دانیال 1:12-4
دانیال 1:12-4 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
”اُس وقت مِیکاایلؔ مُقرّب فرشتہ جو تمہاری قوم کا مُحافظ ہے اُٹھ کھڑا ہوگا۔ وہ اَیسی مُصیبت کا وقت ہوگا کہ قوموں کی اِبتدائی زمانہ سے لے کر اُس وقت تک کبھی نہ ہُوا ہوگا۔ لیکن اُس وقت تمہارے لوگوں میں سے ہر ایک، جِس کا نام کِتاب میں درج ہوگا، بچاپا جایٔےگا۔ اَورجو خاک میں سو رہے ہیں، اُن میں سے بہت سے لوگ جاگ اُٹھیں گے، بعض اَبدی حیات کے لیٔے اَور بعض رُسوائی اَور ہمیشہ کی ذِلّت کے لیٔے۔ اہلِ دانش نُورِ فلک کی مانند مُنوّر ہوں گے اَور وہ جو لوگوں کو راستبازی کی راہ پر لاتے ہیں سِتاروں کی مانند ابدُالآباد چمکتے رہیں گے۔ لیکن اَے دانی ایل، تُم اِس طُومار پر مُہر کرکے اِس کے الفاظ کو آخِری زمانہ تک کے لئے بند رکھ۔ بہت سے لوگ اَپنی حِکمت میں اِضافہ کرنے کے لیٔے اِدھر اُدھر تفتیش و تحقیق کرتے پھریں گے۔“
دانیال 1:12-4 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اُس وقت فرشتوں کا عظیم سردار میکائیل اُٹھ کھڑا ہو گا، وہ جو تیری قوم کی شفاعت کرتا ہے۔ مصیبت کا ایسا وقت ہو گا کہ قوموں کے پیدا ہونے سے لے کر اُس وقت تک نہیں ہوا ہو گا۔ لیکن ساتھ ساتھ تیری قوم کو نجات ملے گی۔ جس کا بھی نام اللہ کی کتاب میں درج ہے وہ نجات پائے گا۔ تب خاک میں سوئے ہوئے متعدد لوگ جاگ اُٹھیں گے، کچھ ابدی زندگی پانے کے لئے اور کچھ ابدی رُسوائی اور گھن کا نشانہ بننے کے لئے۔ جو سمجھ دار ہیں وہ آسمان کی آب و تاب کی مانند چمکیں گے، اور جو بہتوں کو راست راہ پر لائے ہیں وہ ہمیشہ تک ستاروں کی طرح جگمگائیں گے۔ لیکن تُو، اے دانیال، اِن باتوں کو چھپائے رکھ! اِس کتاب پر آخری وقت تک مُہر لگا دے! بہت لوگ اِدھر اُدھر گھومتے پھریں گے، اور علم میں اضافہ ہوتا جائے گا۔“
دانیال 1:12-4 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور اُس وقت مِیکاؔئیل مُقرّب فرِشتہ جو تیری قَوم کے فرزندوں کی حِمایت کے لِئے کھڑا ہے اُٹھے گا اور وہ اَیسی تکلِیف کا وقت ہو گا کہ اِبتدایِ اقوام سے اُس وقت تک کبھی نہ ہُؤا ہو گا اور اُس وقت تیرے لوگوں میں سے ہر ایک جِس کا نام کِتاب میں لِکھا ہو گا رہائی پائے گا۔ اور جو خاک میں سو رہے ہیں اُن میں سے بُہتیرے جاگ اُٹھیں گے۔ بعض حیاتِ ابدی کے لِئے اور بعض رُسوائی اور ذِلّتِ ابدی کے لِئے۔ اور اہلِ دانِش نُورِ فلک کی مانِند چمکیں گے اور جِن کی کوشِش سے بُہتیرے صادِق ہو گئے سِتاروں کی مانِند ابدُالآباد تک رَوشن ہوں گے۔ لیکن تُو اَے دانی ایل اِن باتوں کو بند کر رکھ اور کِتاب پر آخِری زمانہ تک مُہر لگا دے۔ بُہتیرے اِس کی تفتِیش و تحقِیق کریں گے اور دانِش افزُون ہو گی۔