3
حُضُور یِسوعؔ حضرت مَوشہ سے افضل ہیں
1لہٰذا اَے مُقدّسین بھائیوں اَور بہنوں، تُم جو آسمانی بُلاوے میں شریک ہو، یِسوعؔ پر غور کرو جِن کا ہم اقرار رسول اَور اعلیٰ کاہِن کے طور پر کرتے ہیں۔ 2یِسوعؔ اَپنے مُقرّر کرنے والے خُداتعالیٰ کے حق میں اُسی طرح مُکمّل طور سے وفادار تھے جِس طرح حضرت مَوشہ خُدا کے سارے گھرانے میں وفادار تھے۔ 3کیونکہ جِس طرح گھر کا بنانے والا گھر کی نِسبت زِیادہ عزّت کے لائق سمجھا جاتا ہے۔ اُسی طرح یِسوعؔ بھی حضرت مَوشہ سے زِیادہ عزّت و اِحترام کے لائق سمجھے گیٔے۔ 4چنانچہ ہر گھر کا کویٔی نہ کویٔی بنانے والا ضروُر ہوتاہے مگر سَب چیزوں کا بنانے والا خُدا ہے۔ 5جو شہادتیں مُستقبِل میں واقع ہونے والی تھیں، ”اُن کا اعلان کرنے میں خُدا کے سارے گھر میں#3:5 گِن 12:7 حضرت مَوشہ ایک خادِم کے طور پر وفادار تھے۔“ 6مگر المسیح بیٹا ہونے کی حیثیت سے خُدا کے گھر کا مُختار ہیں اَور خُدا کا گھر ہم لوگ ہیں؛ بشرطیکہ ہم اَپنی دِلیری اَور اُس اُمّید کو مضبُوطی سے قائِم رکھیں جِس پر ہم فخر کرتے ہیں۔
کُفر کے خِلاف تنبیہ
7چنانچہ جَیسا کہ پاک رُوح فرماتا ہے،
”اگر، آج تُم اُس کی آواز سُنو،
8تو اَپنے دِلوں کو سخت نہ کرو
جِس طرح بیابان میں تمہارے آباؤاَجداد نے،
خُدا کے خِلاف بغاوت کی،
9جہاں تمہارے باپ دادا نے مُجھے آزمایا اَور میرا اِمتحان لیا،
حالانکہ اُنہُوں نے چالیس بَرس تک میرے معجزے دیکھے۔
10اِس لیٔے میں اُس پُشت سے ناراض رہا؛
اَور مَیں نے کہا، ’اِن کے دِل ہمیشہ گُمراہ ہوتے رہتے ہیں،
اَور اِنہُوں نے میری راہوں کو نہیں پہچانا۔‘
11چنانچہ مَیں نے اَپنے قہر میں قَسم کھائی،
’یہ لوگ میری اُس آرامگاہ میں ہرگز داخل نہ ہوں گے۔‘ “#3:11 زبُور 95:7-11
12اَے بھائیوں اَور بہنوں، خبردار! تُم میں سے کسی کا اَیسا بُرا اَور بےاِعتقاد دِل نہ ہو، جو زندہ خُدا سے برگشتہ ہو جائے۔ 13بَلکہ جِس روز تک آج کا دِن کہا جاتا ہے، ہر روز ایک دُوسرے کو نصیحت کرتے رہو تاکہ تُم میں سے کویٔی شخص گُناہ کے فریب میں آکر سخت دِل نہ ہو جائے۔ 14کیونکہ ہم المسیح میں شریک ہو چُکے ہیں، بشرطیکہ اَپنے اِبتدائی اُمّید پر آخِر تک مضبُوطی سے قائِم رہیں۔ 15جَیسا کہ مزکورہ کلام میں فرمایا گیا ہے:
”اگر، آج تُم اُس کی آواز سُنو،
تو اَپنے دِلوں کو سخت نہ کرو
جِس طرح بیابان میں بغاوت کے وقت کیا تھا۔“#3:15 زبُور 95:7،8
16وہ لوگ کون تھے جنہوں نے خُدا کی آواز سُن کر بھی بغاوت کی؟ کیا وہ سَب وُہی نہیں تھے جو حضرت مَوشہ کی رہنمائی میں مِصر سے باہر نکلے تھے؟ 17اَور خُدا کِن لوگوں سے چالیس بَرس تک ناراض رہا؟ کیا اُن لوگوں سے نہیں جنہوں نے گُناہ کیا اَور اُن کی لاشیں بیابان میں پڑی رہیں؟ 18اَور جِن کے بارے میں خُدا نے قَسم کھائی کہ جنہوں نے نافرمانی کی تھی وہ میرے آرام میں ہرگز داخل نہ ہونے پائیں گے؟ 19چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ وہ ایمان نہ لانے کی وجہ سے خُدا کے آرام میں داخل نہ ہو سکے۔