۱-سلاطِین 7:19-18

۱-سلاطِین 7:19-18 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

یَاہوِہ کا فرشتہ دوبارہ اُن کے پاس حاضِر ہُوا، اَور اُنہیں چھُوا اَور کہا، ”اُٹھو، اَور کھانا کھاؤ کیونکہ آپ کو ایک لمبی سفر طے کرنی ہے۔“ تَب ایلیّاہ نے اُٹھ کر کھایا پیا اَور اُس کھانے سے قُوّت پا کر چالیس دِن اَور چالیس رات سفر کرتے ہویٔے وہ خُدا کے پہاڑ حورِبؔ پہُنچ گیٔے۔ اَور وہاں پہُنچ کر اُنہُوں نے ایک غار میں رات گزاری۔ اَور یَاہوِہ کا یہ کلام ایلیّاہ پر نازل ہُوا: ”اَے ایلیّاہ! تُم یہاں کیا کر رہے ہو؟“ اُنہُوں نے جَواب دیا، ”قادرمُطلق یَاہوِہ خُدا کا مَیں پُرجوش پیروکار رہا ہُوں۔ لیکن بنی اِسرائیل نے آپ کے عہد کو ترک کر دیا اَور آپ کے مذبحوں کو ڈھا دیا ہے اَور آپ کے نبیوں کو تلوار سے قتل کر ڈالا ہے۔ صِرف مَیں ہی اکیلا بچا ہُوں اَور اَب وہ مُجھے بھی جان سے مار ڈالنا چاہتے ہیں۔“ یَاہوِہ نے فرمایا، ”باہر نکل کر پہاڑ پر یَاہوِہ کے حُضُور کھڑے ہو جاؤ کیونکہ یَاہوِہ وہاں سے گزرنے والے ہیں۔ اَور جَب ایلیّاہ وہاں کھڑے ہویٔے۔“ تَب ایک بڑی تیز آندھی یَاہوِہ کے آگے گزری اَور پہاڑوں کو چیر کر چٹّانوں کے ٹکڑے ٹکڑے کر دئیے، لیکن یَاہوِہ آندھی میں مَوجُود نہیں تھے۔ اَور آندھی کے بعد ایک زلزلہ آیا لیکن یَاہوِہ زلزلہ میں بھی نہیں تھے۔ اَور زلزلہ کے بعد آگ نازل ہُوئی لیکن یَاہوِہ آگ میں بھی مَوجُود نہیں تھے۔ اَور آگ کے بعد ایک ہلکی سِی دھیمی آواز آئی۔ جَب ایلیّاہ نے وہ آواز سُنی تو، اُنہُوں نے اَپنے کپڑے سے اَپنا مُنہ ڈھانپ لیا اَور غار سے باہر نکل کر اُس کے دہلیز پر کھڑے ہو گیٔے۔ تَب اُس آواز نے اُن سے دریافت کیا، ”اَے ایلیّاہ! تُم یہاں کیا کر رہے ہو؟“ اُنہُوں نے جَواب دیا، ”قادرمُطلق یَاہوِہ خُدا کا مَیں پُرجوش پیروکار رہا ہُوں۔ لیکن بنی اِسرائیل نے آپ کے عہد کو ترک کر دیا اَور آپ کے مذبحوں کو ڈھا دیا ہے اَور آپ کے نبیوں کو تلوار سے قتل کر ڈالا ہے۔ صِرف مَیں ہی اکیلا بچا ہُوں اَور اَب وہ مُجھے بھی جان سے مار ڈالنا چاہتے ہیں۔“ یَاہوِہ نے ایلیّاہ سے فرمایا، ”جِس راستے سے تُم آئے ہو اُسی راستے سے واپس لَوٹ جاؤ اَور دَمشق کے بیابان کو چلے جاؤ۔ جَب تُم وہاں پہُنچ جاؤ تو، حزائیلؔ کو ارام کا بادشاہ ہونے کے لیٔے مَسح کرنا۔ اَور یِہُو بِن نِمشیؔ کو بنی اِسرائیل کا بادشاہ ہونے کے لیٔے مَسح کرنا، اَور ابیل مِحولہؔ کے الِیشعؔ بِن شافاطؔ کو اَپنی جگہ نبی ہونے کے لیٔے مَسح کرنا۔ تَب اَیسا ہوگا کہ جو حزائیلؔ کی تلوار سے بچ جائے گا اُسے یہُو قتل کرےگا اَورجو یِہُو کی تلوار سے بچ جایٔےگا اُسے الِیشعؔ قتل کر ڈالے گا۔ تو بھی میں مُلکِ اِسرائیل میں اُن سات ہزار آدمیوں کو بچا کر رکھوں گا جنہوں نے نہ ہی بَعل معبُود کی پرستش کی ہے اَور نہ ہی اُس کا بوسہ لیا ہے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-سلاطِین 19

