YouVersion Logo
Search Icon

عِبرانیوں 1

1
خُدا کا کلام اُس کے بیٹے کے وسِیلہ سے
1اگلے زمانہ میں خُدا نے باپ دادا سے حِصّہ بہ حِصّہ اور طرح بہ طرح نبِیوں کی معرفت کلام کر کے۔ 2اِس زمانہ کے آخِر میں ہم سے بیٹے کی معرفت کلام کِیا جِسے اُس نے سب چِیزوں کا وارِث ٹھہرایا اور جِس کے وسِیلہ سے اُس نے عالَم بھی پَیدا کِئے۔ 3وہ اُس کے جلال کا پرتَو اور اُس کی ذات کا نقش ہو کر سب چِیزوں کو اپنی قُدرت کے کلام سے سنبھالتا ہے۔ وہ گُناہوں کو دھو کر عالَمِ بالا پر کِبریا کی دہنی طرف جا بَیٹھا۔
خُدا کے بیٹے کی عظمت
4اور فرِشتوں سے اِسی قدر بزُرگ ہو گیا جِس قدر اُس نے مِیراث میں اُن سے افضل نام پایا۔ 5کیونکہ فرِشتوں میں سے اُس نے کب کِسی سے کہا کہ
تُو میرا بیٹا ہے۔
آج تُو مُجھ سے پَیدا ہُؤا؟
اور پِھر یہ کہ
مَیں اُس کا باپ ہُوں گا
اور وہ میرا بیٹا ہو گا؟
6اور جب پہلوٹھے کو دُنیا میں پِھر لاتا ہے تو کہتا ہے کہ
خُدا کے سب فرِشتے اُسے سِجدہ کریں۔
7اور فرِشتوں کی بابت یہ کہتا ہے کہ
وہ اپنے فرِشتوں کو ہوائیں
اور اپنے خادِموں کو آگ کے شُعلے بناتا ہے۔
8مگر بیٹے کی بابت کہتا ہے کہ
اَے خُدا تیرا تخت ابدُالآباد رہے گا
اور تیری بادشاہی کا عصا راستی کا عصا ہے۔
9تُو نے راست بازی سے مُحبّت
اور بدکاری سے عداوت رکھّی۔
اِسی سبب سے خُدا یعنی تیرے خُدا نے خُوشی کے تیل سے
تیرے ساتِھیوں کی بہ نِسبت تُجھے زِیادہ مَسح کِیا۔
10اور یہ کہ
اَے خُداوند! تُو نے اِبتدا میں زمِین کی نیو ڈالی
اور آسمان تیرے ہاتھ کی کارِیگری ہیں۔
11وہ نیست ہو جائیں گے
مگر تُو باقی رہے گا
اور وہ سب پَوشاک کی مانِند پُرانے ہو جائیں گے۔
12تُو اُنہیں چادر کی طرح لپیٹے گا
اور وہ پَوشاک کی طرح بدل جائیں گے
مگر تُو وُہی ہے
اور تیرے برس ختم نہ ہوں گے۔
13لیکن اُس نے فرِشتوں میں سے کِسی کے بارے میں کب کہا کہ
تُو میری دہنی طرف بَیٹھ
جب تک مَیں تیرے دُشمنوں کو
تیرے پاؤں تَلے کی چَوکی نہ کر دُوں؟
14کیا وہ سب خِدمت گُذار رُوحیں نہیں جو نجات کی مِیراث پانے والوں کی خاطِر خِدمت کو بھیجی جاتی ہیں؟

Currently Selected:

عِبرانیوں 1: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy