۱-سموئیل 8:3-11
۱-سموئیل 8:3-11 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
پھر یَاہوِہ نے تیسری بار ”شموایلؔ!“ کو پُکارا اَور شموایلؔ اُٹھ کر عیلیؔ کے پاس گیا اَور کہا، ”آپ نے مُجھے پُکارا اِس لیٔے مَیں حاضِر ہُوں۔“ تَب عیلیؔ سمجھ گیا کہ اُس لڑکے کو یَاہوِہ آواز دے رہے تھے۔ لہٰذا عیلیؔ نے شموایلؔ سے کہا، ”جا اَور لیٹ جا، اگر تُجھے پھر بُلایا جائے تو کہنا، ’اَے یَاہوِہ! فرمایئے کیونکہ آپ کا بندہ سُن رہاہے۔‘ “ پس شموایلؔ جا کر اَپنی جگہ لیٹ گیا۔ تَب یَاہوِہ وہاں آ کھڑے ہُوئے اَور پہلے کی طرح پُکارا، ”شموایلؔ! شموایلؔ!“ تَب شموایلؔ نے کہا، ”فرمایئے کیونکہ آپ کا خادِم سُن رہاہے۔“ اَور یَاہوِہ نے شموایلؔ سے کہا: ”دیکھ، مَیں اِسرائیل میں ایک اَیسا کام کرنے والا ہُوں جسے سُن کر ہر ایک کے کان بھنّا اُٹھیں گے۔
۱-سموئیل 8:3-11 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
چنانچہ رب نے تیسری بار آواز دی، ”سموایل!“ ایک اَور مرتبہ سموایل اُٹھ کھڑا ہوا اور عیلی کے پاس جا کر بولا، ”جی جناب، مَیں حاضر ہوں۔ آپ نے مجھے بُلایا؟“ یہ سن کر عیلی نے جان لیا کہ رب سموایل سے ہم کلام ہو رہا ہے۔ اِس لئے اُس نے لڑکے کو بتایا، ”اب دوبارہ لیٹ جاؤ، لیکن اگلی دفعہ جب آواز سنائی دے تو تمہیں کہنا ہے، ’اے رب، فرما۔ تیرا خادم سن رہا ہے‘۔“ سموایل ایک بار پھر اپنے بستر پر لیٹ گیا۔ رب آ کر وہاں کھڑا ہوا اور پہلے کی طرح پکارا، ”سموایل! سموایل!“ لڑکے نے جواب دیا، ”اے رب، فرما۔ تیرا خادم سن رہا ہے۔“ پھر رب سموایل سے ہم کلام ہوا، ”دیکھ، مَیں اسرائیل میں اِتنا ہول ناک کام کروں گا کہ جسے بھی اِس کی خبر ملے گی اُس کے کان بجنے لگیں گے۔
۱-سموئیل 8:3-11 کِتابِ مُقادّس (URD)
پِھر خُداوند نے تِیسری دفعہ سموئیل کو پُکارا اور وہ اُٹھ کر عیلی کے پاس گیا اور کہا تُو نے مُجھے پُکارا سو مَیں حاضِر ہُوں۔ سو عیلی جان گیا کہ خُداوند نے اُس لڑکے کو پُکارا۔ اِس لِئے عیلی نے سموئیل سے کہا جا لیٹ رہ اور اگر وہ تُجھے پُکارے تو تُو کہنا اَے خُداوند فرما کیونکہ تیرا بندہ سُنتا ہے۔ سو سموئیل جا کر اپنی جگہ پر لیٹ گیا۔ تب خُداوند آ کھڑا ہُؤا اور پہلے کی طرح پُکارا سموئیل! سموئیل! سموئیل نے کہا فرما کیونکہ تیرا بندہ سُنتا ہے۔ خُداوند نے سموئیل سے کہا دیکھ مَیں اِسرائیلؔ میں اَیسا کام کرنے پر ہُوں جِس سے ہر سُننے والے کے کان بھنّا جائیں گے۔