۱-سلاطِین 7:19-18 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

لیکن رب کا فرشتہ ایک بار پھر آیا اور اُسے ہاتھ لگا کر کہا، ”اُٹھ، کھانا کھا لے، ورنہ آگے کا لمبا سفر تیرے بس کی بات نہیں ہو گی۔“ تب الیاس نے اُٹھ کر دوبارہ کھانا کھایا اور پانی پیا۔ اِس خوراک نے اُسے اِتنی تقویت دی کہ وہ چالیس دن اور چالیس رات سفر کرتے کرتے اللہ کے پہاڑ حورب یعنی سینا تک پہنچ گیا۔ وہاں وہ رات گزارنے کے لئے ایک غار میں چلا گیا۔ غار میں رب اُس سے ہم کلام ہوا۔ اُس نے پوچھا، ”الیاس، تُو یہاں کیا کر رہا ہے؟“ الیاس نے جواب دیا، ”مَیں نے رب، آسمانی لشکروں کے خدا کی خدمت کرنے کی سرتوڑ کوشش کی ہے، کیونکہ اسرائیلیوں نے تیرے عہد کو ترک کر دیا ہے۔ اُنہوں نے تیری قربان گاہوں کو گرا کر تیرے نبیوں کو تلوار سے قتل کر دیا ہے۔ مَیں اکیلا ہی بچا ہوں، اور وہ مجھے بھی مار ڈالنے کے درپَے ہیں۔“ جواب میں رب نے فرمایا، ”غار سے نکل کر پہاڑ پر رب کے سامنے کھڑا ہو جا!“ پھر رب وہاں سے گزرا۔ اُس کے آگے آگے بڑی اور زبردست آندھی آئی جس نے پہاڑوں کو چیر کر چٹانوں کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا۔ لیکن رب آندھی میں نہیں تھا۔ اِس کے بعد زلزلہ آیا، لیکن رب زلزلے میں نہیں تھا۔ زلزلے کے بعد بھڑکتی ہوئی آگ وہاں سے گزری، لیکن رب آگ میں بھی نہیں تھا۔ پھر نرم ہَوا کی دھیمی دھیمی آواز سنائی دی۔ یہ آواز سن کر الیاس نے اپنے چہرے کو چادر سے ڈھانپ لیا اور نکل کر غار کے منہ پر کھڑا ہو گیا۔ ایک آواز اُس سے مخاطب ہوئی، ”الیاس، تُو یہاں کیا کر رہا ہے؟“ الیاس نے جواب دیا، ”مَیں نے رب، آسمانی لشکروں کے خدا کی خدمت کرنے کی سرتوڑ کوشش کی ہے، کیونکہ اسرائیلیوں نے تیرے عہد کو ترک کر دیا ہے۔ اُنہوں نے تیری قربان گاہوں کو گرا کر تیرے نبیوں کو تلوار سے قتل کر دیا ہے۔ مَیں اکیلا ہی بچا ہوں، اور وہ مجھے بھی مار ڈالنے کے درپَے ہیں۔“ رب نے جواب میں کہا، ”ریگستان میں اُس راستے سے ہو کر واپس جا جس نے تجھے یہاں پہنچایا ہے۔ پھر دمشق چلا جا۔ وہاں حزائیل کو تیل سے مسح کر کے شام کا بادشاہ قرار دے۔ اِسی طرح یاہو بن نِمسی کو مسح کر کے اسرائیل کا بادشاہ قرار دے اور ابیل محولہ کے رہنے والے الیشع بن سافط کو مسح کر کے اپنا جانشین مقرر کر۔ جو حزائیل کی تلوار سے بچ جائے گا اُسے یاہو مار دے گا، اور جو یاہو کی تلوار سے بچ جائے گا اُسے الیشع مار دے گا۔ لیکن مَیں نے اپنے لئے اسرائیل میں 7,000 افراد کو بچا لیا ہے، اُن تمام لوگوں کو جو اب تک نہ بعل دیوتا کے سامنے جھکے، نہ اُس کے بُت کو بوسہ دیا ہے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-سلاطِین 19

