور بادشاہ آئے گا جو گزرے بادشاہوں سے مختلف ہو گا اور تین بادشاہوں کو خاک میں ملا دے گا۔ وہ اللہ تعالیٰ کے خلاف کفر بکے گا، اور مُقدّسین اُس کے تحت پِستے رہیں گے، یہاں تک کہ وہ عیدوں کے مقررہ اوقات اور شریعت کو تبدیل کرنے کی کوشش کرے گا۔ مُقدّسین کو ایک عرصے، دو عرصوں اور آدھے عرصے کے لئے اُس کے حوالے کیا جائے گا۔ لیکن پھر لوگ اُس کی عدالت کے لئے بیٹھ جائیں گے۔ اُس کی حکومت اُس سے چھین لی جائے گی، اور وہ مکمل طور پر تباہ ہو جائے گی۔ تب آسمان تلے کی تمام سلطنتوں کی بادشاہت، سلطنت اور عظمت اللہ تعالیٰ کی مُقدّس قوم کے حوالے کر دی جائے گی۔ اللہ تعالیٰ کی بادشاہی ابدی ہو گی، اور تمام حکمران اُس کی خدمت کر کے اُس کے تابع رہیں گے۔“ مجھے مزید کچھ نہیں بتایا گیا۔ مَیں، دانیال اِن باتوں سے بہت پریشان ہوا، اور میرا چہرہ ماند پڑ گیا، لیکن مَیں نے معاملہ اپنے دل میں محفوظ رکھا۔

دوسروں تک پہنچائیں
دانیال 7 URDGVU

دانیال 19:7-28 URD (کِتابِ مُقادّس)

تب مَیں نے چاہا کہ چَوتھے حَیوان کی حقِیقت سمجُھوں جو اُن سب سے مُختلِف اور نِہایت ہَولناک تھا۔ جِس کے دانت لوہے کے اور ناخُن پِیتل کے تھے۔ جو نِگلتا اور ٹُکڑے ٹُکڑے کرتا اور جو کُچھ باقی بچتا اُس کو پاؤں سے لتاڑتا تھا۔ اور دس سِینگوں کی حقِیقت جو اُس کے سر پر تھے اور اُس سِینگ کی جو نِکلا اور جِس کے آگے تِین گِر گئے یعنی جِس سِینگ کی آنکھیں تھِیں اور ایک مُنہ تھا جو بڑے گھمنڈ کی باتیں کرتا تھا اور جِس کی صُورت اُس کے ساتھِیوں سے زِیادہ رُعب دار تھی۔ مَیں نے دیکھا کہ وُہی سِینگ مُقدّسوں سے جنگ کرتا اور اُن پر غالِب آتا رہا۔ جب تک کہ قدِیمُ الایّام نہ آیا اور حق تعالیٰ کے مُقدّسوں کا اِنصاف نہ کِیا گیا اور وقت آ نہ پُہنچا کہ مُقدّس لوگ سلطنت کے مالِک ہوں۔ اُس نے کہا کہ چَوتھا حَیوان دُنیا کی چَوتھی سلطنت ہے جو تمام سلطنتوں سے مُختلِف ہے اور تمام زمِین کو نِگل جائے گی اور اُسے لتاڑ کر ٹُکڑے ٹُکڑے کرے گی۔ اور وہ دس سِینگ دس بادشاہ ہیں جو اُس سلطنت میں برپا ہوں گے اور اُن کے بعد ایک اَور برپا ہو گا اور وہ پہلوں سے مُختلِف ہو گا اور تِین بادشاہوں کو زیر کرے گا۔ اور وہ حق تعالیٰ کے خِلاف باتیں کرے گا اور حق تعالیٰ کے مُقدّسوں کو تنگ کرے گا اور مُقرّرہ اَوقات و شرِیعت کو بدلنے کی کوشِش کرے گا اور وہ ایک دَور اور دَوروں اور نِیم دَور تک اُس کے حوالہ کِئے جائیں گے۔ تب عدالت قائِم ہو گی اور اُس کی سلطنت اُس سے لے لیں گے کہ اُسے ہمیشہ کے لِئے نیست و نابُود کریں۔ اور تمام آسمان کے نِیچے سب مُلکوں کی سلطنت اور مُملکت اور سلطنت کی حشمت حق تعالیٰ کے مُقدّس لوگوں کو بخشی جائے گی۔ اُس کی سلطنت ابدی سلطنت ہے اور تمام مُملکتیں اُس کی خِدمت گُذار اور فرمانبردار ہوں گی۔ یہاں پر یہ امر تمام ہُؤا۔ مَیں دانی ایل اپنے اندیشوں سے نِہایت گھبرایا اور میرا چِہرہ مُتغیّر ہُؤا لیکن مَیں نے یہ بات دِل ہی میں رکھّی۔

