۲-توارِیخ 11:7-16
۲-توارِیخ 11:7-16 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
جَب شُلومونؔ یَاہوِہ کے بیت المُقدّس اَور شاہی محل کی تعمیر کر چُکے اَور یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں اَور اَپنے محل میں جو کچھ تعمیر کرنا چاہتے تھے، اُسے کامیابی کے ساتھ بنا چُکے، تَب ایک رات یَاہوِہ شُلومونؔ پر ظاہر ہُوئے اَور فرمایا: ”مَیں نے تمہاری دعا سُن لی ہے اَور مَیں نے اِس مقام کو اَپنے لیٔے قُربانی کے بیت المُقدّس کے طور پر اِنتخاب کیا ہے۔ ”اَور جَب مَیں آسمانوں کو بند کر دُوں تاکہ بارش نہ ہو یا ٹِڈّیوں کو حُکم دُوں کہ مُلک کو اُجاڑ ڈالیں یا اَپنی قوم میں وَبا بھیج دُوں، اگر میری قوم جو میرے نام سے جانی جاتی ہے، فروتن ہوکر دعا کرے اَور میرے دیدار کی طالب ہو اَور اَپنی بُری روِشوں سے تَوبہ کرے، تو میں آسمان پر سے اُن کی سُنوں گا اَور اُن کے گُناہ مُعاف کر دُوں گا اَور اُن کے مُلک کو پھر سے شفا بخشوں گا۔ اَب سے جو دعائیں اِس مقام میں کی جایٔیں گی میری آنکھیں اُن کی طرف کھُلی رہیں گی اَور میرے کان اُن کی طرف لگے رہیں گے۔ مَیں نے اِس بیت المُقدّس کو مُنتخب کر لیا ہے اَور اِسے مُقدّس ٹھہرایا ہے تاکہ اِس مقام میں میرے نام کا جلال ہمیشہ یہاں قائِم رہے اَور میری آنکھیں اَور میرا دِل دونوں ہمیشہ یہیں لگے رہیں۔
۲-توارِیخ 11:7-16 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
چنانچہ سلیمان نے رب کے گھر اور شاہی محل کو تکمیل تک پہنچایا۔ جو کچھ بھی اُس نے ٹھان لیا تھا وہ پورا ہوا۔ ایک رات رب اُس پر ظاہر ہوا اور کہا، ”مَیں نے تیری دعا کو سن کر طے کر لیا ہے کہ یہ گھر وہی جگہ ہو جہاں تم مجھے قربانیاں پیش کر سکو۔ جب کبھی مَیں بارش کا سلسلہ روکوں، یا فصلیں خراب کرنے کے لئے ٹڈیاں بھیجوں یا اپنی قوم میں وبا پھیلنے دوں تو اگر میری قوم جو میرے نام سے کہلاتی ہے اپنے آپ کو پست کرے اور دعا کر کے میرے چہرے کی طالب ہو اور اپنی شریر راہوں سے باز آئے تو پھر مَیں آسمان پر سے اُس کی سن کر اُس کے گناہوں کو معاف کر دوں گا اور ملک کو بحال کروں گا۔ اب سے جب بھی یہاں دعا مانگی جائے تو میری آنکھیں کھلی رہیں گی اور میرے کان اُس پر دھیان دیں گے۔ کیونکہ مَیں نے اِس گھر کو چن کر مخصوص و مُقدّس کر رکھا ہے تاکہ میرا نام ہمیشہ تک یہاں قائم رہے۔ میری آنکھیں اور دل ہمیشہ اِس میں حاضر رہیں گے۔
۲-توارِیخ 11:7-16 کِتابِ مُقادّس (URD)
یُوں سُلیماؔن نے خُداوند کا گھر اور بادشاہ کا گھر تمام کِیا اور جو کُچھ سُلیماؔن نے خُداوند کے گھر میں اور اپنے گھر میں بنانا چاہا اُس نے اُسے بخُوبی انجام تک پُہنچایا۔ اور خُداوند رات کو سُلیماؔن پر ظاہِر ہُؤا اور اُس سے کہا کہ مَیں نے تیری دُعا سُنی اور اِس جگہ کو اپنے واسطے چُن لِیا کہ یہ قُربانی کا گھر ہو۔ اگر مَیں آسمان کو بند کر دُوں کہ بارِش نہ ہو یا ٹڈِّیوں کو حُکم دُوں کہ مُلک کو اُجاڑ ڈالیں یا اپنے لوگوں کے درمِیان وبا بھیجُوں۔ تب اگر میرے لوگ جو میرے نام سے کہلاتے ہیں خاکسار بن کر دُعا کریں اور میرے دِیدار کے طالِب ہوں اور اپنی بُری راہوں سے پِھریں تو مَیں آسمان پر سے سُن کر اُن کا گُناہ مُعاف کرُوں گا اور اُن کے مُلک کو بحال کر دُوں گا۔ اب سے جو دُعا اِس جگہ کی جائے گی اُس پر میری آنکھیں کُھلی اور میرے کان لگے رہیں گے۔ کیونکہ مَیں نے اِس گھر کو اب چُنا اور مُقدّس کِیا ہے کہ میرا نام یہاں سدا رہے اور میری آنکھیں اور میرا دِل برابر یہِیں لگے رہیں گے۔