۱-سلاطِین 7:19-18 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور خُداوند کا فرِشتہ دوبارہ پِھر آیا اور اُسے چُھؤا اور کہا اُٹھ اور کھا کہ یہ سفر تیرے لِئے بُہت بڑا ہے۔ سو اُس نے اُٹھ کر کھایا پِیا اور اُس کھانے کی قُوّت سے چالِیس دِن اور چالِیس رات چل کر خُدا کے پہاڑ حورِب تک گیا۔ اور وہاں ایک غار میں جا کر ٹِک گیا اور دیکھو خُداوند کا یہ کلام اُس پر نازِل ہُؤا کہ اَے ایلیّاہ! تُو یہاں کیا کرتا ہے؟ اُس نے کہا خُداوند لشکروں کے خُدا کے لِئے مُجھے بڑی غَیرت آئی کیونکہ بنی اِسرائیل نے تیرے عہد کو ترک کِیا اور تیرے مذبحوں کو ڈھا دِیا اور تیرے نبِیوں کو تلوار سے قتل کِیا اور ایک مَیں ہی اکیلا بچا ہُوں۔ سو وہ میری جان لینے کے درپَے ہیں۔ اُس نے کہا باہر نِکل اور پہاڑ پر خُداوند کے حضُور کھڑا ہو اور دیکھو خُداوند گُذرا اور ایک بڑی تُند آندھی نے خُداوند کے آگے پہاڑوں کو چِیر ڈالا اور چٹانوں کے ٹُکڑے کر دِئے پر خُداوند آندھی میں نہیں تھا اور آندھی کے بعد زلزلہ آیا پر خُداوند زلزلہ میں نہیں تھا۔ اور زلزلہ کے بعد آگ آئی پر خُداوند آگ میں بھی نہیں تھا اور آگ کے بعد ایک دبی ہُوئی ہلکی آواز آئی۔ اُس کو سُن کر ایلیّاہؔ نے اپنا مُنہ اپنی چادر سے لپیٹ لِیا اور باہر نِکل کر اُس غار کے مُنہ پر کھڑا ہُؤا اور دیکھو اُسے یہ آواز آئی کہ اَے ایلیّاؔہ تُو یہاں کیا کرتا ہے؟ اُس نے کہا مُجھے خُداوند لشکروں کے خُدا کے لِئے بڑی غَیرت آئی کیونکہ بنی اِسرائیل نے تیرے عہد کو ترک کِیا اور تیرے مذبحوں کو ڈھا دِیا اور تیرے نبیوں کو تلوار سے قتل کِیا۔ ایک مَیں ہی اکیلا بچا ہُوں۔ سو وہ میری جان لینے کے درپَے ہیں۔ خُداوند نے اُسے فرمایا تُو اپنے راستہ لَوٹ کر دمشق کے بیابان کو جا اور جب تُو وہاں پُہنچے تو تُو حزاؔئیل کو مَسح کر کہ اراؔم کا بادشاہ ہو۔ اور نِمسی کے بیٹے یاہُو کو مَسح کر کہ اِسرائیلؔ کا بادشاہ ہو اور ابیل محُوؔلہ کے الِیشع بِن سافط کو مَسح کر کہ تیری جگہ نبی ہو۔ اور اَیسا ہو گا کہ جو حزاؔئیل کی تلوار سے بچ جائے گا اُسے یاہُو قتل کرے گا اور جو یاہُو کی تلوار سے بچ رہے گا اُسے الِیشع قتل کر ڈالے گا۔ تَو بھی مَیں اِسرائیلؔ میں سات ہزار اپنے لِئے رکھ چھوڑُوں گا یعنی وہ سب گُھٹنے جو بعل کے آگے نہیں جُھکے اور ہر ایک مُنہ جِس نے اُسے نہیں چُوما۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-سلاطِین 19