۲-سموئیل 1:21-14
۲-سموئیل 1:21-14 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَور داویؔد کی حُکمرانی کے دَوران تین سال مسلسل قحط پڑا لہٰذا داویؔد نے یَاہوِہ سے دریافت کیا۔ یَاہوِہ نے فرمایا کہ، ”یہ شاؤل اَور اُس کے خُونریز گھرانے کے سبب سے ہے اَور اِس لیٔے بھی کہ اُس نے گِبعونیوں کو قتل کیا تھا۔“ تَب بادشاہ نے گِبعونیوں کو بُلایا اَور اُن سے بات کی۔ (وہ گِبعونی بنی اِسرائیل میں سے نہیں تھے بَلکہ باقی بچے ہُوئے امُوریوں میں سے تھے جِن کی جان بخشی گئی اِسرائیلیوں نے قَسم کھائی تھی لیکن شاؤل نے بنی اِسرائیل اَور یہُوداہؔ کی خاطِر اَپنا جوش دِکھانے کے لیٔے اُنہیں نِیست و نابود کرنے کی کوشش کی تھی)۔ داویؔد نے گِبعونیوں سے پُوچھا کہ، ”مَیں تمہارے لیٔے کیا کروں؟ میں کس چیز سے کفّارہ دُوں تاکہ تُم یَاہوِہ کی مِیراث کو دعا دو؟“ گِبعونیوں نے اُسے جَواب دیا کہ، ”ہمیں کویٔی حق نہیں کہ شاؤل یا اُس کے گھرانے سے چاندی یا سونے کا مطالبہ کریں۔ نہ ہی ہمیں یہ اِختیار ہے کہ اِسرائیل میں سے کسی کی جان لیں۔“ تَب داویؔد نے اُن سے پُوچھا کہ پھر تُم کیا چاہتے ہو کہ مَیں تمہارے لیٔے کروں؟ اُنہُوں نے بادشاہ کو جَواب دیا کہ، ”وہ آدمی جِس نے ہمیں تباہ کیا اَور ہمارے خِلاف منصُوبہ بنایا کہ ہمارے لوگوں کو مار ڈالا جائے اَور ہمارے لیٔے اِسرائیل میں کہیں بھی کویٔی جگہ باقی نہ رہے، ہماری درخواست ہے کہ اُسی کی نَسل میں سے سات آدمی ہمارے حوالہ کئے جایٔیں تاکہ اُنہیں قتل کرکے اُن کی لاشیں یَاہوِہ کے لیٔے یَاہوِہ کے چُنے ہُوئے شاؤل کے گِبعہؔ میں لٹکا دی جایٔیں۔“ بادشاہ نے کہا، ”اَچھّا، میں اُنہیں تمہارے حوالہ کر دُوں گا۔“ لیکن بادشاہ نے مفِیبوستؔ بِن یُوناتانؔ بِن شاؤل کو اُس یَاہوِہ کے عہدوپیمان کی وجہ سے جو داویؔد اَور یُوناتانؔ بِن شاؤل کے درمیان باندھا گیا تھا بچائے رکھا لیکن بادشاہ نے ایّہؔ کی بیٹی رِصفاہؔ کے دونوں بیٹوں ارموؔنی اَور مفِیبوستؔ کو جو اُن کے ہاں شاؤل سے پیدا ہُوئے تھے اَور شاؤل کی لڑکی میربؔ یعنی میکلؔ کے پانچ بیٹوں کو جو اُن کے ہاں عدری ایل بِن برزِلّئیؔ مِحولاتی سے پیدا ہُوئے تھے، لے کر گِبعونیوں کے حوالہ کیا جنہوں نے اُنہیں قتل کرکے یَاہوِہ کے آگے ایک پہاڑی پر لٹکا دیا۔ وہ ساتوں ایک ساتھ مَرے۔ اُنہیں فصل کاٹنے کے دِنوں میں عَین اُس وقت جَب جَو کی فصل کی کٹائی شروع ہو رہی تھی قتل کیا گیا۔ تَب ایّہؔ کی بیٹی رِصفاہؔ نے ٹاٹ لے کر اُسے اَپنے لیٔے ایک پہاڑی پر بچھا لیا اَور فصل کی کٹائی کے شروع سے لے کر لاشوں پر آسمان سے بارش ہونے تک نہ تو دِن کو پرندوں کو اَور نہ رات کو جنگلی جانوروں کو اُن لاشوں کو چھُونے دیا۔ جَب داویؔد کو شاؤل کی داشتہ ایّہؔ کی بیٹی رِصفاہؔ کی اِس حرکت کی خبر مِلی تو داویؔد بادشاہ نے جا کر شاؤل اَور اُس کے بیٹے یُوناتانؔ کی ہڈّیاں یبیسؔ گِلعادؔ کے لوگوں سے لے لیں۔ (یبیسؔ گِلعادؔ کے باشِندوں نے اُن ہڈّیوں کو جو بیت شانؔ کے چَوک سے چوری کی گئی تھیں، جہاں فلسطینیوں نے گِلبوعہؔ میں شاؤل کو مارنے کے بعد لٹکا دیا تھا)۔ داویؔد، شاؤل اَور اُس کے بیٹے یُوناتانؔ کی ہڈّیوں کو وہاں سے لے آئے اَور جنہیں قتل کیا گیا تھا اُن کی ہڈّیوں کو بھی جو میدان میں بِکھری پڑی تھیں جمع کیا گیا۔ اَور اُنہُوں نے شاؤل کی اَور اُس کے بیٹے یُوناتانؔ کی ہڈّیوں کو ضِلعؔ میں جو بِنیامین کی سرزمین میں ہے شاؤل کے باپ قیشؔ کی قبر میں دفن کیا اَور بادشاہ نے جو کچھ کرنے کا حُکم دیا تھا اُنہُوں نے کیا اَور اِس کے بعد خُدا نے اُس دعا کو سُن لیا جو اُس مُلک کے حق میں مانگی گئی تھی۔
۲-سموئیل 1:21-14 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
داؤد کی حکومت کے دوران کال پڑ گیا جو تین سال تک جاری رہا۔ جب داؤد نے اِس کی وجہ دریافت کی تو رب نے جواب دیا، ”کال اِس لئے ختم نہیں ہو رہا کہ ساؤل نے جِبعونیوں کو قتل کیا تھا۔“ تب بادشاہ نے جِبعونیوں کو بُلا لیا تاکہ اُن سے بات کرے۔ اصل میں وہ اسرائیلی نہیں بلکہ اموریوں کا بچا کھچا حصہ تھے۔ ملکِ کنعان پر قبضہ کرتے وقت اسرائیلیوں نے قَسم کھا کر وعدہ کیا تھا کہ ہم آپ کو ہلاک نہیں کریں گے۔ لیکن ساؤل نے اسرائیل اور یہوداہ کے لئے جوش میں آ کر اُنہیں ہلاک کرنے کی کوشش کی تھی۔ داؤد نے جِبعونیوں سے پوچھا، ”مَیں اُس زیادتی کا کفارہ کس طرح دے سکتا ہوں جو آپ سے ہوئی ہے؟ مَیں آپ کے لئے کیا کروں تاکہ آپ دوبارہ اُس زمین کو برکت دیں جو رب نے ہمیں میراث میں دی ہے؟“ اُنہوں نے جواب دیا، ”جو ساؤل نے ہمارے اور ہمارے خاندانوں کے ساتھ کیا ہے اُس کا ازالہ سونے چاندی سے نہیں کیا جا سکتا۔ یہ بھی مناسب نہیں کہ ہم اِس کے عوض کسی اسرائیلی کو مار دیں۔“ داؤد نے سوال کیا، ”تو پھر مَیں آپ کے لئے کیا کروں؟“ جِبعونیوں نے کہا، ”ساؤل ہی نے ہمیں ہلاک کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، وہی ہمیں تباہ کرنا چاہتا تھا تاکہ ہم اسرائیل کی کسی بھی جگہ قائم نہ رہ سکیں۔ اِس لئے ساؤل کی اولاد میں سے سات مردوں کو ہمارے حوالے کر دیں۔ ہم اُنہیں رب کے چنے ہوئے بادشاہ ساؤل کے وطنی شہر جِبعہ میں رب کے پہاڑ پر موت کے گھاٹ اُتار کر اُس کے حضور لٹکا دیں۔“ بادشاہ نے جواب دیا، ”مَیں اُنہیں آپ کے حوالے کر دوں گا۔“ یونتن کا بیٹا مفی بوست ساؤل کا پوتا تو تھا، لیکن بادشاہ نے اُسے نہ چھیڑا، کیونکہ اُس نے رب کی قَسم کھا کر یونتن سے وعدہ کیا تھا کہ مَیں آپ کی اولاد کو کبھی نقصان نہیں پہنچاؤں گا۔ چنانچہ اُس نے ساؤل کی داشتہ رِصفہ بنت ایّاہ کے دو بیٹوں ارمونی اور مفی بوست کو اور اِس کے علاوہ ساؤل کی بیٹی میرب کے پانچ بیٹوں کو چن لیا۔ میرب برزلی محولاتی کے بیٹے عدری ایل کی بیوی تھی۔ اِن سات آدمیوں کو داؤد نے جِبعونیوں کے حوالے کر دیا۔ ساتوں آدمیوں کو مذکورہ پہاڑ پر لایا گیا۔ وہاں جِبعونیوں نے اُنہیں قتل کر کے رب کے حضور لٹکا دیا۔ وہ سب ایک ہی دن مر گئے۔ اُس وقت جَو کی فصل کی کٹائی شروع ہوئی تھی۔ تب رِصفہ بنت ایّاہ ساتوں لاشوں کے پاس گئی اور پتھر پر اپنے لئے ٹاٹ کا کپڑا بچھا کر لاشوں کی حفاظت کرنے لگی۔ دن کے وقت وہ پرندوں کو بھگاتی اور رات کے وقت جنگلی جانوروں کو لاشوں سے دُور رکھتی رہی۔ وہ بہار کے موسم میں فصل کی کٹائی کے پہلے دنوں سے لے کر اُس وقت تک وہاں ٹھہری رہی جب تک بارش نہ ہوئی۔ جب داؤد کو معلوم ہوا کہ ساؤل کی داشتہ رِصفہ نے کیا کِیا ہے تو وہ یبیس جِلعاد کے باشندوں کے پاس گیا اور اُن سے ساؤل اور اُس کے بیٹے یونتن کی ہڈیوں کو لے کر ساؤل کے باپ قیس کی قبر میں دفنایا۔ (جب فلستیوں نے جِلبوعہ کے پہاڑی علاقے میں اسرائیلیوں کو شکست دی تھی تو اُنہوں نے ساؤل اور یونتن کی لاشوں کو بیت شان کے چوک میں لٹکا دیا تھا۔ تب یبیس جِلعاد کے آدمی چوری چوری وہاں آ کر لاشوں کو اپنے پاس لے گئے تھے۔) داؤد نے جِبعہ میں اب تک لٹکی سات لاشوں کو بھی اُتار کر ضلع میں قیس کی قبر میں دفنایا۔ ضلع بن یمین کے قبیلے کی آبادی ہے۔ جب سب کچھ داؤد کے حکم کے مطابق کیا گیا تھا تو رب نے ملک کے لئے دعائیں سن لیں۔
۲-سموئیل 1:21-14 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور داؤُد کے ایّام میں پَے در پَے تِین سال کال پڑا اور داؤُد نے خُداوند سے دریافت کِیا۔ خُداوند نے فرمایا کہ یہ ساؤُل اور اُس کے خُون ریز گھرانے کے سبب سے ہے کیونکہ اُس نے جِبعُونیوں کو قتل کِیا۔ تب بادشاہ نے جِبعُونیوں کو بُلا کر اُن سے بات کی۔ یہ جِبعُونی بنی اِسرائیل میں سے نہیں بلکہ بچے ہُوئے امورِیوں میں سے تھے اور بنی اِسرائیل نے اُن سے قَسم کھائی تھی اور ساؤُل نے بنی اِسرائیل اور بنی یہُوداؔہ کی خاطِر اپنی گرمجوشی میں اُن کو قتل کر ڈالنا چاہا تھا۔ سو داؤُد نے جِبعُونِیوں سے کہا مَیں تُمہارے لِئے کیا کرُوں اور مَیں کِس چِیز سے کفّارہ دُوں تاکہ تُم خُداوند کی مِیراث کو دُعا دو؟ جِبعُونیوں نے اُس سے کہا کہ ہمارے اور ساؤُل یا اُس کے گھرانے کے درمِیان چاندی یا سونے کا کوئی مُعاملہ نہیں اور نہ ہم کو یہ اِختیار ہے کہ ہم اِسرائیلؔ کے کِسی مَرد کو جان سے ماریں۔ اُس نے کہا جو کُچھ تُم کہو مَیں وُہی تُمہارے لِئے کرُوں گا۔ اُنہوں نے بادشاہ کو جواب دِیا کہ جِس شخص نے ہمارا ناس کِیا اور ہمارے خِلاف اَیسی تدبِیر نِکالی کہ ہم نابُود کِئے جائیں اور اِسرائیلؔ کی کِسی مُملکت میں باقی نہ رہیں۔ اُسی کے بیٹوں میں سے سات آدمی ہمارے حوالہ کر دِئے جائیں اور ہم اُن کو خُداوند کے لِئے خُداوند کے چُنے ہُوئے ساؤُل کے جِبعہ میں لٹکا دیں گے۔ بادشاہ نے کہا مَیں دے دُوں گا۔ لیکن بادشاہ نے مفِیبوؔست بِن یُونتن بِن ساؤُل کو خُداوند کی قَسم کے سبب سے جو اُن کے یعنی داؤُد اور ساؤُل کے بیٹے یُونتن کے درمِیان ہُوئی تھی بچا رکھّا۔ پر بادشاہ نے ایاّہ کی بیٹی رِصفہ کے دونوں بیٹوں ارموؔنی اور مفِیبوؔست کو جو ساؤُل سے ہُوئے تھے اور ساؤُل کی بیٹی مِیکل کے پانچوں بیٹوں کو جو برزِؔلّی محُولاتی کے بیٹے عدرؔی ایل سے ہُوئے تھے لے کر۔ اُن کو جِبعُونیوں کے حوالہ کِیا اور اُنہوں نے اُن کو پہاڑ پر خُداوند کے حضُور لٹکا دِیا۔ سو وہ ساتوں ایک ساتھ مَرے۔ یہ سب فصل کاٹنے کے ایّام میں یعنی جَو کی فصل کے شرُوع کے دِنوں میں مارے گئے۔ تب ایّاہ کی بیٹی رِصفہ نے ٹاٹ لِیا اور فصل کے شرُوع سے اُس کو اپنے لِئے چٹان پر بِچھائے رہی جب تک کہ آسمان سے اُن پر بارِش نہ ہُوئی اور اُس نے نہ تو دِن کے وقت ہوا کے پرِندوں کو اور نہ رات کے وقت جنگلی درِندوں کو اُن پر آنے دِیا۔ اور داؤُد کو بتایا گیا کہ ساؤُل کی حرم ایّاہ کی بیٹی رِصفہ نے اَیسا اَیسا کِیا۔ تب داؤُد نے جا کر ساؤُل کی ہڈِّیوں اور اُس کے بیٹے یُونتن کی ہڈِّیوں کو یبِیس جِلعاد کے لوگوں سے لِیا جو اُن کو بَیت شان کے چَوک میں سے چُرا لائے تھے جہاں فِلستِیوں نے اُن کو جِس دِن کہ اُنہوں نے ساؤُل کو جِلبوؔعہ میں قتل کِیا ٹانگ دِیا تھا۔ سو وہ ساؤُل کی ہڈِّیوں اور اُس کے بیٹے یُونتن کی ہڈِّیوں کو وہاں سے لے آیا اور اُنہوں نے اُن کی بھی ہڈِّیاں جمع کِیں جو لٹکائے گئے تھے۔ اور اُنہوں نے ساؤُل اور اُس کے بیٹے یُونتن کی ہڈِّیوں کو ضِلع میں جو بِنیمِین کی سرزمِین میں ہے اُسی کے باپ قِیس کی قبر میں دفن کِیا اور اُنہوں نے جو کُچھ بادشاہ نے فرمایا سب پُورا کِیا۔ اِس کے بعد خُدا نے اُس مُلک کے بارہ میں دُعا سُنی۔