۱-سموئیل 1:19-10
۱-سموئیل 1:19-10 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
شاؤل نے اَپنے بیٹے یُوناتانؔ اَور سَب مُلازمین سے کہا کہ داویؔد کو مار ڈالو۔ لیکن یُوناتانؔ داویؔد کو بہت چاہتے تھے۔ اِس لیٔے یُوناتانؔ نے داویؔد کو خبردار کر دیا، ”میرا باپ شاؤل تُمہیں قتل کرنے کے لیٔے موقع کی تلاش میں ہے۔ لہٰذا کل صُبح ہوشیار رہنا اَور جا کر کہیں چھُپ جانا اَور وہیں رہنا۔ اَور مَیں باہر جا کر اُس میدان میں جہاں تُم ہوگے اَپنے باپ کے پاس کھڑا ہُوں گا۔ اَور مَیں اَپنے باپ سے تمہاری بابت گُفتگو کروں گا اَورجو کچھ مُجھے مَعلُوم ہوگا تُمہیں بتاؤں گا۔“ اَور یُوناتانؔ نے اَپنے باپ شاؤل سے داویؔد کی تعریف کی اَور اُن سے کہا، ”بادشاہ اَپنے خادِم داویؔد پر ظُلم نہ کریں۔ اُس نے بھی آپ کے خِلاف کوئی ظُلم نہیں کیا بَلکہ جو کچھ داویؔد نے کیا ہے اُس سے آپ کا بہت فائدہ ہُواہے۔ اُس نے اَپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر اُس فلسطینی کو مارا اَور یَاہوِہ نے سارے اِسرائیل کے لیٔے ایک بڑی فتح حاصل کی اَور آپ اِسے دیکھ کر خُوش ہُوئے۔ پھر آپ داویؔد جَیسے معصُوم آدمی کو بلاوجہ قتل کرکے کیوں مُجرم بننا چاہتے ہیں؟“ شاؤل نے یُوناتانؔ کی بات سُنی اَور قَسم کھائی: ”یَاہوِہ کی حیات کی قَسم داویؔد قتل نہیں کیا جائے گا۔“ پس یُوناتانؔ نے داویؔد کو بُلاکر ساری بات چیت کی بابت بتایا اَور وہ اُسے شاؤل کے پاس لایا اَور داویؔد پہلے کی طرح شاؤل کے پاس رہنے لگا۔ ایک دفعہ پھر جنگ چھِڑ گئی اَور داویؔد جا کر فلسطینیوں سے لڑے اَور اُنہیں اِتنی شِدّت سے مارا کہ وہ اُن کے سامنے سے فرار ہو گیٔے۔ لیکن یَاہوِہ کی طرف سے ایک بُری رُوح شاؤل پر اُس وقت چڑھی جَب وہ ہاتھ میں بھالا لیٔے ہُوئے اَپنے گھر میں بیٹھا ہُوا تھا اَور جَب داویؔد بربط بجا رہے تھے۔ شاؤل نے اَپنے نیزے کے ساتھ اُنہیں دیوار کے ساتھ چھید دینے کی کوشش کی۔ لیکن جَب شاؤل نے اَپنا بھالا دیوار کی طرف پھینکا تو داویؔد کسی طرح اُس کے وار سے بچ گئے اَور اُس رات داویؔد نے بھاگ کر اَپنی جان بچائی۔
۱-سموئیل 1:19-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اب ساؤل نے اپنے بیٹے یونتن اور تمام ملازموں کو صاف بتایا کہ داؤد کو ہلاک کرنا ہے۔ لیکن داؤد یونتن کو بہت پیارا تھا، اِس لئے اُس نے اُسے آگاہ کیا، ”میرا باپ آپ کو مار دینے کے مواقع ڈھونڈ رہا ہے۔ کل صبح خبردار رہیں۔ کہیں چھپ کر میرا انتظار کریں۔ پھر مَیں اپنے باپ کے ساتھ شہر سے نکل کر آپ کے قریب سے گزروں گا۔ وہاں مَیں اُن سے آپ کا معاملہ چھیڑ کر معلوم کروں گا کہ وہ کیا ارادہ رکھتے ہیں۔ جو کچھ بھی وہ کہیں گے مَیں آپ کو بتا دوں گا۔“ اگلی صبح جب یونتن نے اپنے باپ سے بات کی تو اُس نے داؤد کی سفارش کر کے کہا، ”بادشاہ اپنے خادم داؤد کا گناہ نہ کریں، کیونکہ اُس نے آپ کا گناہ نہیں کیا بلکہ ہمیشہ آپ کے لئے فائدہ مند رہا ہے۔ اُسی نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر فلستی کو مار ڈالا، اور رب نے اُس کے وسیلے سے تمام اسرائیل کو بڑی نجات بخشی۔ اُس وقت آپ خود بھی سب کچھ دیکھ کر خوش ہوئے۔ تو پھر آپ گناہ کر کے اُس جیسے بےقصور آدمی کو کیوں بلاوجہ مروانا چاہتے ہیں؟“ یونتن کی باتیں سن کر ساؤل مان گیا۔ اُس نے وعدہ کیا، ”رب کی حیات کی قَسم، داؤد کو مارا نہیں جائے گا۔“ بعد میں یونتن نے داؤد کو بُلا کر اُسے سب کچھ بتایا، پھر اُسے ساؤل کے پاس لایا۔ تب داؤد پہلے کی طرح بادشاہ کی خدمت کرنے لگا۔ ایک بار پھر جنگ چھڑ گئی، اور داؤد نکل کر فلستیوں سے لڑا۔ اِس دفعہ بھی اُس نے اُنہیں یوں شکست دی کہ وہ فرار ہو گئے۔ لیکن ایک دن جب ساؤل اپنا نیزہ پکڑے گھر میں بیٹھا تھا تو اللہ کی بھیجی ہوئی بُری روح اُس پر غالب آئی۔ اُس وقت داؤد سرود بجا رہا تھا۔ اچانک ساؤل نے نیزے کو پھینک کر داؤد کو دیوار کے ساتھ چھید ڈالنے کی کوشش کی۔ لیکن وہ ایک طرف ہٹ گیا اور نیزہ اُس کے قریب سے گزر کر دیوار میں دھنس گیا۔ داؤد بھاگ گیا اور اُس رات ساؤل کے ہاتھ سے بچ گیا۔
۱-سموئیل 1:19-10 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور ساؤُل نے اپنے بیٹے یُونتن اور اپنے سب خادِموں سے کہا کہ داؤُد کو مار ڈالو۔ لیکن ساؤُل کا بیٹا یُونتن داؤُد سے بُہت خُوش تھا۔ سو یُونتن نے داؤُد سے کہا میرا باپ تیرے قتل کی فِکر میں ہے اِس لِئے تُو صُبح کو اپنا خیال رکھنا اور کِسی پوشِیدہ جگہ میں چِھپے رہنا۔ اور مَیں باہر جا کر اُس مَیدان میں جہاں تُو ہو گا اپنے باپ کے پاس کھڑا ہُوں گا اور اپنے باپ سے تیری بابت گُفتگُو کرُوں گا اور اگر مُجھے کُچھ معلُوم ہو جائے تو تُجھے بتا دُوں گا۔ اور یُونتن نے اپنے باپ ساؤُل سے داؤُد کی تعرِیف کی اور کہا کہ بادشاہ اپنے خادِم داؤُد سے بدی نہ کرے کیونکہ اُس نے تیرا کُچھ گُناہ نہیں کِیا بلکہ تیرے لِئے اُس کے کام بُہت اچّھے رہے ہیں۔ کیونکہ اُس نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھّی اور اُس فِلستی کو قتل کِیا اور خُداوند نے سب اِسرائیلِیوں کے لِئے بڑی فتح کرائی۔ تُو نے یہ دیکھا اور خُوش ہُؤا۔ پس تُو کِس لِئے داؤُد کو بے سبب قتل کر کے بے گُناہ کے خُون کا مُجرِم بننا چاہتا ہے؟ اور ساؤُل نے یُونتن کی بات سُنی اور ساؤُل نے قَسم کھا کر کہا کہ خُداوند کی حیات کی قَسم ہے وہ مارا نہیں جائے گا۔ اور یُونتن نے داؤُد کو بُلایا اور اُس نے وہ سب باتیں اُس کو بتائِیں اور یُونتن داؤُد کو ساؤُل کے پاس لایا اور وہ پہلے کی طرح اُس کے پاس رہنے لگا۔ اور پِھر جنگ ہُوئی اور داؤُد نِکلا اور فِلستِیوں سے لڑا اور بڑی خُون ریزی کے ساتھ اُن کو قتل کِیا اور وہ اُس کے سامنے سے بھاگے۔ اور خُداوند کی طرف سے ایک بُری رُوح ساؤُل پر جب وہ اپنے گھر میں اپنا بھالا اپنے ہاتھ میں لِئے بَیٹھا تھا چڑھی اور داؤُد ہاتھ سے بجا رہا تھا۔ اور ساؤُل نے چاہا کہ داؤُد کو دِیوار کے ساتھ بھالے سے چھید دے پر وہ ساؤُل کے آگے سے ہٹ گیا اور بھالا دِیوار میں جا گُھسا اور داؤُد بھاگا اور اُس رات بچ گیا۔