۱-سموئیل 1:24-7
۱-سموئیل 1:24-7 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
جَب شاؤل فلسطینیوں کے تعاقب سے لَوٹا تو اُسے خبر مِلی، ”داویؔد عینؔ گیدیؔ کے بیابان میں ہے۔“ لہٰذا شاؤل تمام اِسرائیل میں سے تین ہزار آدمیوں کو لے کر جنگلی بکروں کی چٹّانوں کے قریب داویؔد اَور اُس کے آدمیوں کو تلاش کرنے کے لیٔے روانہ ہُوا۔ اَور راستہ میں بھیڑوں کے باڑوں کے پاس پہُنچا۔ وہاں ایک غار تھا۔ شاؤل رفع حاجت کے لیٔے اُس کے اَندر گیا۔ اُسی غار کے پچھلے حِصّہ میں داویؔد اَور اُس کے آدمی بیٹھے تھے۔ اُن آدمیوں نے داویؔد سے کہا، ”یہی وہ دِن ہے جِس کی بابت یَاہوِہ نے آپ سے کہاتھا، ’مَیں تیرے دُشمن کو تیرے ہاتھ میں کر دُوں گا اَور تُو جَیسا چاہے اُس کے ساتھ سلُوک کرنا۔‘ “ تَب داویؔد نے دبے پاؤں باہر کی طرف جا کر شاؤل کے جُبّہ کے دامن کا ایک ٹکڑا اَیسے کاٹا کہ شاؤل کو پتا نہ چلا۔ بعدازاں شاؤل کے جُبّہ کا دامن کاٹنے کی وجہ سے داویؔد کے ضمیر نے اُسے ملامت کی اَور اُس نے اَپنے آدمیوں سے کہا، ”یَاہوِہ نہ کریں کہ میں اَپنے مالک سے جو یَاہوِہ کا ممسوح ہے اَیسا سلُوک کروں یا اُس کے خِلاف اَپنا ہاتھ اُٹھاؤں کیونکہ وہ یَاہوِہ کا ممسوح ہے۔“ اِن الفاظ کے ساتھ داویؔد نے اَپنے آدمیوں کو ڈانٹا اَور اُنہیں شاؤل پر حملہ کرنے سے روک دیا۔ جَب شاؤل غار سے نکل کر اَپنی راہ جا رہاتھا۔
۱-سموئیل 1:24-7 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
جب ساؤل فلستیوں کا تعاقب کرنے سے واپس آیا تو اُسے خبر ملی کہ داؤد عین جدی کے ریگستان میں ہے۔ وہ تمام اسرائیل کے 3,000 چیدہ فوجیوں کو لے کر پہاڑی بکریوں کی چٹانوں کے لئے روانہ ہوا تاکہ داؤد کو پکڑ لے۔ چلتے چلتے وہ بھیڑوں کے کچھ باڑوں سے گزرنے لگے۔ وہاں ایک غار کو دیکھ کر ساؤل اندر گیا تاکہ اپنی حاجت رفع کرے۔ اتفاق سے داؤد اور اُس کے آدمی اُسی غار کے پچھلے حصے میں چھپے بیٹھے تھے۔ داؤد کے آدمیوں نے آہستہ سے اُس سے کہا، ”رب نے تو آپ سے وعدہ کیا تھا، ’مَیں تیرے دشمن کو تیرے حوالے کر دوں گا، اور تُو جو جی چاہے اُس کے ساتھ کر سکے گا۔‘ اب یہ وقت آ گیا ہے!“ داؤد رینگتے رینگتے آگے ساؤل کے قریب پہنچ گیا۔ چپکے سے اُس نے ساؤل کے لباس کے کنارے کا ٹکڑا کاٹ لیا اور پھر واپس آ گیا۔ لیکن جب اپنے لوگوں کے پاس پہنچا تو اُس کا ضمیر اُسے ملامت کرنے لگا۔ اُس نے اپنے آدمیوں سے کہا، ”رب نہ کرے کہ مَیں اپنے آقا کے ساتھ ایسا سلوک کر کے رب کے مسح کئے ہوئے بادشاہ کو ہاتھ لگاؤں۔ کیونکہ رب نے خود اُسے مسح کر کے چن لیا ہے۔“ یہ کہہ کر داؤد نے اُن کو سمجھایا اور اُنہیں ساؤل پر حملہ کرنے سے روک دیا۔ تھوڑی دیر کے بعد ساؤل غار سے نکل کر آگے چلنے لگا۔
۱-سموئیل 1:24-7 کِتابِ مُقادّس (URD)
جب ساؤُل فِلستِیوں کا پِیچھا کر کے لَوٹا تو اُسے خبر مِلی کہ داؤُد عَین جدی کے بیابان میں ہے۔ سو ساؤُل سب اِسرائیلِیوں میں سے تِین ہزار چِیدہ مَرد لے کر جنگلی بکروں کی چٹانوں پر داؤُد اور اُس کے لوگوں کی تلاش میں چلا۔ اور وہ راستہ میں بھیڑسالوں کے پاس پُہنچا جہاں ایک غار تھا اور ساؤُل اُس غار میں فراغت کرنے گُھسا اور داؤُد اپنے لوگوں سمیت اُس غار کے اندرُونی خانوں میں بَیٹھا تھا۔ اور داؤُد کے لوگوں نے اُس سے کہا دیکھ یہ وہ دِن ہے جِس کی بابت خُداوند نے تُجھ سے کہا تھا کہ دیکھ مَیں تیرے دُشمن کو تیرے ہاتھ میں کر دُوں گا اور جو تیرا جی چاہے سو تُو اُس سے کرنا۔ سو داؤُد اُٹھ کر ساؤُل کے جُبّہ کا دامن چُپکے سے کاٹ لے گیا۔ اور اُس کے بعد اَیسا ہُؤا کہ داؤُد کا دِل بے چَین ہُؤا اِس لِئے کہ اُس نے ساؤُل کے جُبّہ کا دامن کاٹ لِیا تھا۔ اور اُس نے اپنے لوگوں سے کہا کہ خُداوند نہ کرے کہ مَیں اپنے مالِک سے جو خُداوند کا ممسُوح ہے اَیسا کام کرُوں کہ اپنا ہاتھ اُس پر چلاؤں اِس لِئے کہ وہ خُداوند کا ممسُوح ہے۔ سو داؤُد نے اپنے لوگوں کو یہ باتیں کہہ کر روکا اور اُن کو ساؤُل پر حملہ کرنے نہ دِیا اور ساؤُل اُٹھ کر غار سے نِکلا اور اپنی راہ لی۔