۲-تِھسّلُنیکیوں 1

1
1یہ خط پولس، سلوانس اور تیمُتھیُس کی طرف سے ہے۔
ہم تِھسّلُنیکیوں کی جماعت کو لکھ رہے ہیں، اُنہیں جو اللہ ہمارے باپ اور خداوند عیسیٰ مسیح پر ایمان لائے ہیں۔
2خدا ہمارا باپ اور خداوند عیسیٰ مسیح آپ کو فضل اور سلامتی بخشیں۔
مسیح کی آمد پر عدالت
3بھائیو، واجب ہے کہ ہم ہر وقت آپ کے لئے خدا کا شکر کریں۔ ہاں، یہ موزوں ہے، کیونکہ آپ کا ایمان حیرت انگیز ترقی کر رہا ہے اور آپ سب کی ایک دوسرے سے محبت بڑھ رہی ہے۔ 4یہی وجہ ہے کہ ہم اللہ کی دیگر جماعتوں میں آپ پر فخر کرتے ہیں۔ ہاں، ہم فخر کرتے ہیں کہ آپ اِن دنوں میں کتنی ثابت قدمی اور ایمان دکھا رہے ہیں حالانکہ آپ بہت ایذا رسانیاں اور مصیبتیں برداشت کر رہے ہیں۔
5یہ سب کچھ ثابت کرتا ہے کہ اللہ کی عدالت راست ہے، اور نتیجے میں آپ اُس کی بادشاہی کے لائق ٹھہریں گے، جس کے لئے آپ اب دُکھ اُٹھا رہے ہیں۔ 6اللہ وہی کچھ کرے گا جو راست ہے۔ وہ اُنہیں مصیبتوں میں ڈال دے گا جو آپ کو مصیبت میں ڈال رہے ہیں، 7اور آپ کو جو مصیبت میں ہیں ہمارے سمیت آرام دے گا۔ وہ یہ اُس وقت کرے گا جب خداوند عیسیٰ اپنے قوی فرشتوں کے ساتھ آسمان پر سے آ کر ظاہر ہو گا 8اور بھڑکتی ہوئی آگ میں اُنہیں سزا دے گا جو نہ اللہ کو جانتے ہیں، نہ ہمارے خداوند عیسیٰ کی خوش خبری کے تابع ہیں۔ 9ایسے لوگ ابدی ہلاکت کی سزا پائیں گے، وہ ہمیشہ تک خداوند کی حضوری اور اُس کی جلالی قدرت سے دُور ہو جائیں گے۔ 10لیکن اُس دن خداوند اِس لئے بھی آئے گا کہ اپنے مُقدّسین میں جلال پائے اور تمام ایمان داروں میں حیرت کا باعث ہو۔ آپ بھی اُن میں شامل ہوں گے، کیونکہ آپ اُس پر ایمان لائے جس کی گواہی ہم نے آپ کو دی۔
11یہ پیشِ نظر رکھ کر ہم لگاتار آپ کے لئے دعا کرتے ہیں۔ ہمارا خدا آپ کو اُس بُلاوے کے لائق ٹھہرائے جس کے لئے آپ کو بُلایا گیا ہے۔ اور وہ اپنی قدرت سے آپ کی نیکی کرنے کی ہر خواہش اور آپ کے ایمان کا ہر کام تکمیل تک پہنچائے۔ 12کیونکہ اِس طرح ہی ہمارے خداوند عیسیٰ کا نام آپ میں جلال پائے گا اور آپ بھی اُس میں جلال پائیں گے، اُس فضل کے مطابق جو ہمارے خدا اور خداوند عیسیٰ مسیح نے آپ کو دیا ہے۔

موجودہ انتخاب:

۲-تِھسّلُنیکیوں 1: URDGVU

سرخی

شئیر

کاپی

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion آپ کے تجربے کو ذاتی بنانے کے لیے کوکیز کا استعمال کرتا ہے۔ ہماری ویب سائٹ کا استعمال کرتے ہوئے، آپ ہماری کوکیز کے استعمال کو قبول کرتے ہیں جیسا کہ ہماری رازداری کی پالیسیمیں بیان کیا گیا ہے۔