۱-سلاطِین 1:4-34
۱-سلاطِین 1:4-34 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
شُلومونؔ بادشاہ نے پُورے مُلک اِسرائیل پر حُکمرانی کی۔ اَور شُلومونؔ کے اعلیٰ اہلکار یہ تھے: صدُوقؔ کا بیٹا عزریاہؔ کاہِنؔ تھا۔ اَور شیشؔا کے بیٹے الِیحورِفؔ اَور اخیاہؔ مُنشی تھے۔ اَور احِیلودؔ کا بیٹا یہوشافاطؔ کا مورّخ تھا۔ اَور بِنایاہؔ بِن یہُویدعؔ سپہ سالار تھا؛ اَور صدُوقؔ اَور ابیاترؔ کاہِنؔ تھے۔ اَور ناتنؔ کا بیٹا عزریاہؔ اُس صوبے کے حاکموں کا سربراہ تھا۔ اَور ناتنؔ کا بیٹا زابُودؔ کاہِنؔ اَور بادشاہ کا مُشیر تھا۔ اَور احیشار شاہی محل کا دیوان تھا۔ اَور ادُونِیرامؔ بِن عبداؔ، خراج کا داروغہ تھا۔ اَور شُلومونؔ نے سارے بنی اِسرائیل کے صوبے کے اُوپر بَارہ حاکم مُقرّر کیٔے تھے، جو بادشاہ اَور اُس کے محل کے لیٔے رسد پہُنچاتے تھے۔ ہر ایک کو سال میں مہینے بھر رسد پہُنچانی پڑتی تھی۔ اُن کے نام یہ ہیں: اِفرائیمؔ کے پہاڑی علاقہ میں بِن حُورؔ، اَور ماقاضؔ شہر میں بِن دِقر، شعلبِیمؔ، بیت شِمِشؔ اَور ایلون بیتھ حانانؔ، اَور اروبّوتؔ میں بِن حِصِدؔ کی حُکومت شوکوہؔ اَور پُورے حِفرؔ کی تمام سرزمین پر بھی تھا۔ اَور بِن ابینادابؔ پُورے نافات دورؔ کا حاکم تھا۔ اُس کی بیوی کا نام طافاتؔ تھا جو شُلومونؔ کی بیٹی تھی۔ اَور بعنہؔ بِن احِیلودؔ، جِس کے تعناکؔ اَور مگِدّوؔ اَور تمام بیت شانؔ تھا، جو ضارِتھانؔ سے آگے اَور یزرعیلؔ کے نیچے بیت شانؔ سے لے کر یُقمعامؔ کے پار ابیل مِحولہؔ تک تھا۔ اَور بِن گیبر راموتؔ گِلعادؔ میں مُنتخب حُکمران تھا۔ اُس کے اِختیار میں منشّہ کے بیٹے یائیرؔ کے دیہات بھی تھے، جو گِلعادؔ کے علاقہ میں ہیں۔ اُس کے اِختیار میں ارگوبؔ کا علاقہ بھی تھا جو باشانؔ میں مَوجُود ہے اَور اُس کے ساٹھ فصیلدار شہر بھی اُس کے تھے جِن کے پھاٹکوں میں کانسے کی بَلّیاں لگی ہُوئی تھیں۔ اَور محنایمؔ شہر میں عِدّوؔ کا بیٹا احینادابؔ حُکمران تھا۔ اَور نفتالی میں اخِیمعضؔ حُکمران تھا۔ جِس کی شادی شُلومونؔ کی بیٹی بسِماتھؔ سے ہُوئی تھی۔ اَور حُوشائی کا بیٹا بعنہؔ آشیر اَور عالوتھؔ میں مُنتخب تھا۔ اَور یِسَّکاؔر میں فروُحؔ کا بیٹا یہوشافاطؔ حاکم تھا۔ اَور بِنیامین میں اَیلہ کا بیٹا شِمعیؔ حاکم تھا۔ اَور صوبے گِلعادؔ میں اوری کا بیٹا گیبر حاکم تھا، جو امُوریوں کے بادشاہ سیحونؔ کا مُلک اَور باشانؔ کے بادشاہ عوگؔ کا مُلک تھا۔ اُس صوبے کا وُہی اکیلا حاکم تھا۔ اَور یہُوداہؔ اَور اِسرائیل میں آبادی سمُندر کے کنارے کی ریت کی مانند تھی۔ اَور وہ کھاتے پیتے اَور ہنسی خُوشی میں زندگی بسر کرتے تھے۔ اَور شُلومونؔ دریائے فراتؔ سے لے کر فلسطینیوں کی سرزمین تک اَور مِصر کی سرحد تک تمام مملکتوں پر حُکمران تھے۔ یہ تمام مُلک خراج تحسین اَدا کرتے تھے اَور شُلومونؔ کے زندہ رہنے تک اُن کے مطیع رہے۔ شُلومونؔ کی روزانہ کی رسد اِن اَشیا پر مُشتمل تھی، پانچ ہزار کِلو مَیدہ اَور دس ہزار کِلو آٹا، دس پلے ہویٔے بچھڑے، چراگاہوں میں پلے ہُوئے بیس بَیل اَور سَو بھیڑ بکریاں۔ اِن کے علاوہ ہِرن، غزال، نر چکارے اَور موٹے تازہ مُرغ۔ کیونکہ وہ تِفساحؔ سے لے کر غزّہؔ تک، دریائے فراتؔ کے تمام مغربی بادشاہوں پر حُکمران تھے اَور تمام اطراف میں صُلح کا دَور تھا۔ شُلومونؔ کے دَورِ ایّام میں یہُوداہؔ اَور اِسرائیل دانؔ سے لے کر بیرشبعؔ تک سلامتی سے رہتے تھے یعنی ہر شخص اَپنے انگور اَور اَپنے اَنجیر کے درخت کے نیچے محفوظ تھا۔ اَور شُلومونؔ کے اصطبل میں چالیس ہزار جنگی گھوڑے اُن کے رتھوں کے اِستعمال کے لیٔے تھے، اَور بَارہ ہزار رتھ ہانکنے والے تھے۔ اَور سبھی صوبے کے حاکم اَپنی باری سے مہینے میں شُلومونؔ بادشاہ کے لیٔے اَور اُن سَب کے لیٔے جو بادشاہ کے دسترخوان پر آتے تھے رسد پہُنچاتے تھے۔ اَور وہ اِس بات کا بھی خیال رکھتے تھے کہ کسی چیز کی کمی نہ ہو۔ اَور وہ تیز دَوڑنے والے رتھوں کے گھوڑوں اَور دیگر گھوڑوں کے لیٔے مُقرّرہ مقدار میں جَو اَور بھُوسا اصطبل کے لئے لاتے تھے۔ خُدا نے شُلومونؔ کو سمُندر کے کنارے کی ریت کی مانند کثرت سے حِکمت، سمجھ اَور قُوّتِ اِمتیاز عطا کی تھی۔ شُلومونؔ کی حِکمت اہلِ مشرق کی حِکمت سے زِیادہ تھی اَور مِصر کی تمام حِکمت سے بڑھ کر تھی۔ وہ ہر ایک آدمی سے بَلکہ اِزراحی ایتھانؔ سے ہیمانؔ، سے کال کولؔ سے اَور بنی ماحولؔ کے داردعؔ سے بھی زِیادہ دانشمند تھے اَور اُن کی شہرت اِردگرد کی تمام اَقوام میں پھیل گئی تھی۔ شُلومونؔ نے تین ہزار تمثیل کہیں اَور ایک ہزار پانچ نغمے بھی لکھے تھے۔ آپ نے نباتات کے بارے میں اَپنا خیال ظاہر کیا، یعنی لبانونؔ کے دیودار سے لے کر دیواروں پر اُگنے والے زُوفے تک کا بَیان کیا ہے۔ آپ نے چرندوں، پرندوں، رینگنے والے جانداروں اَور مچھلیوں کے متعلّق بھی اَپنا علم ظاہر کیا ہے۔ اَور سَب اَقوام میں سے زمین کے سَب بادشاہوں کی طرف سے جنہوں نے شُلومونؔ کی حِکمت کی شہرت سُنی تھی، لوگ شُلومونؔ کے حکیمانہ اقوال سُننے آتے تھے۔
۱-سلاطِین 1:4-34 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اب سلیمان پورے اسرائیل پر حکومت کرتا تھا۔ یہ اُس کے اعلیٰ افسر تھے: امامِ اعظم: عزریاہ بن صدوق، میرمنشی: سیسہ کے بیٹے اِلی حورف اور اخیاہ، بادشاہ کا مشیرِ خاص: یہوسفط بن اخی لُود، فوج کا کمانڈر: بِنایاہ بن یہویدع، امام: صدوق اور ابیاتر، ضلعوں پر مقرر افسروں کا سردار: عزریاہ بن ناتن، بادشاہ کا قریبی مشیر: امام زبود بن ناتن، محل کا انچارج: اخی سر، بےگاریوں کا انچارج: ادونیرام بن عبدا سلیمان نے ملکِ اسرائیل کو بارہ ضلعوں میں تقسیم کر کے ہر ضلع پر ایک افسر مقرر کیا تھا۔ اِن افسروں کی ایک ذمہ داری یہ تھی کہ دربار کی ضروریات پوری کریں۔ ہر افسر کو سال میں ایک ماہ کی ضروریات پوری کرنی تھیں۔ درجِ ذیل اِن افسروں اور اُن کے علاقوں کی فہرست ہے۔ بن حور: افرائیم کا پہاڑی علاقہ، بن دِقر: مقص، سعلبیم، بیت شمس اور ایلون بیت حنان، بن حصد: ارُبّوت، سوکہ اور حِفر کا علاقہ، سلیمان کی بیٹی طافت کا شوہر بن ابی نداب: ساحلی شہر دور کا پہاڑی علاقہ، بعنہ بن اخی لُود: تعنک، مجِدّو اور اُس بیت شان کا پورا علاقہ جو ضرتان کے پڑوس میں یزرعیل کے نیچے واقع ہے، نیز بیت شان سے لے کر ابیل محولہ تک کا پورا علاقہ بشمول یُقمعام، بن جبر: جِلعاد میں رامات کا علاقہ بشمول یائیر بن منسّی کی بستیاں، پھر بسن میں ارجوب کا علاقہ۔ اِس میں 60 ایسے فصیل دار شہر شامل تھے جن کے دروازوں پر پیتل کے کنڈے لگے تھے، اخی نداب بن عِدّو: محنائم، سلیمان کی بیٹی باسمت کا شوہر اخی معض: نفتالی کا قبائلی علاقہ، بعنہ بن حوسی: آشر کا قبائلی علاقہ اور بعلوت، یہوسفط بن فروح: اِشکار کا قبائلی علاقہ، سِمعی بن ایلہ: بن یمین کا قبائلی علاقہ، جبر بن اُوری: جِلعاد کا وہ علاقہ جس پر پہلے اموری بادشاہ سیحون اور بسن کے بادشاہ عوج کی حکومت تھی۔ اِس پورے علاقے پر صرف یہی ایک افسر مقرر تھا۔ اُس زمانے میں اسرائیل اور یہوداہ کے لوگ ساحل کی ریت کی مانند بےشمار تھے۔ لوگوں کو کھانے اور پینے کی سب چیزیں دست یاب تھیں، اور وہ خوش تھے۔ سلیمان دریائے فرات سے لے کر فلستیوں کے علاقے اور مصری سرحد تک تمام ممالک پر حکومت کرتا تھا۔ اُس کے جیتے جی یہ ممالک اُس کے تابع رہے اور اُسے خراج دیتے تھے۔ سلیمان کے دربار کی روزانہ ضروریات یہ تھیں: تقریباً 5,000 کلو گرام باریک میدہ، تقریباً 10,000 کلو گرام عام میدہ، 10 موٹے تازے بَیل، چراگاہوں میں پلے ہوئے 20 عام بَیل، 100 بھیڑبکریاں، اور اِس کے علاوہ ہرن، غزال، مِرگ اور مختلف قسم کے موٹے تازے مرغ۔ جتنے ممالک دریائے فرات کے مغرب میں تھے اُن سب پر سلیمان کی حکومت تھی، یعنی تِفسَح سے لے کر غزہ تک۔ کسی بھی پڑوسی ملک سے اُس کا جھگڑا نہیں تھا، بلکہ سب کے ساتھ صلح تھی۔ اُس کے جیتے جی پورے یہوداہ اور اسرائیل میں صلح سلامتی رہی۔ شمال میں دان سے لے کر جنوب میں بیرسبع تک ہر ایک سلامتی سے انگور کی اپنی بیل اور انجیر کے اپنے درخت کے سائے میں بیٹھ سکتا تھا۔ اپنے رتھوں کے گھوڑوں کے لئے سلیمان نے 4,000 تھان بنوائے۔ اُس کے 12,000 گھوڑے تھے۔ بارہ ضلعوں پر مقرر افسر باقاعدگی سے سلیمان بادشاہ اور اُس کے دربار کی ضروریات پوری کرتے رہے۔ ہر ایک کو سال میں ایک ماہ کے لئے سب کچھ مہیا کرنا تھا۔ اُن کی محنت کی وجہ سے دربار میں کوئی کمی نہ ہوئی۔ بادشاہ کی ہدایت کے مطابق وہ رتھوں کے گھوڑوں اور دوسرے گھوڑوں کے لئے درکار جَو اور بھوسا براہِ راست اُن کے تھانوں تک پہنچاتے تھے۔ اللہ نے سلیمان کو بہت زیادہ حکمت اور سمجھ عطا کی۔ اُسے ساحل کی ریت جیسا وسیع علم حاصل ہوا۔ اُس کی حکمت اسرائیل کے مشرق میں رہنے والے اور مصر کے عالِموں سے کہیں زیادہ تھی۔ اِس لحاظ سے کوئی بھی اُس کے برابر نہیں تھا۔ وہ ایتان اِزراحی اور محول کے بیٹوں ہیمان، کلکول اور دردع پر بھی سبقت لے گیا تھا۔ اُس کی شہرت ارد گرد کے تمام ممالک میں پھیل گئی۔ اُس نے 3,000 کہاوتیں اور 1,005 گیت لکھ دیئے۔ وہ تفصیل سے مختلف قسم کے پودوں کے بارے میں بات کر سکتا تھا، لبنان میں دیودار کے بڑے درخت سے لے کر چھوٹے پودے زوفا تک جو دیوار کی دراڑوں میں اُگتا ہے۔ وہ مہارت سے چوپایوں، پرندوں، رینگنے والے جانوروں اور مچھلیوں کی تفصیلات بھی بیان کر سکتا تھا۔ چنانچہ تمام ممالک کے بادشاہوں نے اپنے سفیروں کو سلیمان کے پاس بھیج دیا تاکہ اُس کی حکمت سنیں۔
۱-سلاطِین 1:4-34 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور سُلیماؔن بادشاہ تمام اِسرائیلؔ کا بادشاہ تھا۔ اور جو سردار اُس کے پاس تھے سو یہ تھے۔ صدُوؔق کا بیٹا عزَریاؔہ کاہِن۔ اور سِیسہ کے بیٹے الِیحورؔف اور اخیاہ مُنشی تھے اور اخِیلُود کا بیٹا یہُوؔسفط مُورِّخ تھا۔ اور یہویدؔع کا بیٹا بِنایاؔہ لشکر کا سردار اور صدُوؔق اور ابیاتر کاہِن تھے۔ اور ناتن کا بیٹا عزرؔیاہ مَنصبداروں کا داروغہ تھا اور ناتن کا بیٹا زبُود کاہِن اور بادشاہ کا دوست تھا۔ اور اخِیسر محلّ کا دِیوان اور عبدا کا بیٹا ادوؔنرام بیگار کا مُنصرِم تھا۔ اور سُلیماؔن نے سب اِسرائیلؔ پر بارہ مَنصبدار مُقرّر کِئے جو بادشاہ اور اُس کے گھرانے کے لِئے رسد پُہنچاتے تھے۔ ہر ایک کو سال میں مہِینہ بھر رسد پُہنچانی پڑتی تھی۔ اُن کے نام یہ ہیں۔ اِفرائِیم کے کوہِستانی مُلک میں بِن حُور۔ اور مقص اور سعلبِیم اور بَیت شمس اور اَیلوؔن بَیت حنان میں بِن دِقر۔ اور اربوت میں بِن حصد تھا اور شوکہ اور حِفر کی ساری سرزمِین اُس کے عِلاقہ میں تھی۔ اور دور کے سارے مُرتفع عِلاقہ میں بِن ابِیندؔاب تھا اور سُلیماؔن کی بیٹی طافت اُس کی بِیوی تھی۔ اور اخیلُود کا بیٹا بعنہ تھا جِس کے سپُرد تعنک اور مجِدّو اور سارا بَیت شاؔن تھا جو ضرتاؔن سے مُتّصِل اور یزرعیل کے نِیچے بَیت شاؔن سے ابیل محُولہ تک یعنی یُقمعاؔم سے اُدھر تک تھا۔ اور بِن جبرراماؔت جِلعاد میں تھا اور منسّی کے بیٹے یائِیر کی بستِیاں جو جِلعاد میں ہیں اُس کے سپُرد تِھیں اور بسن میں ارجُوؔب کا عِلاقہ بھی اِسی کے سپُرد تھا جِس میں ساٹھ بڑے شہر تھے جِن کی شہر پناہیں اور پِیتل کے بینڈے تھے۔ اور عِدُّو کا بیٹا اخیِنداؔب محنایم میں تھا۔ اور اخِیمعض نفتالی میں تھا۔ اِس نے بھی سُلیماؔن کی بیٹی بِسمت کو بیاہ لِیا تھا۔ اور حُوسی کا بیٹا بعنہ آشر اور علوت میں تھا۔ اور فرُوؔح کا بیٹا یہُوؔسفط اِشکار میں تھا۔ اور ایلہ کا بیٹا سِمعی بِنیمِین میں تھا۔ اور اُورؔی کا بیٹا جبر جِلعاد کے عِلاقہ میں تھا جو اموریوں کے بادشاہ سِیحوؔن اور بسن کے بادشاہ عوج کا مُلک تھا۔ اُس مُلک کا وُہی اکیلا مَنصبدار تھا۔ اور یہُوداؔہ اور اِسرائیلؔ کے لوگ کثرت میں سمُندر کے کنارے کی ریت کی مانِند تھے اور کھاتے پِیتے اور خُوش رہتے تھے۔ اور سُلیماؔن دریایِ فرات سے فِلستِیوں کے مُلک تک اور مِصرؔ کی سرحد تک سب مُملکتوں پر حُکمران تھا۔ وہ اُس کے لِئے ہدئے لاتی تِھیں اور سُلیماؔن کی عُمر بھر اُس کی مُطِیع رہِیں۔ اور سُلیماؔن کی ایک دِن کی رسد یہ تھی تِیس کور مَیدہ اور ساٹھ کور آٹا۔ اور دس موٹے موٹے بَیل اور چرائی پر کے بِیس بَیل۔ ایک سَو بھیڑیں اور اِن کے علاوہ چکارے اور ہرن اور چھوٹے ہرن اور موٹے تازہ مُرغ۔ کیونکہ وہ دریایِ فرات کی اِس طرف کے سب مُلک پر تِفسح سے غزّہ تک یعنی سب بادشاہوں پر جو دریایِ فرات کی اِس طرف تھے فرمانروا تھا اور اُس کے چَوگِرد سب اطراف میں سب سے اُس کی صُلح تھی۔ اور سُلیماؔن کی عُمر بھر یہُوداؔہ اور اِسرائیلؔ کا ایک ایک آدمی اپنی تاک اور اپنے انجِیر کے درخت کے نِیچے دان سے بیرؔسبع تک امن سے رہتا تھا۔ اور سُلیماؔن کے ہاں اُس کے رتھوں کے لِئے چالِیس ہزار تھان اور بارہ ہزار سوار تھے۔ اور اُن مَنصبداروں میں سے ہر ایک اپنے مہِینہ میں سُلیماؔن بادشاہ کے لِئے اور اُن سب کے لِئے جو سُلیماؔن بادشاہ کے دسترخوان پر آتے تھے رسد پُہنچاتا تھا۔ وہ کِسی چِیز کی کمی نہ ہونے دیتے تھے۔ اور لوگ اپنے اپنے فرض کے مُطابِق گھوڑوں اور تیز رفتار سمندوں کے لِئے جَو اور بُھوسا اُسی جگہ لے آتے تھے جہاں وہ مَنصبدار ہوتے تھے۔ اور خُدا نے سُلیماؔن کو حِکمت اور سمجھ بُہت ہی زِیادہ اور دِل کی وُسعت بھی عِنایت کی جَیسی سمُندر کے کنارے کی ریت ہوتی ہے۔ اور سُلیماؔن کی حِکمت سب اہلِ مشرِق کی حِکمت اور مِصرؔ کی ساری حِکمت پر فَوقِیّت رکھتی تھی۔ اِس لِئے کہ وہ سب آدمِیوں سے بلکہ ازراؔخی ایتان اور ہیماؔن اور کل کُوؔل اور دردع سے جو بنی مُحول تھے زِیادہ دانِش مند تھا اور چَوگِرد کی سب قَوموں میں اُس کی شُہرت تھی۔ اور اُس نے تِین ہزار مثلیں کہِیں اور اُس کے ایک ہزار پانچ گِیت تھے۔ اور اُس نے درختوں کا یعنی لُبنان کے دیودار سے لے کر زُوفا تک کا جو دِیواروں پر اُگتا ہے بیان کِیا اور چَوپایوں اور پرِندوں اور رینگنے والے جان داروں اور مچھلِیوں کا بھی بیان کِیا۔ اور سب قَوموں میں سے زمِین کے سب بادشاہوں کی طرف سے جِنہوں نے اُس کی حِکمت کی شُہرت سُنی تھی لوگ سُلیماؔن کی حِکمت کو سُننے آتے تھے۔