اعمال 1:19-8 - Compare All Versions
اعمال 1:19-8 UCV (اُردو ہم عصر ترجُمہ)
جَب اپُلّوسؔ کُرِنتھُسؔ میں تھے تو پَولُسؔ علاقہ کی اَندرونی شاہراہ سے گُزرتے ہُوئے اِفِسُسؔ پہُنچے۔ وہاں سے کیٔی شاگرد ملے۔ پَولُسؔ نے اُن سے پُوچھا، ”کیا تُم نے ایمان لاتے وقت پاک رُوح پایاتھا؟“ اُنہُوں نے جَواب دیا، ”نہیں، ہم نے تو سُنا بھی نہیں کہ پاک رُوح کیا چیز ہے۔“ اِس پر پَولُسؔ نے کہا، ”پھر تُم نے کِس کا پاک غُسل لیا؟“ اُنہُوں نے جَواب دیا، ”حضرت یُوحنّا کا۔“ پَولُسؔ نے کہا، ”حضرت یُوحنّا نے تو تَوبہ کا پاک غُسل دیا اَور کہا کہ وہ جو میرے بعد آنے والا ہے، تُم اُس پر ایمان لاؤ یعنی یِسوعؔ المسیح پر۔“ یہ سُن کر اُنہُوں نے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے نام پر پاک غُسل لیا۔ جَب پَولُسؔ نے اُن کے اُوپر ہاتھ رکھے تو پاک رُوح اُن پر نازل ہُوا اَور وہ طرح طرح کی زبانیں بولنے اَور نبُوّت کرنے لگے۔ وہ سَب کویٔی بَارہ آدمی تھے۔ پھر پَولُسؔ نے یہُودی عبادت گاہ میں جانا شروع کیا اَور تقریباً تین ماہ تک دِلیری کے ساتھ خُدا کی بادشاہی کے بارے میں دلائل دے، دے کر لوگوں کو قائل کرتے رہے۔
اعمال 1:19-8 URDGVU (ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن)
جب اپلّوس کُرِنتھس میں ٹھہرا ہوا تھا تو پولس ایشیائے کوچک کے اندرونی علاقے میں سے سفر کرتے کرتے ساحلی شہر اِفسس میں آیا۔ وہاں اُسے کچھ شاگرد ملے جن سے اُس نے پوچھا، ”کیا آپ کو ایمان لاتے وقت روح القدس ملا؟“ اُنہوں نے جواب دیا، ”نہیں، ہم نے تو روح القدس کا ذکر تک نہیں سنا۔“ اُس نے پوچھا، ”تو آپ کو کون سا بپتسمہ دیا گیا؟“ اُنہوں نے جواب دیا، ”یحییٰ کا۔“ پولس نے کہا، ”یحییٰ نے بپتسمہ دیا جب لوگوں نے توبہ کی۔ لیکن اُس نے خود اُنہیں بتایا، ’میرے بعد آنے والے پر ایمان لاؤ، یعنی عیسیٰ پر‘۔“ یہ سن کر اُنہوں نے خداوند عیسیٰ کے نام پر بپتسمہ لیا۔ اور جب پولس نے اپنے ہاتھ اُن پر رکھے تو اُن پر روح القدس نازل ہوا، اور وہ غیرزبانیں بولنے اور نبوّت کرنے لگے۔ اِن آدمیوں کی کُل تعداد تقریباً بارہ تھی۔ پولس یہودی عبادت خانے میں گیا اور تین مہینے کے دوران یہودیوں سے دلیری سے بات کرتا رہا۔ اُن کے ساتھ بحث کر کے اُس نے اُنہیں اللہ کی بادشاہی کے بارے میں قائل کرنے کی کوشش کی۔
اعمال 1:19-8 URD (کِتابِ مُقادّس)
اور جب اُپلّوؔس کُرِنتھُس میں تھا تو اَیسا ہُؤا کہ پَولُس اُوپر کے عِلاقہ سے گُذر کر اِفِسُس میں آیا اور کئی شاگِردوں کو دیکھ کر۔ اُن سے کہا کیا تُم نے اِیمان لاتے وقت رُوحُ القُدس پایا؟ اُنہوں نے اُس سے کہا کہ ہم نے تو سُنا بھی نہیں کہ رُوحُ القُدس نازِل ہُؤا ہے۔ اُس نے کہا پس تُم نے کِس کا بپتِسمہ لِیا؟ اُنہوں نے کہا یُوحنّا کا بپتِسمہ۔ پَولُس نے کہا یُوحنّا نے لوگوں کو یہ کہہ کر تَوبہ کا بپتِسمہ دِیا کہ جو میرے پِیچھے آنے والا ہے اُس پر یعنی یِسُوع پر اِیمان لانا۔ اُنہوں نے یہ سُن کر خُداوند یِسُوع کے نام کا بپتِسمہ لِیا۔ جب پَولُس نے اُن پر ہاتھ رکھّے تو رُوحُ القُدس اُن پر نازِل ہُؤا اور وہ طرح طرح کی زُبانیں بولنے اور نبُوّت کرنے لگے۔ اور وہ سب تخمِیناً بارہ آدمی تھے۔ پِھر وہ عِبادت خانہ میں جا کر تِین مہِینے تک دِلیری سے بولتا اور خُدا کی بادشاہی کی بابت بحث کرتا اور لوگوں کو قائِل کرتا رہا۔