دوسروں تک پہنچائیں
دانیال 7 URD

دانیال 19:7-28 UCV (اُردو ہم عصر ترجُمہ)

”تَب میں اُس چوتھے حَیوان کا صحیح مطلب بھی جاننا چاہتا تھا جو دُوسرے تمام حَیوانوں سے مُختلف اَور نہایت ہیبت ناک تھا، جِس کے دانت لوہے کے اَور ناخن کانسے کے تھے۔ وہ حَیوان جو اَپنے شِکار کو چبا کر نگل جاتا تھا اَورجو کچھ بچ جاتا تھا اُسے پاؤں سے روند ڈالتا تھا۔ میں اُس کے سَر پر کے دس سینگوں کے متعلّق بھی جاننا چاہتا تھا اَور اُس دُوسرے سینگ کے متعلّق جِس کے سامنے پہلے تین سینگ گِر گیٔے تھے۔ اُس سینگ کے متعلّق جو دُوسرے سینگوں سے زِیادہ رُعب دار تھا اَور جِس کی آنکھیں تھیں اَور مُنہ بھی جو شیخی باز تھا۔ میرے دیکھتے دیکھتے یہ سینگ مُقدّسوں سے جنگ کر رہاتھا اَور اُنہیں تَب تک شِکست دیتا رہا۔ جَب تک کہ اُس قدیمُ الایّام نے آکر خُداتعالیٰ کے مُقدّسوں کے حق میں فیصلہ نہ کیا اَور وہ وقت آ گیا جَب مُقدّس لوگ آسمانی بادشاہی کے مالک بَن گیٔے۔ ”اُس نے مُجھے یُوں سمجھایا: ’وہ چوتھا حَیوان چوتھی سلطنت ہے جو زمین پر برپا ہوگی۔ وہ دُوسری تمام سلطنتوں سے مُختلف ہوگی اَور ساری زمین کو کھا جائے گی اَور اُسے روند کر چور چور کر دے گی۔ وہ دس سینگ دس بادشاہ ہیں جو اُس سلطنت میں سے برپا ہوں گے۔ اُن کے بعد ایک اَور بادشاہ برپا ہوگا جو پہلے بادشاہوں سے مُختلف ہوگا جو تین بادشاہوں کو زیرِ کرےگا۔ وہ خُداتعالیٰ کے خِلاف باتیں کرےگا اَور اُس کے مُقدّسوں پر ظُلم ڈھائے گا اَور مُقرّرہ اوقات اَور شَریعت کو بدلنے کی کوشش کرےگا۔ مُقدّسین ساڑھے تین سال تک یعنی ایک سال، دو سال اَور چھ ماہ کے لئے اُس کے حوالہ کر دیئے جایٔیں گے۔ ” ’لیکن تَب عدالت قائِم ہوگی اَور اُس بادشاہ کی ساری قُوّت چھین لی جائے گی اَور اُسے ہمیشہ کے لیٔے نِیست و نابود کر دیا جائے گا۔ تَب سارے آسمان کے نیچے تمام مُلکوں کی سلطنت، قُدرت اَور عظمت اُن مُقدّسوں کے حوالہ کی جائے گی جو خُداتعالیٰ کے لوگ ہیں۔ اُس کی بادشاہی اَبدی بادشاہی ہوگی اَور تمام حُکمران اُن کی عبادت اَور اِطاعت کریں گے۔‘ ”یہاں پر یہ اَمر ختم ہُوا۔ میں دانی ایل، اَپنے خیالات سے بےحد پریشان ہُوا اَور میرا چہرہ پھیکا پڑ گیا لیکن مَیں نے یہ بات دِل ہی میں رکھی۔“

دوسروں تک پہنچائیں
دانیال 7 UCV