۲-پطرس 5:1-15
۲-پطرس 5:1-15 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
لہٰذا ہر ممکن کوشش کرو کہ تمہارے ایمان میں اَخلاق کا، اَخلاق میں علم کا، علم میں پرہیزگاری کا، پرہیزگاری میں صبر کا، صبر میں خُدا پرستی کا، خُدا پرستی میں برادرانہ اُلفت کا اَور برادرانہ اُلفت میں مَحَبّت کا اِضافہ کرتے چلے جاؤ۔ کیونکہ اگر یہ خُوبیاں تمہارے اَندر مَوجُود ہیں اَور اِن میں اِضافہ ہوتا جا رہاہے تو تُم ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے مُکمّل علم میں بیکار اَور بے پھل نہیں ہوگے۔ لیکن جِس میں یہ خُوبیاں مَوجُود نہیں ہیں وہ اَندھا یا کوتاہ نظر والا ہے اَور بھُول بیٹھا ہے کہ اُس کے پچھلے گُناہوں سے اُسے پاک صَاف کیا جا چُکاہے۔ چنانچہ اَے بھائیوں اَور بہنوں! اَپنے بُلائے جانے اَور مُنتخب کیٔے جانے کو ثابت کرنے کے لیٔے پُوری کوشش کرتے رہو، کیونکہ اگر اَیسا کروگے تو کبھی ٹھوکر نہ کھاؤگے۔ بَلکہ اِس سے تُم ہمارے خُداوؔند اَور مُنجّی یِسوعؔ المسیح کی اَبدی بادشاہی میں بڑی عزّت کے ساتھ داخل کیٔے جاؤگے۔ اِس لیٔے میں تُمہیں ہمیشہ اِن باتوں کو یاد دِلاتا رہُوں گا، حالانکہ تُم اِن سے واقف ہو اَور مضبُوطی سے اُس حق پر قائِم ہو، جو تُمہیں حاصل ہے۔ بَلکہ میں اَپنا فرض سمجھتا ہُوں کہ جَب تک میں اِس جِسمانی خیمہ میں زندہ ہُوں، اِن باتوں کو یاد دِلا دِلا کر تُمہیں اُبھارنا واجِب سمجھتا ہُوں، کیونکہ ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے قول کے مُطابق، میں جانتا ہُوں کہ میرے جِسمانی خیمہ کے گرائے جانے کا وقت جلد آنے والا ہے۔ لہٰذا میں پُوری کوشش کروں گا کہ میرے اِنتقال کے بعد بھی تُم اِن باتوں کو ہمیشہ یاد رکھ سکو۔
۲-پطرس 5:1-15 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
یہ سب کچھ پیشِ نظر رکھ کر پوری لگن سے کوشش کریں کہ آپ کے ایمان سے اخلاق پیدا ہو جائے، اخلاق سے علم، علم سے ضبطِ نفس، ضبطِ نفس سے ثابت قدمی، ثابت قدمی سے خدا ترس زندگی، خدا ترس زندگی سے برادرانہ شفقت اور برادرانہ شفقت سے سب کے لئے محبت۔ کیونکہ جتنا ہی آپ اِن خوبیوں میں بڑھتے جائیں گے اُتنا ہی یہ آپ کو اِس سے محفوظ رکھیں گی کہ آپ ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کو جاننے میں سُست اور بےپھل رہیں۔ لیکن جس میں یہ خوبیاں نہیں ہیں اُس کی نظر اِتنی کمزور ہے کہ وہ اندھا ہے۔ وہ بھول گیا ہے کہ اُسے اُس کے گزرے گناہوں سے پاک صاف کیا گیا ہے۔ چنانچہ بھائیو، مزید لگن سے اپنے بُلاوے اور چناؤ کی تصدیق کرنے میں کوشاں رہیں۔ کیونکہ یہ کرنے سے آپ گر جانے سے بچیں گے اور اللہ بڑی خوشی سے آپ کو ہمارے خداوند اور نجات دہندہ عیسیٰ مسیح کی بادشاہی میں داخل ہونے کی اجازت دے گا۔ اِس لئے مَیں ہمیشہ آپ کو اِن باتوں کی یاد دلاتا رہوں گا، حالانکہ آپ اِن سے واقف ہیں اور مضبوطی سے اُس سچائی پر قائم ہیں جو آپ کو ملی ہے۔ بلکہ مَیں اپنا فرض سمجھتا ہوں کہ جتنی اَور دیر مَیں جسم کی اِس جھونپڑی میں رہتا ہوں آپ کو اِن باتوں کی یاد دلانے سے اُبھارتا رہوں۔ کیونکہ مجھے معلوم ہے کہ اب میری یہ جھونپڑی جلد ہی ڈھا دی جائے گی۔ ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح نے بھی مجھ پر یہ ظاہر کیا تھا۔ لیکن مَیں پوری کوشش کروں گا کہ میرے کوچ کر جانے کے بعد بھی آپ ہر وقت اِن باتوں کو یاد رکھ سکیں۔
۲-پطرس 5:1-15 کِتابِ مُقادّس (URD)
پس اِسی باعِث تُم اپنی طرف سے کمال کوشِش کر کے اپنے اِیمان پر نیکی اور نیکی پر معرفت۔ اور معرفت پر پرہیزگاری اور پرہیزگاری پر صبر اور صبر پر دِین داری۔ اور دِین داری پر برادرانہ اُلفت اور برادرانہ اُلفت پر مُحبّت بڑھاؤ۔ کیونکہ اگر یہ باتیں تُم میں مَوجُود ہوں اور زِیادہ بھی ہوتی جائیں تو تُم کو ہمارے خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کے پہچاننے میں بے کار اور بے پَھل نہ ہونے دیں گی۔ اور جِس میں یہ باتیں نہ ہوں وہ اندھا ہے اور کوتاہ نظر اور اپنے پہلے گُناہوں کے دھوئے جانے کو بُھولے بَیٹھا ہے۔ پس اَے بھائِیو! اپنے بُلاوے اور برگُزِیدگی کو ثابِت کرنے کی زِیادہ کوشِش کرو کیونکہ اگر اَیسا کرو گے تو کبھی ٹھوکر نہ کھاؤ گے۔ بلکہ اِس سے تُم ہمارے خُداوند اور مُنّجی یِسُوعؔ مسِیح کی ابدی بادشاہی میں بڑی عِزّت کے ساتھ داخِل کِئے جاؤ گے۔ اِس لِئے مَیں تُمہیں یہ باتیں یاد دِلانے کو ہمیشہ مُستعِد رہُوں گا اگرچہ تُم اُن سے واقِف اور اُس حق بات پر قائِم ہو جو تُمہیں حاصِل ہے۔ اور جب تک مَیں اِس خَیمہ میں ہُوں تُمہیں یاد دِلا دِلا کر اُبھارنا اپنے اُوپر واجِب سمجھتا ہُوں۔ کیونکہ ہمارے خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کے بتانے کے مُوافِق مُجھے معلُوم ہے کہ میرے خَیمہ کے گِرائے جانے کا وقت جلد آنے والا ہے۔ پس مَیں اَیسی کوشِش کرُوں گا کہ میرے اِنتِقال کے بعد تُم اِن باتوں کو ہمیشہ یاد رکھ سکو۔