اعمال 1:10-42 - Compare All Versions

اعمال 1:10-42 UCV (اُردو ہم عصر ترجُمہ)

قَیصؔریہ میں ایک آدمی تھا جِس کا نام کُرنِیلِیُسؔ تھا، وہ ایک اِطالوی فَوجی دستے کا کپتان تھا۔ وہ اَور اُس کے گھر کے سَب لوگ بڑے دیندار اَور خُدا سے خوف کھاتے تھے؛ وہ ضروُرت مند لوگوں کو بہت خیرات دیتا تھا اَور خُدا سے برابر دعا کیا کرتا تھا۔ ایک دِن سہ پہر تین بجے کے قریب کُرنِیلِیُسؔ نے رُویا دیکھی۔ اُس نے اُس میں صَاف صَاف خُدا کے ایک فرشتہ کو دیکھا، جو کُرنِیلِیُسؔ کے پاس آیا اَور کہا، ”اَے کُرنِیلِیُسؔ!“ کُرنِیلِیُسؔ نے خوفزدہ ہوکر اُس کی طرف غور سے دیکھا۔ ”آقا، کیا بات ہے؟“ اُس نے پُوچھا۔ فرشتہ نے جَواب دیا، ”تیری خیرات کے نذرانے اَور دعائیں یادگاری کے طور پر خُدا کے حُضُور میں پہُنچ چُکے ہیں۔ اَب کچھ آدمیوں کو یافؔا بھیج کر شمعُونؔ کو جسے پطرس بھی کہتے ہیں، کو اَپنے یہاں بُلوالے۔ وہ شمعُونؔ جو چمڑا رنگنے کا کام کرتا ہے کے پاس ٹھہرے ہُوئے ہیں، جِس کا گھر ساحِل سمُندر پر واقع ہے۔“ جَب فرشتہ کُرنِیلِیُسؔ سے یہ باتیں کہہ کرچلاگیا، تو اُس نے اَپنے دو خادِموں اَور اَپنے خاص سپاہیوں میں سے ایک خُداپرست سپاہی کو بُلایا۔ اَور اُنہیں سارا واقعہ جو پیش آیاتھا، بَیان کیا اَور یافؔا کی طرف روانہ کر دیا۔ اگلے دِن جَب وہ سفر کرتے کرتے شہر کے نزدیک پہُنچے تو دوپہر کے قریب پطرس اُوپر چھت پر گیٔے تاکہ دعا کریں۔ آپ کو بھُوک لگی اَور پطرس کچھ کھانا چاہتے تھے، لیکن جَب لوگ کھانا تیّار کر ہی رہے تھے، تو پطرس پر بے خُودی سِی طاری ہو گئی۔ آپ نے دیکھا کہ آسمان کھُل گیا ہے اَور کویٔی شَے ایک بڑی سِی چادر کی مانِند چاروں کونوں سے لٹکتی ہویٔی زمین کی طرف اُتر رہی ہے۔ اُس میں ہر قِسم کے زمین پر پایٔے جانے والے چار پاؤں والے جاندار، رینگنے والے جانور اَور ہَوا کے پرندے تھے۔ تَب ایک آواز نے آپ سے کہا، ”اَے پطرس۔ اُٹھ، ذبح کر اَور کھا۔“ ”ہرگز نہیں، اَے خُداوؔند!“ پطرس نے جَواب دیا۔ ”مَیں نے کبھی کویٔی ناپاک اَور حرام شَے نہیں کھائی۔“ وہ آواز دُوسری مرتبہ پھر آپ کو سُنایٔی دی جو کہہ رہی تھی، ”تو کسی بھی چیز کو جسے خُدا نے پاک ٹھہرایا ہے، اُنہیں حرام نہ کہہ۔“ یہ واقعہ تین مرتبہ پیش آیا، اَور پھر وہ چادر فوراً واپس آسمان کی طرف اُٹھا لی گئی۔ پطرس دِل میں سوچ ہی رہے تھے کہ یہ کیسی رُویا ہے جو مَیں نے دیکھی ہے، اِتنے میں کُرنِیلِیُسؔ کے بھیجے ہویٔے آدمی شمعُونؔ کا مکان پُوچھ کر دروازے پر آ کھڑے ہُوئے۔ اُنہُوں نے آواز دے کر پُوچھا: کیا شمعُونؔ جو پطرس کَہلاتے ہیں یہاں ٹھہرے ہویٔے ہیں۔ ابھی پطرس اَپنی رُویا کے بارے میں سوچ ہی رہے تھے، پاک رُوح نے آپ سے کہا، ”شمعُونؔ، تین آدمی تُجھے تلاش کر رہے ہیں۔ اِس لیٔے اُٹھ اَور نیچے جا۔ اُن کے ساتھ بِلاجِھجک چلے جانا چونکہ مَیں نے ہی اُنہیں بھیجا ہے۔“ پطرس نیچے اُترے اَور اُن آدمیوں سے فرمایا، ”جسے تُم دیکھ رہے ہو وہ میں ہی ہُوں۔ تُم کِس لیٔے آئے ہو؟“ آدمیوں نے جَواب دیا، ”ہم کپتان کُرنِیلِیُسؔ کی طرف سے آئے ہیں۔ وہ ایک راستباز اَور خُدا سے ڈرنے والا آدمی ہے، جِس کی تعریف تمام یہُودی قوم کرتی ہے۔ ایک مُقدّس فرشتہ نے اُنہیں ہدایت کی ہے کہ آپ کو اَپنے گھر بُلاکر آپ سے کلام کی باتیں سُنے۔“ تَب پطرس نے اُنہیں اَندر بُلا لیا اَور اُن کی مہمان نوازی کی۔ اگلے دِن پطرس اُن لوگوں کے ساتھ روانہ ہویٔے اَور یافؔا سے کچھ اَور مسیحی بھایٔی بھی آپ کے ساتھ ہو لیٔے۔ دُوسرے دِن وہ قَیصؔریہ پہُنچ گیٔے۔ کُرنِیلِیُسؔ اُن کے اِنتظار میں تھا اَور اُس نے اَپنے رشتہ داروں اَور قریبی دوستوں کو بھی بُلا رکھا تھا۔ پطرس کے گھر میں داخل ہوتے ہی کُرنِیلِیُسؔ نے آپ کا اِستِقبال کیا اَور آپ کے قدموں میں گِر کر آپ کو سَجدہ کرنے لگا۔ لیکن پطرس نے کُرنِیلِیُسؔ کو اُٹھایا اَور فرمایا، ”کھڑے ہو جاؤ، میں بھی تو ایک صِرف اِنسان ہُوں۔“ پھر کُرنِیلِیُسؔ سے باتیں کرتے ہویٔے، پطرس اَندر داخل ہویٔے اَور وہاں لوگوں کا بڑا مجمع پایا۔ آپ نے اُن سے کہا، ”تُم خُوب جانتے ہو کہ کسی یہُودی کا غَیریہُودی سے میل جول رکھنا ناجائز ہے۔ لیکن خُدا نے مُجھ پر ظاہر کر دیا کہ مُجھے کسی بھی اِنسان کو نجِس یا ناپاک کہنے کا کویٔی اِختیار نہیں۔ لہٰذا جَب مُجھے بُلایا گیا، تو میں بِلا حُجّت چلا آیا۔ کیا میں پُوچھ سَکتا ہُوں کہ مُجھے یہاں کیوں بُلایا گیا ہے؟“ کُرنِیلِیُسؔ نے جَواب دیا: ”تین دِن پہلے میں اَپنے گھر میں سہ پہر اِسی وقت، یعنی تین بجے کے قریب دعا کر رہاتھا۔ اَچانک ایک شخص چمکدار پوشاک میں میرے سامنے آ کھڑا ہُوا اَور کہنے لگا، ’اَے کُرنِیلِیُسؔ، خُدا نے تیری دعا سُن لی ہے اَور تیری خیرات کو بھی قبُولیّت بخشی ہے۔ کسی کو یافؔا بھیج کر شمعُونؔ کو جسے پطرس بھی کہتے ہیں کو بُلوالے۔ وہ شمعُونؔ چمڑا رنگنے کا کام کرتا ہے، کے گھر میں مہمان ہے جو ساحِل سمُندر پر رہتاہے۔‘ یہ سُنتے ہی مَیں نے آپ کو بُلا بھیجا، اَور بڑا اَچھّا ہُوا کہ آپ تشریف لایٔے۔ اَب ہم سَب خُداوؔند کی حُضُوری میں ہیں اَور چاہتے ہیں کہ جو کچھ خُدا نے آپ سے فرمایاہے اُسے سُنے۔“ تَب پطرس نے بولنا شروع کیا: ”مُجھے اَب اِس سچّائی کا احساس ہو گیا کہ خُدا کسی کا طرف دار نہیں لیکن ہر قوم میں جو کویٔی خُداوؔند سے ڈرتا اَورجو راست ہے وُہی کرتا ہے جو خُداوؔند کی نظروں میں صحیح ہے۔ تُم جانتے ہو کہ خُداوؔند نے بنی اِسرائیل کے پاس اَپنا سلامتی کا کلام بھیجا، جِس نے یِسوعؔ المسیح کی مَعرفت صُلح کی خُوشخبری سُنایٔی، جو سَب کا خُداوؔند ہے۔ اِس بات کو تُم جانتے ہو کہ جو حضرت یُوحنّا کے پاک ‏غُسل کی مُنادی کے بعد گلِیل سے شروع ہوکر تمام یہُودیؔہ صُوبہ، میں کی گئی۔ کہ خُدا نے یِسوعؔ ناصری کو پاک رُوح سے معموُر کرکے کِس طرح مَسح کیا، اَور یِسوعؔ جگہ بہ جگہ لوگوں کے واسطے نیک کام کیا کرتے اَور اُن سَب کو شفا بخشتے تھے جو اِبلیس کے ظُلم کا شِکار تھے، کیونکہ خُدا آپ کے ساتھ تھا۔ ”ہم اُن سَب کاموں کے گواہ ہیں جو آپ نے یہُودیوں کے مُلک اَور یروشلیمؔ میں کیٔے۔ اُنہُوں نے یِسوعؔ کو صلیب پر لٹکا کر مار ڈالا۔ لیکن خُدا نے اُن ہی یِسوعؔ کو تیسرے دِن مُردوں میں سے زندہ کرکے ظاہر کیا۔ وہ ساری اُمّت پر نہیں بَلکہ اُن گواہوں پر ظاہر ہویٔے جنہیں خُدا نے پہلے سے چُن رکھا تھا یعنی ہم پر جنہوں نے یِسوعؔ کے مُردوں میں سے زندہ ہو جانے کے بعد آپ کے ساتھ کھایا پیا بھی۔ اَور آپ نے حُکم دیا کہ ہم لوگوں میں مُنادی کریں اَور گواہی دیں کہ یِسوعؔ ہی وُہی ہیں جسے خُدا نے زندوں اَور مُردوں کا مُنصِف مُقرّر کیا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
اعمال 10 UCV

اعمال 1:10-42 URDGVU (ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن)

قیصریہ میں ایک رومی افسر رہتا تھا جس کا نام کُرنیلیُس تھا۔ وہ اُس پلٹن کے سَو فوجیوں پر مقرر تھا جو اطالوی کہلاتی تھی۔ کُرنیلیُس اپنے پورے گھرانے سمیت دین دار اور خدا ترس تھا۔ وہ فیاضی سے خیرات دیتا اور متواتر دعا میں لگا رہتا تھا۔ ایک دن اُس نے تین بجے دوپہر کے وقت رویا دیکھی۔ اُس میں اُس نے صاف طور پر اللہ کا ایک فرشتہ دیکھا جو اُس کے پاس آیا اور کہا، ”کُرنیلیُس!“ وہ گھبرا گیا اور اُسے غور سے دیکھتے ہوئے کہا، ”میرے آقا، فرمائیں۔“ فرشتے نے کہا، ”تمہاری دعاؤں اور خیرات کی قربانی اللہ کے حضور پہنچ گئی ہے اور منظور ہے۔ اب کچھ آدمی یافا بھیج دو۔ وہاں ایک آدمی بنام شمعون ہے جو پطرس کہلاتا ہے۔ اُسے بُلا کر لے آؤ۔ پطرس ایک چمڑا رنگنے والے کا مہمان ہے جس کا نام شمعون ہے۔ اُس کا گھر سمندر کے قریب واقع ہے۔“ جوں ہی فرشتہ چلا گیا کُرنیلیُس نے دو نوکروں اور اپنے خدمت گار فوجیوں میں سے ایک خدا ترس آدمی کو بُلایا۔ سب کچھ سنا کر اُس نے اُنہیں یافا بھیج دیا۔ اگلے دن پطرس دوپہر تقریباً بارہ بجے دعا کرنے کے لئے چھت پر چڑھ گیا۔ اُس وقت کُرنیلیُس کے بھیجے ہوئے آدمی یافا شہر کے قریب پہنچ گئے تھے۔ پطرس کو بھوک لگی اور وہ کچھ کھانا چاہتا تھا۔ جب اُس کے لئے کھانا تیار کیا جا رہا تھا تو وہ وجد کی حالت میں آ گیا۔ اُس نے دیکھا کہ آسمان کھل گیا ہے اور ایک چیز زمین پر اُتر رہی ہے، کتان کی بڑی چادر جیسی جو اپنے چار کونوں سے نیچے اُتاری جا رہی ہے۔ چادر میں تمام قسم کے جانور ہیں: چار پاؤں رکھنے والے، رینگنے والے اور پرندے۔ پھر ایک آواز اُس سے مخاطب ہوئی، ”اُٹھ، پطرس۔ کچھ ذبح کر کے کھا!“ پطرس نے اعتراض کیا، ”ہرگز نہیں خداوند، مَیں نے کبھی بھی حرام یا ناپاک کھانا نہیں کھایا۔“ لیکن یہ آواز دوبارہ اُس سے ہم کلام ہوئی، ”جو کچھ اللہ نے پاک کر دیا ہے اُسے ناپاک قرار نہ دے۔“ یہی کچھ تین مرتبہ ہوا، پھر چادر کو اچانک آسمان پر واپس اُٹھا لیا گیا۔ پطرس بڑی اُلجھن میں پڑ گیا۔ وہ ابھی سوچ رہا تھا کہ اِس رویا کا کیا مطلب ہے تو کُرنیلیُس کے بھیجے ہوئے آدمی شمعون کے گھر کا پتا کر کے اُس کے گیٹ پر پہنچ گئے۔ آواز دے کر اُنہوں نے پوچھا، ”کیا شمعون جو پطرس کہلاتا ہے آپ کے مہمان ہیں؟“ پطرس ابھی رویا پر غور کر ہی رہا تھا کہ روح القدس اُس سے ہم کلام ہوا، ”شمعون، تین مرد تیری تلاش میں ہیں۔ اُٹھ اور چھت سے اُتر کر اُن کے ساتھ چلا جا۔ مت جھجکنا، کیونکہ مَیں ہی نے اُنہیں تیرے پاس بھیجا ہے۔“ چنانچہ پطرس اُن آدمیوں کے پاس گیا اور اُن سے کہا، ”مَیں وہی ہوں جسے آپ ڈھونڈ رہے ہیں۔ آپ کیوں میرے پاس آئے ہیں؟“ اُنہوں نے جواب دیا، ”ہم سَو فوجیوں پر مقرر افسر کُرنیلیُس کے گھر سے آئے ہیں۔ وہ انصاف پرور اور خدا ترس آدمی ہیں۔ پوری یہودی قوم اِس کی تصدیق کر سکتی ہے۔ ایک مُقدّس فرشتے نے اُنہیں ہدایت دی کہ وہ آپ کو اپنے گھر بُلا کر آپ کا پیغام سنیں۔“ یہ سن کر پطرس اُنہیں اندر لے گیا اور اُن کی مہمان نوازی کی۔ اگلے دن وہ اُٹھ کر اُن کے ساتھ روانہ ہوا۔ یافا کے کچھ بھائی بھی ساتھ گئے۔ ایک دن کے بعد وہ قیصریہ پہنچ گیا۔ کُرنیلیُس اُن کے انتظار میں تھا۔ اُس نے اپنے رشتے داروں اور قریبی دوستوں کو بھی اپنے گھر جمع کر رکھا تھا۔ جب پطرس گھر میں داخل ہوا تو کُرنیلیُس نے اُس کے سامنے گر کر اُسے سجدہ کیا۔ لیکن پطرس نے اُسے اُٹھا کر کہا، ”اُٹھیں۔ مَیں بھی انسان ہی ہوں۔“ اور اُس سے باتیں کرتے کرتے وہ اندر گیا اور دیکھا کہ بہت سے لوگ جمع ہو گئے ہیں۔ اُس نے اُن سے کہا، ”آپ جانتے ہیں کہ کسی یہودی کے لئے کسی غیریہودی سے رفاقت رکھنا یا اُس کے گھر میں جانا منع ہے۔ لیکن اللہ نے مجھے دکھایا ہے کہ مَیں کسی کو بھی حرام یا ناپاک قرار نہ دوں۔ اِس وجہ سے جب مجھے بُلایا گیا تو مَیں اعتراض کئے بغیر چلا آیا۔ اب مجھے بتا دیجئے کہ آپ نے مجھے کیوں بُلایا ہے؟“ کُرنیلیُس نے جواب دیا، ”چار دن کی بات ہے کہ مَیں اِسی وقت دوپہر تین بجے دعا کر رہا تھا۔ اچانک ایک آدمی میرے سامنے آ کھڑا ہوا۔ اُس کے کپڑے چمک رہے تھے۔ اُس نے کہا، ’کُرنیلیُس، اللہ نے تمہاری دعا سن لی اور تمہاری خیرات کا خیال کیا ہے۔ اب کسی کو یافا بھیج کر شمعون کو بُلا لو جو پطرس کہلاتا ہے۔ وہ چمڑا رنگنے والے شمعون کا مہمان ہے۔ شمعون کا گھر سمندر کے قریب واقع ہے۔‘ یہ سنتے ہی مَیں نے اپنے لوگوں کو آپ کو بُلانے کے لئے بھیج دیا۔ اچھا ہوا کہ آپ آ گئے ہیں۔ اب ہم سب اللہ کے حضور حاضر ہیں تاکہ وہ کچھ سنیں جو رب نے آپ کو ہمیں بتانے کو کہا ہے۔“ پھر پطرس بول اُٹھا، ”اب مَیں سمجھ گیا ہوں کہ اللہ واقعی جانب دار نہیں، بلکہ ہر کسی کو قبول کرتا ہے جو اُس کا خوف مانتا اور راست کام کرتا ہے۔ آپ اللہ کی اُس خوش خبری سے واقف ہیں جو اُس نے اسرائیلیوں کو بھیجی، یہ خوش خبری کہ عیسیٰ مسیح کے وسیلے سے سلامتی آئی ہے۔ عیسیٰ مسیح سب کا خداوند ہے۔ آپ کو وہ کچھ معلوم ہے جو گلیل سے شروع ہو کر یہودیہ کے پورے علاقے میں ہوا یعنی اُس بپتسمے کے بعد جس کی منادی یحییٰ نے کی۔ اور آپ جانتے ہیں کہ اللہ نے عیسیٰ ناصری کو روح القدس اور قوت سے مسح کیا اور کہ اِس پر اُس نے جگہ جگہ جا کر نیک کام کیا اور ابلیس کے دبے ہوئے تمام لوگوں کو شفا دی، کیونکہ اللہ اُس کے ساتھ تھا۔ جو کچھ بھی اُس نے ملکِ یہود اور یروشلم میں کیا، اُس کے گواہ ہم خود ہیں۔ گو لوگوں نے اُسے لکڑی پر لٹکا کر قتل کر دیا لیکن اللہ نے تیسرے دن اُسے مُردوں میں سے زندہ کیا اور اُسے لوگوں پر ظاہر کیا۔ وہ پوری قوم پر تو ظاہر نہیں ہوا بلکہ ہم پر جن کو اللہ نے پہلے سے چن لیا تھا تاکہ ہم اُس کے گواہ ہوں۔ ہم نے اُس کے جی اُٹھنے کے بعد اُس کے ساتھ کھانے پینے کی رفاقت بھی رکھی۔ اُس وقت اُس نے ہمیں حکم دیا کہ منادی کر کے قوم کو گواہی دو کہ عیسیٰ وہی ہے جسے اللہ نے زندوں اور مُردوں پر منصف مقرر کیا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
اعمال 10 URDGVU

اعمال 1:10-42 URD (کِتابِ مُقادّس)

قَیصرؔیہ میں کُرنِیِلُیس نام ایک شخص تھا۔ وہ اُس پلٹن کا صُوبہ دار تھا جو اطالِیانی کہلاتی ہے۔ وہ دِین دار تھا اور اپنے سارے گھرانے سمیت خُدا سے ڈرتا تھا اور یہُودِیوں کو بُہت خَیرات دیتا اور ہر وقت خُدا سے دُعا کرتا تھا۔ اُس نے تِیسرے پہر کے قرِیب رویا میں صاف صاف دیکھا کہ خُدا کا فرِشتہ میرے پاس آ کر کہتا ہے کُرنِیلِیُس۔ اُس نے اُس کو غَور سے دیکھا اور ڈر کر کہا خُداوند کیا ہے؟ اُس نے اُس سے کہا تیری دُعائیں اور تیری خَیرات یادگاری کے لِئے خُدا کے حُضُور پُہنچِیں۔ اب یافا میں آدمی بھیج کر شمعُون کو جو پطرؔس کہلاتا ہے بُلوا لے۔ وہ شمعُوؔن دبّاغ کے ہاں مِہمان ہے جِس کا گھر سمُندر کے کنارے ہے۔ اور جب وہ فرِشتہ چلا گیا جِس نے اُس سے باتیں کی تِھیں تو اُس نے دو نَوکروں کو اور اُن میں سے جو اُس کے پاس حاضِر رہا کرتے تھے ایک دِین دار سِپاہی کو بُلایا۔ اور سب باتیں اُن سے بیان کر کے اُنہیں یافا میں بھیجا۔ دُوسرے دِن جب وہ راہ میں تھے اور شہر کے نزدِیک پُہنچے تو پطرؔس دوپہر کے قرِیب کوٹھے پر دُعا کرنے کو چڑھا۔ اور اُسے بُھوک لگی اور کُچھ کھانا چاہتا تھا لیکن جب لوگ تیّار کر رہے تھے تو اُس پر بے خُودی چھا گئی۔ اور اُس نے دیکھا کہ آسمان کُھل گیا اور ایک چِیز بڑی چادر کی مانِند چاروں کونوں سے لٹکتی ہُوئی زمِین کی طرف اُتر رہی ہے۔ جِس میں زمِین کے سب قِسم کے چَوپائے اور کِیڑے مکَوڑے اور ہوا کے پرِندے ہیں۔ اور اُسے ایک آواز آئی کہ اَے پطرؔس اُٹھ! ذبح کر اور کھا۔ مگر پطرؔس نے کہا اَے خُداوند! ہرگِز نہیں کیونکہ مَیں نے کبھی کوئی حرام یا ناپاک چِیز نہیں کھائی۔ پِھر دُوسری بار اُسے آواز آئی کہ جِن کو خُدا نے پاک ٹھہرایا ہے تُو اُنہیں حرام نہ کہہ۔ تِین بار اَیسا ہی ہُؤا اور فی الفَور وہ چِیز آسمان پر اُٹھا لی گئی۔ جب پطرؔس اپنے دِل میں حَیران ہو رہا تھا کہ یہ رویا جو مَیں نے دیکھی کیا ہے تو دیکھو وہ آدمی جِنہیں کُرنِیلِیُس نے بھیجا تھا شمعُوؔن کا گھر دریافت کر کے دروازہ پر آ کھڑے ہُوئے۔ اور پُکار کر پُوچھنے لگے کہ شمعُوؔن جو پطرؔس کہلاتا ہے یہِیں مِہمان ہے؟ جب پطرؔس اُس رویا کو سوچ رہا تھا تو رُوح نے اُس سے کہا کہ دیکھ تِین آدمی تُجھے پُوچھ رہے ہیں۔ پس اُٹھ کر نِیچے جا اور بے کھٹکے اُن کے ساتھ ہو لے کیونکہ مَیں نے ہی اُن کو بھیجا ہے۔ پطرؔس نے اُتر کر اُن آدمِیوں سے کہا دیکھو جِس کو تُم پُوچھتے ہو وہ مَیں ہی ہُوں۔ تُم کِس سبب سے آئے ہو؟ اُنہوں نے کہا کُرنِیلِیُس صُوبہ دار جو راست باز اور خُدا ترس آدمی اور یہُودِیوں کی ساری قَوم میں نیک نام ہے اُس نے پاک فرِشتہ سے ہدایت پائی کہ تُجھے اپنے گھر بُلا کر تُجھ سے کلام سُنے۔ پس اُس نے اُنہیں اندر بُلا کر اُن کی مِہمانی کی۔ اور دُوسرے دِن وہ اُٹھ کر اُن کے ساتھ روانہ ہُؤا اور یافا میں سے بعض بھائی اُس کے ساتھ ہو لِئے۔ وہ دُوسرے روز قَیصرؔیہ میں داخِل ہُوئے اور کُرنِیلِیُس اپنے رِشتہ داروں اور دِلی دوستوں کو جمع کر کے اُن کی راہ دیکھ رہا تھا۔ جب پطرؔس اندر آنے لگا تو اَیسا ہُؤا کہ کُرنِیلِیُس نے اُس کا اِستِقبال کِیا اور اُس کے قَدموں میں گِر کر سِجدہ کِیا۔ لیکن پطرس نے اُسے اُٹھا کر کہا کہ کھڑا ہو۔ مَیں بھی تو اِنسان ہُوں۔ اور اُس سے باتیں کرتا ہُؤا اندر گیا اور بُہت سے لوگوں کو اِکٹّھا پا کر۔ اُن سے کہا تُم تو جانتے ہو کہ یہُودی کو غَیر قَوم والے سے صُحبت رکھنا یا اُس کے ہاں جانا ناجائِز ہے مگر خُدا نے مُجھ پر ظاہِر کِیا کہ مَیں کِسی آدمی کو نجِس یا ناپاک نہ کہُوں۔ اِسی لِئے جب مَیں بُلایا گیا تو بے عُذر چلا آیا۔ پس اب مَیں پُوچھتا ہُوں کہ مُجھے کس بات کے لِئے بُلایا ہے؟ کُرنِیلِیُس نے کہا اِس وقت پُورے چار روز ہُوئے کہ مَیں اپنے گھر میں تِیسرے پہر کی دُعا کر رہا تھا اور کیا دیکھتا ہُوں کہ ایک شخص چمک دار پَوشاک پہنے ہُوئے میرے سامنے کھڑا ہُؤا۔ اور کہا کہ اَے کُرنِیلِیُس تیری دُعا سُن لی گئی اور تیری خَیرات کی خُدا کے حضُور یاد ہُوئی۔ پس کِسی کو یافا میں بھیج کر شمعُوؔن کو جو پطرؔس کہلاتا ہے اپنے پاس بُلا۔ وہ سمُندر کے کِنارے شمعُوؔن دبّاغ کے گھر میں مِہمان ہے۔ پس اُسی دَم مَیں نے تیرے پاس آدمی بھیجے اور تُو نے خُوب کِیا جو آ گیا۔ اب ہم سب خُدا کے حضُور حاضِر ہیں تاکہ جو کُچھ خُداوند نے تُجھ سے فرمایا ہے اُسے سُنیں۔ پطرؔس نے زُبان کھول کر کہا۔ اب مُجھے پُورا یقِین ہو گیا کہ خُدا کِسی کا طرف دار نہیں۔ بلکہ ہر قَوم میں جو اُس سے ڈرتا اور راست بازی کرتا ہے وہ اُس کو پسند آتا ہے۔ جو کلام اُس نے بنی اِسرائیل کے پاس بھیجا جب کہ یِسُوعؔ مسِیح کی معرفت (جو سب کا خُداوند ہے) صُلح کی خُوشخبری دی۔ اُس بات کو تُم جانتے ہو جو یُوحنّا کے بپتِسمہ کی مُنادی کے بعد گلِیل سے شرُوع ہو کر تمام یہُودیہ میں مشہُور ہو گئی۔ کہ خُدا نے یِسُوعؔ ناصری کو رُوحُ القُدس اور قُدرت سے کِس طرح مَسح کِیا۔ وہ بھلائی کرتا اور اُن سب کو جو اِبلِیس کے ہاتھ سے ظُلم اُٹھاتے تھے شِفا دیتا پِھرا کیونکہ خُدا اُس کے ساتھ تھا۔ اور ہم اُن سب کاموں کے گواہ ہیں جو اُس نے یہُودِیوں کے مُلک اور یروشلِیم میں کِئے اور اُنہوں نے اُس کو صلِیب پر لٹکا کر مار ڈالا۔ اُس کو خُدا نے تِیسرے دِن جِلایا اور ظاہِر بھی کر دِیا۔ نہ کہ ساری اُمّت پر بلکہ اُن گواہوں پر جو آگے سے خُدا کے چُنے ہُوئے تھے یعنی ہم پر جِنہوں نے اُس کے مُردوں میں سے جی اُٹھنے کے بعد اُس کے ساتھ کھایا پِیا۔ اور اُس نے ہمیں حُکم دِیا کہ اُمّت میں مُنادی کرو اور گواہی دو کہ یہ وُہی ہے جو خُدا کی طرف سے زِندوں اور مُردوں کا مُنصِف مُقرّر کِیا گیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
اعمال 10 URD