YouVersion Logo
تلاش

فِلپّیوں 2

2
یگانگت کی ضرورت
1کیا آپ کے درمیان مسیح میں حوصلہ افزائی، محبت کی تسلی، روح القدس کی رفاقت، نرم دلی اور رحمت پائی جاتی ہے؟ 2اگر ایسا ہے تو میری خوشی اِس میں پوری کریں کہ آپ ایک جیسی سوچ رکھیں اور ایک جیسی محبت رکھیں، ایک جان اور ایک ذہن ہو جائیں۔ 3خود غرض نہ ہوں، نہ باطل عزت کے پیچھے پڑیں بلکہ فروتنی سے دوسروں کو اپنے سے بہتر سمجھیں۔ 4ہر ایک نہ صرف اپنا فائدہ سوچے بلکہ دوسروں کا بھی۔
مسیح کی راہِ صلیب
5وہی سوچ رکھیں جو مسیح عیسیٰ کی بھی تھی۔
6وہ جو اللہ کی صورت پر تھا
نہیں سمجھتا تھا کہ میرا اللہ کے برابر ہونا
کوئی ایسی چیز ہے
جس کے ساتھ زبردستی چمٹے رہنے کی ضرورت ہے۔
7نہیں، اُس نے اپنے آپ کو اِس سے محروم کر کے
غلام کی صورت اپنائی
اور انسانوں کی مانند بن گیا۔
شکل و صورت میں وہ انسان پایا گیا۔
8اُس نے اپنے آپ کو پست کر دیا
اور موت تک تابع رہا،
بلکہ صلیبی موت تک۔
9اِس لئے اللہ نے اُسے سب سے اعلیٰ مقام پر سرفراز کر دیا
اور اُسے وہ نام بخشا جو ہر نام سے اعلیٰ ہے،
10تاکہ عیسیٰ کے اِس نام کے سامنے ہر گھٹنا جھکے،
خواہ وہ گھٹنا آسمان پر، زمین پر یا اِس کے نیچے ہو،
11اور ہر زبان تسلیم کرے کہ عیسیٰ مسیح خداوند ہے۔
یوں خدا باپ کو جلال دیا جائے گا۔
روحانی ترقی کا راز
12میرے عزیزو، جب مَیں آپ کے پاس تھا تو آپ ہمیشہ فرماں بردار رہے۔ اب جب مَیں غیرحاضر ہوں تو اِس کی کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ چنانچہ ڈرتے اور کانپتے ہوئے جاں فشانی کرتے رہیں تاکہ آپ کی نجات تکمیل تک پہنچے۔ 13کیونکہ خدا ہی آپ میں وہ کچھ کرنے کی خواہش پیدا کرتا ہے جو اُسے پسند ہے، اور وہی آپ کو یہ پورا کرنے کی طاقت دیتا ہے۔
14سب کچھ بڑبڑائے اور بحث مباحثہ کئے بغیر کریں 15تاکہ آپ بےالزام اور پاک ہو کر اللہ کے بےداغ فرزند ثابت ہو جائیں، ایسے لوگ جو ایک ٹیڑھی اور اُلٹی نسل کے درمیان ہی آسمان کے ستاروں کی طرح چمکتے دمکتے 16اور زندگی کا کلام تھامے رکھتے ہیں۔ پھر مَیں مسیح کی آمد کے دن فخر کر سکوں گا کہ نہ مَیں رائیگاں دوڑا، نہ بےفائدہ جد و جہد کی۔
17دیکھیں، جو خدمت آپ ایمان سے سرانجام دے رہے ہیں وہ ایک ایسی قربانی ہے جو اللہ کو پسند ہے۔ خدا کرے کہ جو دُکھ مَیں اُٹھا رہا ہوں وہ مَے کی اُس نذر کی مانند ہو جو بیت المُقدّس میں قربانی پر اُنڈیلی جاتی ہے۔ اگر میری نذر واقعی آپ کی قربانی یوں مکمل کرے تو مَیں خوش ہوں اور آپ کے ساتھ خوشی مناتا ہوں۔ 18آپ بھی اِسی وجہ سے خوش ہوں اور میرے ساتھ خوشی منائیں۔
تیمُتھیُس اور اِپَفرُدِتس کو فلپّیوں کے پاس بھیجا جائے گا
19مجھے اُمید ہے کہ اگر خداوند عیسیٰ نے چاہا تو مَیں جلد ہی تیمُتھیُس کو آپ کے پاس بھیج دوں گا تاکہ آپ کے بارے میں خبر پا کر میرا حوصلہ بھی بڑھ جائے۔ 20کیونکہ میرے پاس کوئی اَور نہیں جس کی سوچ بالکل میری جیسی ہے اور جو اِتنی خلوص دلی سے آپ کی فکر کرے۔ 21دوسرے سب اپنے مفاد کی تلاش میں رہتے ہیں اور وہ کچھ نظرانداز کرتے ہیں جو عیسیٰ مسیح کا کام بڑھاتا ہے۔ 22لیکن آپ کو تو معلوم ہے کہ تیمُتھیُس قابلِ اعتماد ثابت ہوا، کہ اُس نے میرا بیٹا بن کر میرے ساتھ اللہ کی خوش خبری پھیلانے کی خدمت سرانجام دی۔ 23چنانچہ اُمید ہے کہ جوں ہی مجھے پتا چلے کہ میرا کیا بنے گا مَیں اُسے آپ کے پاس بھیج دوں گا۔ 24اور میرا خداوند میں ایمان ہے کہ مَیں بھی جلد ہی آپ کے پاس آؤں گا۔
25لیکن مَیں نے ضروری سمجھا کہ اِتنے میں اِپَفرُدِتس کو آپ کے پاس واپس بھیج دوں جسے آپ نے قاصد کے طور پر میری ضروریات پوری کرنے کے لئے میرے پاس بھیج دیا تھا۔ وہ میرا سچا بھائی، ہم خدمت اور ساتھی سپاہی ثابت ہوا۔ 26مَیں اُسے اِس لئے بھیج رہا ہوں کیونکہ وہ آپ سب کا نہایت آرزومند ہے اور اِس لئے بےچین ہے کہ آپ کو اُس کے بیمار ہونے کی خبر مل گئی تھی۔ 27اور وہ تھا بھی بیمار بلکہ مرنے کو تھا۔ لیکن اللہ نے اُس پر رحم کیا، اور نہ صرف اُس پر بلکہ مجھ پر بھی تاکہ میرے دُکھ میں اضافہ نہ ہو جائے۔ 28اِس لئے مَیں اُسے اَور جلدی سے آپ کے پاس بھیجوں گا تاکہ آپ اُسے دیکھ کر خوش ہو جائیں اور میری پریشانی بھی دُور ہو جائے۔ 29چنانچہ خداوند میں بڑی خوشی سے اُس کا استقبال کریں۔ اُس جیسے لوگوں کی عزت کریں، 30کیونکہ وہ مسیح کے کام کے باعث مرنے کی نوبت تک پہنچ گیا تھا۔ اُس نے اپنی جان خطرے میں ڈال دی تاکہ آپ کی جگہ میری وہ خدمت کرے جو آپ نہ کر سکے۔

موجودہ انتخاب:

فِلپّیوں 2: URDGVU

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in

YouVersion آپ کے تجربے کو ذاتی بنانے کے لیے کوکیز کا استعمال کرتا ہے۔ ہماری ویب سائٹ کا استعمال کرتے ہوئے، آپ ہماری کوکیز کے استعمال کو قبول کرتے ہیں جیسا کہ ہماری رازداری کی پالیسیمیں بیان کیا گیا ہے۔