گِنتی 8

8
چراغوں کو رَوشن کرنے کا طریقہ
1یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 2”اَہرونؔ سے مُخاطِب ہو اَور اُس سے کہہ، ’جَب تُو سات چراغوں کو رَوشن کرے تو دیکھنا کہ اُن سے چراغدان کے سامنے کا احاطہ رَوشن ہو۔‘ “
3چنانچہ اَہرونؔ نے اَیسا ہی کیا۔ اُس نے چراغوں کو اِس طرح جما دیا کہ اُن کے رُخ چراغدان کے سامنے کی طرف تھے جَیسا کہ یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔ 4اَور چراغدان کی ساخت یُوں تھی: وہ اَپنے پیندے سے لے کر پھُولوں تک گڑھے ہویٔے سونے کا بنا تھا اَور چراغدان ٹھیک اُسی نمونہ کا بنا تھا جَیسا یَاہوِہ نے مَوشہ کو بتایا تھا۔
لیویوں کا الگ کیاجانا
5یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 6”لیویوں کو دُوسرے تمام بنی اِسرائیل سے الگ کرکے اُنہیں رسماً پاک کر۔ 7اُنہیں پاک کرنے کے لیٔے تُم یُوں کرنا: اُن پر پاک کرنے کا پانی چھڑک، پھر وہ اَپنے سارے جِسم پر اُسترا پھروائیں اَور اَپنے کپڑے دھوئیں اَور اِس طرح اَپنے آپ کو پاک کر لیں۔ 8تَب وہ ایک بچھڑا اَور اُس کے ساتھ کی اناج کی قُربانی کے لیٔے تیل مِلا ہُوا مَیدہ لیں اَور تُو گُناہ کی قُربانی کے لیٔے ایک دُوسرا بچھڑا لینا۔ 9تَب لیویوں کو خیمہ اِجتماع کے سامنے حاضِر کرنا اَور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کو جمع کرنا۔ 10تُم لیویوں کو یَاہوِہ کے حُضُور لانا، تَب بنی اِسرائیل اُن پر اَپنے ہاتھ رکھیں 11اَور اَہرونؔ لیویوں کو یَاہوِہ کے حُضُور بنی اِسرائیل کی طرف سے ہلانے کی نذر کی قُربانی کے طور پر پیش کرے تاکہ وہ یَاہوِہ کی خدمت کرنے کے لیٔے تیّار ہُوں۔
12”جَب لیوی اَپنے اَپنے ہاتھ بچھڑوں کے سَروں پر رکھ چکیں، تَب تُم ایک کو یَاہوِہ کے لیٔے گُناہ کی قُربانی کے طور پر اَور دُوسرے کو سوختنی نذر کے طور پر پیش کرنا تاکہ لیویوں کا کفّارہ دیا جائے۔ 13پھر تُم لیویوں کو اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں کے آگے کھڑا کرنا اَور تَب اُن کو یَاہوِہ کے رُوبرو ہلانے کی نذر کی قُربانی کے طور پر پیش کرنا۔ 14اِس طرح سے تُم لیویوں کو دُوسرے بنی اِسرائیل سے الگ کرنا اَور لیوی میرے ہوں گے۔
15”جَب تُم لیویوں کو پاک کر چُکو اَور ہلانے کی نذر کی قُربانی کے طور پر پیش کر چُکو تَب وہ خیمہ اِجتماع میں اَپنی خدمت بجا لانے کے لیٔے آئیں۔ 16یہ وہ بنی اِسرائیل ہیں جو مُکمّل طور پر مُجھے سونپے جایٔیں۔ مَیں نے اُنہیں پہلوٹھے کے یعنی ہر اِسرائیلی عورت کے پہلے بیٹے کے عِوض اَپنا لیا ہے۔ 17بنی اِسرائیل کا ہر پہلوٹھا خواہ اِنسان کا ہو یا حَیوان کا میرا ہے۔ جَب مَیں نے مُلک مِصر میں سَب پہلوٹھوں کو مار ڈالا تھا، اُسی وقت مَیں نے اُنہیں اَپنے لیٔے مخصُوص کر لیا تھا۔ 18اَور مَیں نے بنی اِسرائیل کے سَب پہلوٹھوں کے عِوض لیویوں کو لے لیا ہے۔ 19تمام بنی اِسرائیل میں سے مَیں نے لیویوں کو اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں کو بنی اِسرائیل کی جانِب سے اِس لیٔے عطا کیا ہے کہ وہ خیمہ اِجتماع میں بنی اِسرائیل میں خدمت کریں اَور اُن کے لیٔے کفّارہ دیں تاکہ جَب بنی اِسرائیل پاک مَقدِس کے قریب جایٔیں تو اُن پر کویٔی وَبا نازل نہ ہو۔“
20چنانچہ مَوشہ، اَہرونؔ اَور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت نے لیویوں کے ساتھ ٹھیک وَیسا ہی کیا جَیسا یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔ 21لیویوں نے اَپنے آپ کو پاک کیا اَور اَپنے کپڑے دھو ڈالے۔ تَب اَہرونؔ نے اُنہیں یَاہوِہ کے رُوبرو ہلانے کی نذر کی قُربانی کے طور پر پیش کیا اَور اُنہیں پاک کرنے کے لیٔے اُن کی خاطِر کفّارہ دیا۔ 22اُس کے بعد لیوی اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں کی قیادت میں خیمہ اِجتماع میں اَپنی خدمت بجا لانے کے لیٔے چلے آئے۔ اُنہُوں نے لیویوں کے ساتھ ٹھیک وَیسا ہی کیا جَیسا یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔
23پھر یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 24”لیویوں پر لازِم ہوگا: پچّیس سال یا اُس سے زِیادہ عمر کے مَرد خیمہ اِجتماع میں خدمت کرنے آیا کریں۔ 25لیکن پچاس سال کی عمر ہونے پر وہ اَپنی روزمرّہ کی خدمت سے مستعفی ہُوں اَور پھر کام نہ کریں۔ 26وہ اگر چاہیں تو خیمہ اِجتماع کی خدمت میں اَپنے بھائیوں کا ہاتھ بٹائیں لیکن بذاتِ خُود کویٔی کام نہ کریں۔ تُم لیویوں کو اِسی قِسم کی ذمّہ داریاں سونپنا۔“

موجودہ انتخاب:

گِنتی 8: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in