لُوقا 57:1-80

لُوقا 57:1-80 UCV

اَب اِلیشاَبیتؔ کے وضعِ حَمل کا وقت آ پہُنچا، تو اُن کے ایک بیٹا پیدا ہُوا۔ اُن کے پڑوسیوں اَور رشتہ داروں نے یہ سُن کر کہ خُداوؔند نے اِلیشاَبیتؔ پر بڑی رحمت کی ہے، اُن کے ساتھ مِل کر خُوشی منائی۔ آٹھویں دِن وہ بچّے کا ختنہ کرنے کے لیٔے آئے اَور بچّہ کا نام اُس کے باپ کے نام پر زکریاؔہ رکھنے لگے۔ لیکن اُن کی ماں بول اُٹھیں اَور کہنے لگیں، ”نہیں! بچّہ کا نام یُوحنّا ہوگا۔“ اُنہُوں نے اِلیشاَبیتؔ سے کہا، ”تمہارے خاندان میں کویٔی بھی اِس نام کا نہیں ہے۔“ تَب اُنہُوں نے بچّے کے باپ سے اِشاروں میں پُوچھا، کہ تُم بچّے کا نام کیا رکھنا چاہتے ہو۔ حضرت زکریاؔہ نے تختی منگوائی، اَور اُس پر یہ لِکھ کر سَب کو حیرت میں ڈال دیا کہ، ”بچّہ کا نام یُوحنّا ہے۔“ اُسی وقت حضرت زکریاؔہ کا مُنہ کھُل گیا اَور اُن کی زبان کام کرنے لگی، اَور وہ بولنے لگے، اَور خُدا کی تعریف کرنے لگے۔ اِس واقعہ سے پڑوس کے تمام لوگوں پر دہشت چھاگئی، اَور یہُودیؔہ کے تمام پہاڑی علاقوں میں اِن سَب باتوں کا تذکرہ ہونے لگا۔ اَور سَب سُننے والے حیران ہوکر سوچتے تھے کہ، ”یہ بچّہ بڑا ہوکر کیا بنے گا؟“ کیونکہ خُداوؔند کا ہاتھ اُن کے ساتھ تھا۔ تَب اُن کے باپ زکریاؔہ پاک رُوح سے معموُر ہوکر نبُوّت کرنے لگے: ”اِسرائیل کے خُداوؔند، خُدا کی حَمد ہو، کیونکہ خُدا نے آکر اَپنے لوگوں کو مخلصی بخشی۔ اُس نے اَپنے خادِم حضرت داویؔد کے گھرانے میں ہمارے لیٔے ایک طاقتور سینگ نَجات دِہندہ کو بھیجا (جَیسا اُس نے زمانہ قدیم میں اَپنے مُقدّس نبیوں کے مَعرفت فرمایا تھا)، تاکہ ہم اَپنے سبھی دُشمنوں سے اَور نفرت رکھنے والوں سے نَجات پائیں کہ وہ ہمارے باپ دادا پر رحم کرے اَور اَپنے پاک عہد کو یاد فرمایٔے، یعنی اُس قَسم کو جو اُس نے ہمارے باپ حضرت اَبراہامؔ سے کھائی تھی: کہ وہ ہمیں ہمارے دُشمنوں سے چُھڑائے گا، اَور ہمیں بے خوف اَپنی خدمت کرنے کے لائق بنائے گا، تاکہ اُس کی حُضُوری میں پاکیزگی اَور راستبازی سے زندگی بھر رہ سکیں۔ ”اَور اَے میرے بچّے، تُو خُداتعالیٰ کا نبی کہلائے گا؛ کیونکہ تُم خُداوؔند کے آگے آگے چل کر اُن کی راہ تیّار کروگے، تاکہ خُداوؔند کے لوگوں کو نَجات کا علم بخشو، جو گُناہوں کی مُعافی سے حاصل ہوتی ہے، ہمارے خُدا کی اُس بڑی رحمت کی وجہ سے، ہم پر عالمِ بالا کا آفتاب طُلوع ہوگا تاکہ اُن کو رَوشنی بخشے جو تاریکی اَور موت کے سایہ میں بیٹھے ہیں، اَور ہمارے قدموں کو سلامتی کی راہ پر لے چلے۔“ اَور وہ بچّہ بڑھتا گیا اَور رُوحانی طور پر قُوّت پاتا گیا؛ اَور اِسرائیل پر عام طور پر ظاہر ہونے سے پہلے بیابان میں رہا۔