۱-توارِیخ 1:13-14 - Compare All Versions
۱-توارِیخ 1:13-14 UCV (اُردو ہم عصر ترجُمہ)
داویؔد نے اَپنے تمام سرداروں سے جو ہزاروں اَور سینکڑوں فَوجی دستوں کی قیادت کر رہے تھے صلاح مشورہ کیا۔ اَور تَب داویؔد نے بنی اِسرائیل کی ساری جماعت سے کہا، ”اگر تُمہیں یہ اَچھّا لگے اَور اگر یہ یَاہوِہ ہمارے خُدا کی مرضی ہو تو آؤ ہم دُور دُور تک ہر طرف اِسرائیل کے تمام قصبوں میں اَپنے باقی بھائیوں اَور نواحی دار علاقوں میں اُن کے ساتھ رہنے والے کاہِنوں اَور لیویوں کو بھی کہلا بھیجیں کہ وہ آئیں اَور ہمارے ساتھ شامل ہو جایٔیں۔ اَور ہم اَپنے خُدا کے عہد کے صندُوق کو پھر سے اَپنے پاس لے آئیں کیونکہ شاؤل کے دَورِ حُکومت میں ہم نے اُس کی پروا نہ کی۔“ تمام جماعت اَیسا کرنے پر رضامند ہو گئی کیونکہ سَب لوگوں کو یہ تجویز اَچھّی مَعلُوم ہُوئی۔ تَب داویؔد نے مِصر کے دریا شیحُورؔ سے لے کر لیبو حماتؔ تک تمام اِسرائیلیوں کو جمع کیا تاکہ خُدا کے عہد کے صندُوق کو قِریت یعریمؔ سے لے آئیں۔ اَور داویؔد اَور اُس کے ساتھ تمام اِسرائیلی بعلہؔ یعنی قِریت یعریمؔ کو جو یہُوداہؔ میں ہے گیٔے تاکہ یَاہوِہ خُدا کے عہد کے صندُوق کو وہاں سے لے آئیں جو وہاں کروبیوں کے درمیان تخت نشین یَاہوِہ کے نام سے مشہُور ہے۔ اَور وہ خُدا کے صندُوق کو ابینادابؔ کے گھر سے ایک نئی بَیل گاڑی پر رکھ کر باہر نکلے جسے عُزّاہ اَور اخیوؔ ہانک رہے تھے۔ اَور داویؔد اَور تمام بنی اِسرائیل خُدا کے حُضُور خُوب زور زور سے نغمہ گاتے اَور بربط، سِتار، دف، جھانجھ بجاتے اَور نرسنگے پھُونکتے ہُوئے چلے آتے تھے۔ جَب وہ کیدونؔ کے کھلیان پر پہُنچے تو عُزّاہ نے صندُوق کو سنبھالنے کے لیٔے اَپنا ہاتھ بڑھایا کیونکہ بَیلوں نے ٹھوکر کھائی تھی۔ تَب یَاہوِہ کا قہر عُزّاہ پر بھڑکا اَور یَاہوِہ نے اُسے مار ڈالا۔ کیونکہ اُس نے صندُوق کو ہاتھ لگا کر غلطی کی تھی اِس لیٔے وہ وہیں خُدا کے حُضُور مَر گیا۔ داویؔد اِس بات سے بڑا غمگین ہُوا کیونکہ یَاہوِہ کا قہر عُزّاہ کے خِلاف بھڑکا تھا لہٰذا وہ جگہ آج تک پیریزؔ عُزّاہ کہلاتی ہے۔ اُس دِن داویؔد خُدا سے ڈر گئے اَور کہنے لگے کہ، ”میں خُدا کے عہد کے صندُوق کو اَپنے یہاں کیسے لاؤں؟“ چنانچہ داویؔد خُدا کے عہد کے صندُوق کو اَپنے یہاں شہر داویؔد میں نہ لائے بَلکہ اُسے باہر ہی باہر گِتّی عوبیدؔ اِدُوم کے گھر لے گئے۔ پس خُدا کے عہد کا صندُوق عوبیدؔ اِدُوم کے گھرانے کے ساتھ اُس گھر میں تین مہینے تک رکھا رہا اَور یَاہوِہ نے عوبیدؔ اِدُوم کے گھرانے اَور اُس کی ساری چیزوں کو برکت دی۔
۱-توارِیخ 1:13-14 URDGVU (ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن)
داؤد نے تمام افسروں سے مشورہ کیا۔ اُن میں ہزار ہزار اور سَو سَو فوجیوں پر مقرر افسر شامل تھے۔ پھر اُس نے اسرائیل کی پوری جماعت سے کہا، ”اگر آپ کو منظور ہو اور رب ہمارے خدا کی مرضی ہو تو آئیں ہم پورے ملک کے اسرائیلی بھائیوں کو دعوت دیں کہ آ کر ہمارے ساتھ جمع ہو جائیں۔ وہ امام اور لاوی بھی شریک ہوں جو اپنے اپنے شہروں اور چراگاہوں میں بستے ہیں۔ پھر ہم اپنے خدا کے عہد کا صندوق دوبارہ اپنے پاس واپس لائیں، کیونکہ ساؤل کے دورِ حکومت میں ہم اُس کی فکر نہیں کرتے تھے۔“ پوری جماعت متفق ہوئی، کیونکہ یہ منصوبہ سب کو درست لگا۔ چنانچہ داؤد نے پورے اسرائیل کو جنوب میں مصر کے سیحور سے لے کر شمال میں لبو حمات تک بُلایا تاکہ سب مل کر اللہ کے عہد کا صندوق قِریَت یعریم سے یروشلم لے جائیں۔ پھر وہ اُن کے ساتھ یہوداہ کے بعلہ یعنی قِریَت یعریم گیا تاکہ رب خدا کا صندوق اُٹھا کر یروشلم لے جائیں، وہی صندوق جس پر رب کے نام کا ٹھپا لگا ہے اور جہاں وہ صندوق کے اوپر کروبی فرشتوں کے درمیان تخت نشین ہے۔ قِریَت یعریم پہنچ کر لوگوں نے اللہ کے صندوق کو ابی نداب کے گھر سے نکال کر ایک نئی بَیل گاڑی پر رکھ دیا، اور عُزّہ اور اخیو اُسے یروشلم کی طرف لے جانے لگے۔ داؤد اور تمام اسرائیلی گاڑی کے پیچھے چل پڑے۔ سب اللہ کے حضور پورے زور سے خوشی منانے لگے۔ جونیپر کی لکڑی کے مختلف ساز بھی بجائے جا رہے تھے۔ فضا ستاروں، سرودوں، دفوں، جھانجھوں اور تُرموں کی آوازوں سے گونج اُٹھی۔ وہ گندم گاہنے کی ایک جگہ پر پہنچ گئے جس کے مالک کا نام کیدون تھا۔ وہاں بَیل اچانک بےقابو ہو گئے۔ عُزّہ نے جلدی سے عہد کا صندوق پکڑ لیا تاکہ وہ گر نہ جائے۔ اُسی لمحے رب کا غضب اُس پر نازل ہوا، کیونکہ اُس نے عہد کے صندوق کو چھونے کی جرأت کی تھی۔ وہیں اللہ کے حضور عُزّہ گر کر ہلاک ہوا۔ داؤد کو بڑا رنج ہوا کہ رب کا غضب عُزّہ پر یوں ٹوٹ پڑا ہے۔ اُس وقت سے اُس جگہ کا نام پرض عُزّہ یعنی ’عُزّہ پر ٹوٹ پڑنا‘ ہے۔ اُس دن داؤد کو اللہ سے خوف آیا۔ اُس نے سوچا، ”مَیں کس طرح اللہ کا صندوق اپنے پاس پہنچا سکوں گا؟“ چنانچہ اُس نے فیصلہ کیا کہ ہم عہد کا صندوق یروشلم نہیں لے جائیں گے بلکہ اُسے عوبید ادوم جاتی کے گھر میں محفوظ رکھیں گے۔ وہاں وہ تین ماہ تک پڑا رہا۔ اِن تین مہینوں کے دوران رب نے عوبید ادوم کے گھرانے اور اُس کی پوری ملکیت کو برکت دی۔
۱-توارِیخ 1:13-14 URD (کِتابِ مُقادّس)
اور داؤُد نے اُن سرداروں سے جو ہزار ہزار اور سَو سَو پر تھے یعنی ہر ایک سر لشکر سے صلاح لی۔ اور داؤُد نے اِسرائیلؔ کی ساری جماعت سے کہا کہ اگر تُم کو اچّھا لگے اور خُداوند ہمارے خُدا کی مرضی ہو تو آؤ ہم ہر جگہ اِسرائیلؔ کے سارے مُلک میں اپنے باقی بھائیوں کو جِن کے ساتھ کاہِن اور لاوی بھی اپنے نواحی دار شہروں میں رہتے ہیں کہلا بھیجیں تاکہ وہ ہمارے پاس جمع ہوں۔ اور ہم اپنے خُدا کا صندُوق پِھر اپنے پاس لے آئیں کیونکہ ہم ساؤُل کے ایّام میں اُس کے طالِب نہ ہُوئے۔ تب ساری جماعت بول اُٹھی کہ ہم اَیسا ہی کریں گے کیونکہ یہ بات سب لوگوں کی نِگاہ میں ٹِھیک تھی۔ تب داؤُد نے مِصرؔ کی ندی سِیحُور سے حمات کے مدخل تک کے سارے اِسرائیلؔ کو جمع کِیا تاکہ خُدا کے صندُوق کو قریت یعرِؔیم سے لے آئیں۔ اور داؤُد اور سارا اِسرائیلؔ بعلہ کو یعنی قریت یعرِؔیم کو جو یہُوداؔہ میں ہے گئے تاکہ خُدا کے صندُوق کو وہاں سے لے آئیں جو کرُّوبیوں پر بَیٹھنے والا خُداوند ہے اور اِس نام سے پُکارا جاتا ہے۔ اور وہ خُدا کے صندُوق کو ایک نئی گاڑی پر رکھ کر ابِیندؔاب کے گھر سے باہر نِکال لائے اور عُزّا اور اخیُو گاڑی کو ہانک رہے تھے۔ اور داؤُؔد اور سارا اِسرائیلؔ خُدا کے آگے بڑے زور سے گِیت گاتے اور بربط اور سِتار اور دف اور جھانجھ اور تُرہی بجاتے چلے آتے تھے۔ اور جب وہ کِیدُوؔن کے کھلِیہان پر پُہنچے تو عُزّا نے صندُوق کے تھامنے کو اپنا ہاتھ بڑھایا کیونکہ بَیلوں نے ٹھوکر کھائی تھی۔ تب خُداوند کا قہر عُزّا پر بھڑکا اور اُس نے اُس کو مار ڈالا اِس لِئے کہ اُس نے اپنا ہاتھ صندُوق پر بڑھایا تھا اور وہ وہِیں خُدا کے حُضُور مَر گیا۔ تب داؤُد اُداس ہُؤا اِس لِئے کہ خُداوند عُزّا پر ٹُوٹ پڑا اور اُس نے اُس مقام کا نام پرض عُزّا رکھّا جو آج تک ہے۔ اور داؤُد اُس دِن خُدا سے ڈر گیا اور کہنے لگا کہ مَیں خُدا کے صندُوق کو اپنے ہاں کیونکر لاؤُں؟ سو داؤُؔد صندُوق کو اپنے ہاں داؤُد کے شہر میں نہ لایا بلکہ اُسے باہر ہی باہر جاتی عوبیدادُؔوم کے گھر میں لے گیا۔ سو خُدا کا صندُوق عوبیدادوؔم کے گھرانے کے ساتھ اُس کے گھر میں تِین مہِینے تک رہا اور خُداوند نے عوبیدادوؔم کے گھر اور اُس کی سب چِیزوں کو برکت دی۔