YouVersion Logo
Search Icon

عبرانیوں 1

1
اللہ کا اپنے فرزند کے ذریعے کلام
1ماضی میں اللہ مختلف موقعوں پر اور کئی طریقوں سے ہمارے باپ دادا سے ہم کلام ہوا۔ اُس وقت اُس نے یہ نبیوں کے وسیلے سے کیا 2لیکن اِن آخری دنوں میں وہ اپنے فرزند کے وسیلے سے ہم سے ہم کلام ہوا، اُسی کے وسیلے سے جسے اُس نے سب چیزوں کا وارث بنا دیا اور جس کے وسیلے سے اُس نے کائنات کو بھی خلق کیا۔ 3فرزند اللہ کا شاندار جلال منعکس کرتا اور اُس کی ذات کی عین شبیہ#1‏:3 شبیہ: یا نقش۔ ہے۔ وہ اپنے قوی کلام سے سب کچھ سنبھالے رکھتا ہے۔ جب وہ دنیا میں تھا تو اُس نے ہمارے لئے گناہوں سے پاک صاف ہو جانے کا انتظام قائم کیا۔ اِس کے بعد وہ آسمان پر قادرِ مطلق کے دہنے ہاتھ جا بیٹھا۔
اللہ کے فرزند کی عظمت
4فرزند فرشتوں سے کہیں عظیم ہے، اِتنا جتنا اُس کا میراث میں پایا ہوا نام اُن کے ناموں سے عظیم ہے۔ 5کیونکہ اللہ نے کس فرشتے سے کبھی کہا،
”تُو میرا فرزند ہے،
آج مَیں تیرا باپ بن گیا ہوں۔“
یہ بھی اُس نے کسی فرشتے کے بارے میں کبھی نہیں کہا،
”مَیں اُس کا باپ ہوں گا
اور وہ میرا فرزند ہو گا۔“
6اور جب اللہ اپنے پہلوٹھے فرزند کو آسمانی دنیا میں لاتا ہے تو وہ فرماتا ہے،
”اللہ کے تمام فرشتے اُس کی پرستش کریں۔“
7فرشتوں کے بارے میں وہ فرماتا ہے،
”وہ اپنے فرشتوں کو ہَوائیں
اور اپنے خادموں کو آگ کے شعلے بنا دیتا ہے۔“
8لیکن فرزند کے بارے میں وہ کہتا ہے،
”اے خدا، تیرا تخت ازل سے ابد تک قائم و دائم رہے گا،
اور انصاف کا شاہی عصا تیری بادشاہی پر حکومت کرے گا۔
9تُو نے راست بازی سے محبت
اور بےدینی سے نفرت کی،
اِس لئے اللہ تیرے خدا نے تجھے خوشی کے تیل سے مسح کر کے
تجھے تیرے ساتھیوں سے کہیں زیادہ سرفراز کر دیا۔“
10وہ یہ بھی فرماتا ہے،
”اے رب، تُو نے ابتدا میں دنیا کی بنیاد رکھی،
اور تیرے ہی ہاتھوں نے آسمانوں کو بنایا۔
11یہ تو تباہ ہو جائیں گے،
لیکن تُو قائم رہے گا۔
یہ سب لباس کی طرح گھس پھٹ جائیں گے
12اور تُو اِنہیں چادر کی طرح لپیٹے گا،
پرانے کپڑے کی طرح یہ بدلے جائیں گے۔
لیکن تُو وہی کا وہی رہتا ہے،
اور تیری زندگی کبھی ختم نہیں ہوتی۔“
13اللہ نے کبھی بھی اپنے کسی فرشتے سے یہ بات نہ کہی،
”میرے دہنے ہاتھ بیٹھ،
جب تک مَیں تیرے دشمنوں کو
تیرے پاؤں کی چوکی نہ بنا دوں۔“
14پھر فرشتے کیا ہیں؟ وہ تو سب خدمت گزار روحیں ہیں جنہیں اللہ اُن کی خدمت کرنے کے لئے بھیج دیتا ہے جنہیں میراث میں نجات پانی ہے۔

Currently Selected:

عبرانیوں 1: URDGVU

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy