YouVersion Logo
Search Icon

کُلسِیوں 1

1
1یہ خط پولس کی طرف سے ہے جو اللہ کی مرضی سے مسیح عیسیٰ کا رسول ہے۔ ساتھ ہی یہ بھائی تیمُتھیُس کی طرف سے بھی ہے۔
2مَیں کُلُسّے شہر کے مُقدّس بھائیوں کو لکھ رہا ہوں جو مسیح پر ایمان لائے ہیں:
خدا ہمارا باپ آپ کو فضل اور سلامتی بخشے۔
شکرگزاری کی دعا
3جب ہم آپ کے لئے دعا کرتے ہیں تو ہر وقت خدا اپنے خداوند عیسیٰ مسیح کے باپ کا شکر کرتے ہیں، 4کیونکہ ہم نے آپ کے مسیح عیسیٰ پر ایمان اور آپ کی تمام مُقدّسین سے محبت کے بارے میں سن لیا ہے۔ 5آپ کا یہ ایمان اور محبت وہ کچھ ظاہر کرتے ہیں جس کی آپ اُمید رکھتے ہیں اور جو آسمان پر آپ کے لئے محفوظ رکھا گیا ہے۔ اور آپ نے یہ اُمید اُس وقت سے رکھی ہے جب سے آپ نے پہلی مرتبہ سچائی کا کلام یعنی اللہ کی خوش خبری سنی۔ 6یہ پیغام جو آپ کے پاس پہنچ گیا پوری دنیا میں پھل لا رہا اور بڑھ رہا ہے، بالکل اُسی طرح جس طرح یہ آپ میں بھی اُس دن سے کام کر رہا ہے جب آپ نے پہلی بار اِسے سن کر اللہ کے فضل کی پوری حقیقت سمجھ لی۔ 7آپ نے ہمارے عزیز ہم خدمت اِپَفراس سے اِس خوش خبری کی تعلیم پا لی تھی۔ مسیح کا یہ وفادار خادم ہماری جگہ آپ کی خدمت کر رہا ہے۔ 8اُسی نے ہمیں آپ کی اُس محبت کے بارے میں بتایا جو روح القدس نے آپ کے دلوں میں ڈال دی ہے۔
9اِس وجہ سے ہم آپ کے لئے دعا کرنے سے باز نہیں آئے بلکہ یہ مانگتے رہتے ہیں کہ اللہ آپ کو ہر روحانی حکمت اور سمجھ سے نواز کر اپنی مرضی کے علم سے بھر دے۔ 10کیونکہ پھر ہی آپ اپنی زندگی خداوند کے لائق گزار سکیں گے اور ہر طرح سے اُسے پسند آئیں گے۔ ہاں، آپ ہر قسم کا اچھا کام کر کے پھل لائیں گے اور اللہ کے علم و عرفان میں ترقی کریں گے۔ 11اور آپ اُس کی جلالی قدرت سے ملنے والی ہر قسم کی قوت سے تقویت پا کر ہر وقت ثابت قدمی اور صبر سے چل سکیں گے۔ آپ خوشی سے 12باپ کا شکر کریں گے جس نے آپ کو اُس میراث میں حصہ لینے کے لائق بنا دیا جو اُس کے روشنی میں رہنے والے مُقدّسین کو حاصل ہے۔ 13کیونکہ وہی ہمیں تاریکی کے اختیار سے رِہائی دے کر اپنے پیارے فرزند کی بادشاہی میں لایا، 14اُس واحد شخص کے اختیار میں جس نے ہمارا فدیہ دے کر ہمارے گناہوں کو معاف کر دیا۔
مسیح کی شخصیت اور کام
15اللہ کو دیکھا نہیں جا سکتا، لیکن ہم مسیح کو دیکھ سکتے ہیں جو اللہ کی صورت اور کائنات کا پہلوٹھا ہے۔ 16کیونکہ اللہ نے اُسی میں سب کچھ خلق کیا، خواہ آسمان پر ہو یا زمین پر، آنکھوں کو نظر آئے یا نہ، خواہ شاہی تخت، قوتیں، حکمران یا اختیار والے ہوں۔ سب کچھ مسیح کے ذریعے اور اُسی کے لئے خلق ہوا۔ 17وہی سب چیزوں سے پہلے ہے اور اُسی میں سب کچھ قائم رہتا ہے۔ 18اور وہ بدن یعنی اپنی جماعت کا سر بھی ہے۔ وہی ابتدا ہے، اور چونکہ پہلے وہی مُردوں میں سے جی اُٹھا اِس لئے وہی اُن میں سے پہلوٹھا بھی ہے تاکہ وہ سب باتوں میں اوّل ہو۔ 19کیونکہ اللہ کو پسند آیا کہ مسیح میں اُس کی پوری معموری سکونت کرے 20اور وہ مسیح کے ذریعے سب باتوں کی اپنے ساتھ صلح کرا لے، خواہ وہ زمین کی ہوں خواہ آسمان کی۔ کیونکہ اُس نے مسیح کے صلیب پر بہائے گئے خون کے وسیلے سے صلح سلامتی قائم کی۔
21آپ بھی پہلے اللہ کے سامنے اجنبی تھے اور دشمن کی سی سوچ رکھ کر بُرے کام کرتے تھے۔ 22لیکن اب اُس نے مسیح کے انسانی بدن کی موت سے آپ کے ساتھ صلح کر لی ہے تاکہ وہ آپ کو مُقدّس، بےداغ اور بےالزام حالت میں اپنے حضور کھڑا کرے۔ 23بےشک اب ضروری ہے کہ آپ ایمان میں قائم رہیں، کہ آپ ٹھوس بنیاد پر مضبوطی سے کھڑے رہیں اور اُس خوش خبری کی اُمید سے ہٹ نہ جائیں جو آپ نے سن لی ہے۔ یہ وہی پیغام ہے جس کی منادی دنیا میں ہر مخلوق کے سامنے کر دی گئی ہے اور جس کا خادم مَیں پولس بن گیا ہوں۔
جماعت کے خادم کی حیثیت سے پولس کی خدمت
24اب مَیں اُن دُکھوں کے باعث خوشی مناتا ہوں جو مَیں آپ کی خاطر اُٹھا رہا ہوں۔ کیونکہ مَیں اپنے جسم میں مسیح کے بدن یعنی اُس کی جماعت کی خاطر مسیح کی مصیبتوں کی وہ کمیاں پوری کر رہا ہوں جو اب تک رہ گئی ہیں۔ 25ہاں، اللہ نے مجھے اپنی جماعت کا خادم بنا کر یہ ذمہ داری دی کہ مَیں آپ کو اللہ کا پورا کلام سنا دوں، 26وہ راز جو ازل سے تمام گزری نسلوں سے پوشیدہ رہا تھا لیکن اب مُقدّسین پر ظاہر کیا گیا ہے۔ 27کیونکہ اللہ چاہتا تھا کہ وہ جان لیں کہ غیریہودیوں میں یہ راز کتنا بیش قیمت اور جلالی ہے۔ اور یہ راز ہے کیا؟ یہ کہ مسیح آپ میں ہے۔ وہی آپ میں ہے جس کے باعث ہم اللہ کے جلال میں شریک ہونے کی اُمید رکھتے ہیں۔ 28یوں ہم سب کو مسیح کا پیغام سناتے ہیں۔ ہر ممکنہ حکمت سے ہم اُنہیں سمجھاتے اور تعلیم دیتے ہیں تاکہ ہر ایک کو مسیح میں کامل حالت میں اللہ کے حضور پیش کریں۔ 29یہی مقصد پورا کرنے کے لئے مَیں سخت محنت کرتا ہوں۔ ہاں، مَیں پوری جد و جہد کر کے مسیح کی اُس قوت کا سہارا لیتا ہوں جو بڑے زور سے میرے اندر کام کر رہی ہے۔

Currently Selected:

کُلسِیوں 1: URDGVU

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy