YouVersion Logo
Search Icon

حجَّی 1

1
ہَیکل کی تعمِیرنَو کے لِئے خُداوند کا حُکم
1دارا بادشاہ کی سلطنت کے دُوسرے برس کے چھٹے مہِینے کی پہلی تارِیخ کو یہُوداؔہ کے ناظِم زرُبّاؔبل بِن سیالتی ایل اور سردار کاہِن یشُوع بِن یہُوصدؔق کو حجَّی نبی کی معرفت خُداوند کا کلام پُہنچا۔
2کہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ یہ لوگ کہتے ہیں ابھی خُداوند کے گھر کی تعمِیر کا وقت نہیں آیا۔ 3تب خُداوند کا کلام حجَّی نبی کی معرفت پُہنچا۔ 4کہ کیا تُمہارے لِئے مُسقّف گھروں میں رہنے کا وقت ہے جب کہ یہ گھر وِیران پڑا ہے؟ 5اور اب ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ تُم اپنی روِش پر غَور کرو۔ 6تُم نے بُہت سا بویا پر تھوڑا کاٹا۔ تُم کھاتے ہو پر آسُودہ نہیں ہوتے۔ تُم پِیتے ہو پر پیاس نہیں بجُھتی۔ تُم کپڑے پہِنتے ہو پر گرم نہیں ہوتے اور مزدُور اپنی مزدُوری سُوراخدار تَھیلی میں جمع کرتا ہے۔ 7ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ اپنی روِش پر غَور کرو۔ 8پہاڑوں سے لکڑی لا کر یہ گھر تعمِیر کرو اور مَیں اِس سے خُوش ہُوں گا اور میری تمجِید ہو گی خُداوند فرماتا ہے۔
9تُم نے بُہت کی اُمّید رکھّی اور دیکھو تھوڑا مِلا اور جب تُم اُسے اپنے گھر میں لائے تو مَیں نے اُسے اُڑا دِیا۔ ربُّ الافواج فرماتا ہے کیوں؟ اِس لِئے کہ میرا گھر وِیران ہے اور تُم میں سے ہر ایک اپنے گھر کو دَوڑا چلا جاتا ہے۔ 10اِس لِئے نہ آسمان سے اوس گِرتی ہے اور نہ زمِین اپنا حاصِل دیتی ہے۔ 11اور مَیں نے خُشک سالی کو طلب کِیا کہ مُلک اور پہاڑوں پر اور اناج اور نئی مَے اور تیل اور زمِین کی سب پَیداوار پر اور اِنسان و حَیوان پر اور ہاتھ کی ساری مِحنت پر آئے۔
لوگ خُداوند کے حُکم کی تعمِیل کرتے ہیں
12تب زرُبّاؔبل بِن سیالتی ایل اور سردار کاہِن یشُوع بِن یہُوصدؔق اور لوگوں کا سب بقِیّہ خُداوند اپنے خُدا کے کلام اور اُس کے بھیجے ہُوئے حجَّی نبی کی باتوں کے شِنوا ہُوئے اور لوگ خُداوند کے حضُور ترسان ہُوئے۔ 13تب خُداوند کے پَیغمبر حجَّی نے خُداوند کا پَیغام اُن لوگوں کو سُنایا کہ خُداوند فرماتا ہے مَیں تُمہارے ساتھ ہُوں۔ 14پِھر خُداوند نے یہُوداؔہ کے ناظِم زرُبّاؔبل بِن سیالتی ایل کی اور سردار کاہِن یشُوع بِن یہُوصدؔق کی اور لوگوں کے بقِیّہ کی رُوح کو ترغِیب دی۔ پس وہ آ کر ربُّ الافواج اپنے خُدا کے گھر کی تعمِیر میں مشغُول ہُوئے۔ 15اور یہ واقعہ دارا بادشاہ کی سلطنت کے دُوسرے برس کے چھٹے مہِینے کی چَوبِیسوِیں تارِیخ کا ہے۔

Currently Selected:

حجَّی 1: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy